لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذات پر مبنی مردم شماری کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کانگریس اور انڈیا بلاک کا ملک سے وعدہ ہے کہ وہ ہر حال میں ذات پر مبنی مردم شماری کر کے دلھائیں گے۔ اتنا ہی نہیں، ریزرویشن کی حد کو 50 فیصد سے زیادہ کرنے کا عزم بھی راہل گاندھی نے ظاہر کیا۔ انھوں نے جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کے ذریعہ قبائلیوں کو 28 فیصد، دلتوں کو 12 فیصد اور پسماندہ طبقہ کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ بھی دہرایا۔
Published: undefined
جھارکھنڈ کے دھنباد میں عظیم الشان جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں تقریباً 50 فیصد او بی سی، 15 فیصد دلت، 8 فیصد قبائلی طبقہ کے لوگ ہیں۔ لیکن ان طبقات کی ملک میں کوئی شراکت داری نہیں ہے۔ اس حالات کو بدلنے کا سب سے بہتر طریقہ ذات پر مبنی مردم شماری ہے۔ اس سے ملک کو پتہ لگ جائے گا کہ پسماندہ، قبائلی اور دلت کی تعداد کتنی ہے۔ ملک کی دولت کس طرح تقسیم ہوئی ہے۔ سرکاری اداروں میں کسی طبقہ کی کتنی شراکت داری ہے۔ ذات پر مبنی مردم شماری ہوتے ہی ہندوستان میں سیاسی انقلاب شروع ہو جائے گا۔
Published: undefined
عوام کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر صرف چنندہ صنعت کاروں کے لیے کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک بار نریندر مودی کو دیکھا جب وہ تار کے پیچھے کھڑے غریب بچوں سے جھجک کر مل رہے تھے۔ ہندوستان کے وزیر اعظم غریبوں، کسانوں، دلتوں، پسماندوں، قبائلیوں کے پاس جاتے ہی نہیں ہیں۔ وہ صرف اڈانی-امبانی کے پاس جاتے ہیں۔ وہ کبھی کسی غریب کے یہاں شادی میں نہیں گئے، لیکن امبانی کے بیٹے کی شادی میں چلے گئے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ آپ (عوام) کے نہیں ہیں، وہ ان (چنندہ صنعت کاروں) کے ہیں۔
Published: undefined
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ آج کی حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان میں نوجوان اور خواتین تکلیف میں ہیں۔ ملک کے نوجوان بے روزگاری کے سبب غمگین ہیں اور خواتین مہنگائی سے غمگین ہیں۔ مودی جی صرف بڑی بڑی تقریریں کرتے ہیں، کرتے کچھ نہیں ہیں۔ نریندر مودی نے ہر چیز پر جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔ ٹیکس کا پورا ڈھانچہ ملک کے غریب لوگوں سے پیسہ لینے کا طریقہ ہے۔ راہل گاندھی یہ بھی کہتے ہیں کہ اس لوک سبھا انتخاب میں مرکز میں انڈیا بلاک کی حکومت نہیں بنی، لیکن آنے والے وقت میں انڈیا بلاک اور کانگریس کی حکومت آئے گی۔ یہ کسانوں، مزدوروں، چھوٹے کاروباری، غریبوں کی مدد کرنے والی حکومت ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined