علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے طلبا کا شہریت قانون کے خلاف زبردست مظاہرہ گزشتہ کچھ دنوں سے جاری ہے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر دہلی پولس کی بربریت کے بعد اے ایم یو طلبا کا احتجاج مزید بڑھ گیا ہے۔ اتوار کی شب طلبا اور پولس کے درمیان تصادم کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں اور میڈیا ذرائع کے مطابق جہاں ایک طرف طلبا نے پولس پر پتھراؤ کیا وہیں پولس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے کا استعمال کیا۔
Published: 16 Dec 2019, 10:11 AM IST
اس درمیان اتر پردیش کے ڈی جی پی نے اے ایم یو کیمپس جلد سے جلد خالی کرائے جانے کی بات کہی ہے۔ ایک انگریزی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی او پی سنگھ نے کہا کہ ’’آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی احاطہ کو خالی کرا دیا جائے گا۔ سبھی طالب علم کو گھر بھیجنے کی تیاری کی گئی ہے۔‘‘ یو پی پولس کا الزام ہے کہ طلبا نے ان پر پتھراؤ کیا جس کے بعد ہی پولس نے کارروائی کرتے ہوئے آنسو گیس کے گولے کا استعمال کیا۔ ان ہنگاموں کے بیچ احتیاطاً یونیورسٹی کو 5 جنوری تک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق سبھی امتحانات بھی فی الحال ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ یہ جانکاری اے ایم یو کے رجسٹرار عبدالحامد نے دی۔ انھوں نے کہا کہ ’’موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نے 5 جنوری تک سرمائی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ امتحانات اس کے بعد کرائے جائیں گے۔‘‘
Published: 16 Dec 2019, 10:11 AM IST
قابل ذکر ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر دہلی پولس کے ذریعہ لاٹھی چارج کیے جانے کی خبروں کے بعد اے ایم یو کے طلبا مشتعل ہو گئے تھے۔ دہلی پولس کی کارروائی کے خلاف انھوں نے اے ایم یو کیمپس میں مارچ نکالا۔ طلبا یونیورسٹی کیمپس سے باہر جانا چاہتے تھے لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بعد ازاں طلبا اور پولس کے درمیان تنازعہ بڑھ گیا۔ پھر پتھراؤ اور لاٹھی چارج شروع ہو گئی جس میں تقریباً 60 طالب علم کے ساتھ ساتھ 10 پولس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ پولس نے کچھ طلبا کو حراست میں بھی لیا جنھیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔ زیادہ تر طلبا آنسو گیس کے گولے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔
Published: 16 Dec 2019, 10:11 AM IST
شہریت قانون کے خلاف جاری طلبا احتجاج کو دیکھتے ہوئے علی گڑھ، سہارنپور و میرٹھ میں انٹرنیٹ خدمات کو بند کر دیا گیا ہے۔ علی گڑھ ضلع مجسٹریٹ چندر بھوشن سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ’’علی گڑھ شہر میں انٹرنیٹ خدمات 15 دسمبر کی شب 10 بجے سے 16 دسمبر کی شب 10 بجے تک کے لیے بند کیا گیا ہے۔ یہ احتیاطی قدم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء کے مظاہروں کو دیکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔‘‘ میرٹھ کے ضلع مجسٹریٹ نے اپنے بیان میں 15 دسمبر کی 12 بجے شب سے 16 دسمبر کی 12 بجے شب تک علاقے میں انٹرنیٹ بند کیے جانے کی بات کہی ہے۔ اسی طرح سہارنپور کے ضلع مجسٹریٹ نے 15 دسمبر کی شب 12 بجے انٹرنیٹ بند کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ صورت حال بہتر ہونے پر انٹرنیٹ کی بحالی سے متعلق حکم جاری کیا جائے گا۔
Published: 16 Dec 2019, 10:11 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Dec 2019, 10:11 AM IST
تصویر: پریس ریلیز