نئی دہلی: نیٹ یو جی کا پرچہ لیک ہونے اور پھر یو جی سی نیٹ امتحان کی منسوخی کو لے کر پورے ملک بھر میں جاری ہنگامہ آرائی کے درمیان حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پیپر لیک کو روکنے کے لیے سخت قانون نافذ کر دیا ہے۔ مرکزی حکومت نے 'عوامی امتحان (نامناسب طریقوں کی روک تھام) قانون، 2024' کو مطلع کیا ہے، جس کا کا مقصد مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک اور نقل پر لگام لگانا ہے۔
Published: undefined
خیال رہے کہ اس قانون کو مرکزی حکومت نے اس سال فروری میں منظور کر لیا گیا تھا اور اسے ہفتہ (22 جون) سے نافذ کر دیا ہے۔ اس قانون کے تحت مجرموں کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور ایک کروڑ روپے تک کے جرمانے کا التزام ہے۔ عوامی امتحان قانون کو ایک ایسے وقت میں نافذ کیا گیا ہے جب مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے پوچھا گیا تھا کہ اسے کب نافذ کیا جائے گا، تو وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ وزارت اس کے حوالہ سے اصول و ضوابط مرتب کر رہی ہے۔
Published: undefined
ایک کروڑ تک جرمانہ کے التزام والے اس قانون میں یہ شق بھی موجود ہے کہ اگر کوئی ادارہ منظم پیپر لیک کے جرم میں ملوث پایا گیا تو اس کے اثاثے ضبط کر لئے جائیں گے اور امتحان کی لاگت بھی اس ادارے سے وصول کی جائے گی۔ تاہم، یہ قانون امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کو تعزیری دفعات سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ امتحان کے دوران اگر کوئی امیدوار نامناسب طریقہ استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف امتحانی ادارے کی دفعات کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Published: undefined
اینٹی پیپر لیک قانون جن نامناسب طریقوں پر پابندی عائد کرتا ہے، ان میں پیپر یا آنسر کی لیک کرنا، امتحان کے دوران امیدواروں کی غیر مجاز مواصلت کے ذریعے مدد کرنا، کمپیوٹر نیٹ ورک یا دیگر آلات سے چھیڑ چھاڑ کرنا، امیدوار کی جگہ کسی اور شخص کا امتحان میں بیٹھنا، جعلی امتحانات کا انعقاد، امتحانی فہرست یا رینک سے متعلق جعلی دستاویزات جاری کرنا اور میرٹ دستاویزات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنا شامل ہیں۔
Published: undefined
عوامی امتحان (نامناسب طریقوں کی روک تھام) ایکٹ 2024 کے دائرے میں آنے والے جرائم ناقابل ضمانت ہوں گے۔ ایکٹ کے تحت کسی بھی جرم کی تفتیش ڈی ایس پی (ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس) یا اے سی پی (اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس) کے رینک کا افسر ہی کر سکے گا۔ مزید برآں، مرکزی حکومت کو کسی بھی تحقیقات کو مرکزی ایجنسی کے حوالے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی)، اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی)، ریلوے، بینکنگ بھرتی کے امتحانات اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعہ کمپیوٹر پر مبنی تمام امتحانات اس ایکٹ کے دائرے میں ہوں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined