قومی خبریں

یوگی راج میں امریکی خاتون صحافی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، خوفزدہ صحافی نے لیا وطن واپسی کا فیصلہ

جس امریکی خاتون صحافی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا واقعہ پیش آیا اس کی عمر 38 سال ہے۔ ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کا نام نشانت ہے اور اسی سوسائٹی میں رہتا ہے جہاں متاثرہ خاتون صحافی رہائش پذیر ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھلے ہی ریاست میں جرائم کے واقعات کم ہونے کا ڈھنڈورا پیٹتے رہیں لیکن ہمیشہ کچھ نہ کچھ ایسا ضرور سرزد ہو جاتا ہے جس کے بعد حقیقت سے پردہ ہٹ جاتا ہے۔ غازی آباد کے اندرا پورم میں گزشتہ دنوں شپرا سن سٹی میں کچھ ایسا شرمناک واقعہ پیش آیا جس نے بی جے پی حکومت میں نظامِ قانون کو ایک بار پھر کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ 29 مارچ کو ایک امریکی خاتون صحافی کے ساتھ نہ صرف چھیڑ چھاڑ کا واقعہ پیش آیا بلکہ اس کی زبردست پٹائی بھی کی گئی۔

خبروں کے مطابق جس امریکی خاتون صحافی کی پٹائی ہوئی ہے اس کی عمر 38 سال ہے۔ ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کا نام نشانت کوشک ہے اور اسی سوسائٹی میں رہتا ہے جہاں متاثرہ خاتون صحافی رہائش پذیر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نشانت کوشک نے 29 مارچ کی رات تقریباً 10 بجے اپنی کار سے ایک گھنٹے تک خاتون صحافی کا پیچھا کر اسے پریشان کیا۔ ملزم نے پہلے کچھ دیر خاتون کا پیچھا کیا اور پھر نازیبا الفاظ کی ادائیگی شروع کر دی۔ اس کے بعد خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ پولس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ خاتون صحافی اپنی ایک بہن کے ساتھ غازی آباد میں رہتی ہے اور دونوں ہی صحافی پیشہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ دونوں 2019 کے شروع میں ہی ہندوستان آئی ہیں تاکہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات پر رپورٹنگ کر سکیں۔ حالانکہ اس واقعہ سے متاثرہ خاتون صحافی بری طرح خوفزدہ ہے اور اس نے امریکہ واپس لوٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

Published: undefined

متاثرہ خاتون صحافی کی بہن نے واقعہ کے تعلق سے میڈیا کو بتایا کہ ملزم نے اپنی کار سے ان کی بہن کا پیچھا کرنا شروع کیا۔ اس کے بعد بہن ملزم کو نظر انداز کرتے ہوئے سائیکل رکشہ میں جا کر بیٹھ گئی۔ لیکن اس دوران بھی ملزم اپنی گاڑی سے بہن کا پیچھا کرتا رہا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم نے تقریباً 50 منٹ تک اس کا پیچھا کیا۔ اس دوران ملزم نے کئی بار ان کا رکشہ روکنے کی کوشش بھی کی۔ پھر جب متاثرہ نے ملزم کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی۔

بہر حال، اندراپورم پولس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کی شکایت پر ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 354 ڈی (خاتون کو بے عزت کرنے کے ارادے سے حملہ یا مجرمانہ طاقت کا استعمال) اور 509 کے تحت اندرا پورم پولس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے۔ ملزم کو گرفتار کر جیل بھیج دیا گیا ہے اور کار بھی پولس کے ذریعہ ضبط کر لی گئی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined