انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو ان کی صدارت کے دوران دہلی وقف بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 29 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کے لیے کہا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی مرکزی ایجنسی نے امانت اللہ خان سے تقریباً 13 گھنٹے کی تفتیش کی تھی، جبکہ عدالت نے گزشتہ روز ہی انہیں ای ڈی کی جانب سے درج شکایت میں ضمانت دی تھی۔
Published: undefined
خبروں کے مطابق ای ڈی نے عآپ ایم ایل اے کو 29 اپریل کو پیش ہونے اور منی لانڈرنگ کی روک تھام قانون (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے کہا ہے۔ اسی سے متعلق ایک معاملے میں دہلی کی ایک عدالت نے امانت اللہ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ سمن کو نظر انداز کرنے کے لئے دائر ایک کیس میں ضمانت دی ہے۔
Published: undefined
ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا نے عدالت میں پیش ہونے کے بعد امانت اللہ کو 15,000 روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی رقم کی ضمانت پر رہا کیا تھا۔ عآپ لیڈر اور دہلی کابینہ کی وزیر آتشی نے پہلے کہا تھا کہ ایم ایل اے کے خلاف ای ڈی کا مقدمہ فرضی ہے اور پارٹی اپنے ایم ایل اے کے ساتھ کھڑی ہے۔ امانت اللہ خان 18 اپریل کو ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے تھے جب سپریم کورٹ نے اس معاملے میں ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کردیا۔
Published: undefined
گزشتہ ہفتے سماعت کے لیے ای ڈی کے دفتر میں داخل ہونے سے پہلے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عآپ ایم ایل اے نے دعوی کیا تھا کہ جب وہ وقف بورڈ کے چیئرمین تھے تو انہوں نے قواعد کی پیروی کرتے ہوئے، قانونی رائے لینے کے بعد 2013 کے نئے ایکٹ کے مطابق کام کیا تھا۔ واضح رہے کہ امانت اللہ اور ان کے مبینہ ساتھیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی ایف آئی آر اور دہلی پولیس کی تین شکایات سے متعلق ہے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ امانت اللہ نے دہلی وقف بورڈ میں ملازمین کی غیر قانونی بھرتی کے ذریعے نقد رقم لی تھی اور اس رقم کو اپنے ساتھیوں کے نام پر غیر منقولہ جائیداد خریدنے میں استعمال کیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined