قومی خبریں

شادی شدہ مسلم خاتون اور اس کے ہندو لیو ان پارٹنر کو تحفظ دینے سے الہ آباد ہائی کورٹ کا انکار، 2000 روپے کا جرمانہ عائد

عدالت نے مسلم خاتون اور اس کے ہندو لیو ان پارٹنر کی درخواست پر مشاہدہ کیا، ’’اس قسم کے تعلقات شریعت کے مطابق حرام ہیں اور درخواست گزاروں کو اس عدالت سے تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا‘‘

الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس 

الہ آباد: الہ آباد ہائی کورٹ نے لِو-ان ریلیشن میں یعنی بغیر شادی کے ایک ساتھ رہ رہے ایک مسلم خاتون اور ہندو مرد کی طرف سے پیش کردہ حفاظت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ خاتون کی قانونی شادی ختم نہیں ہوئی ہے اور طلاق کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے۔

Published: undefined

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق جسٹس رینو اگروال کی بنچ نے مشاہدہ کیا کہ اس قسم کے غیر قانونی تعلقات کو یہ عدالت تحفظ فراہم نہیں کر سکتی۔ نیز شریعت کے مطابق قانونی طور پر شادی شدہ مسلمان عورت کسی دوسرے مرد یا ہندو مرد کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔ عدالت نے کہا کہ 'لیو ان ریلیشن شپ' میں رہنا شریعت کے مطابق زنا اور حرام ہے۔ اس کے ساتھ عدالت نے درخواست گزاروں پر 2000 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

Published: undefined

رپورٹ کے مطابق، 26 سالہ مسلم خاتون اور 25 سالہ ہندو نوجوان نے عدالت میں اس بنیاد پر تحفظ کی درخواست دائر کی تھی کہ وہ دونوں بالغ ہیں اور اپنی مرضی سے ساتھ رہ رہے ہیں۔ خاتون نے یہ بھی کہا تھا کہ اس نے اپنی 5 سالہ بیٹی کے ساتھ اپنے شوہر کا گھر چھوڑ دیا ہے کیونکہ وہ عادی شرابی تھا جو اکثر اسے مارتا پیٹتا تھا۔ اس نے مزید کہا کہ اس معاملے کی شکایت اپنے والدین سے کی لیکن کچھ حاصل نہ ہوا، اس لیے اس نے اپنی مرضی سے اپنی بیٹی کے ساتھ اپنے لیو ان پارٹنر کے ساتھ رہنا شروع کر دیا۔

Published: undefined

درخواست گزاروں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خاتون کا شوہر اُن کو دھمکیاں رہا ہے اور ان کے تعلقات میں خلل پیدا کر رہا ہے۔ خاتون نے کہا کہ اُس نے علی گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے حفاظت کی درخواست دی تھی لیکن اُنہیں کوئی راحت نہیں ملی۔ بعد ازاں خاتون اور اُس کے ساتھ رہنے والے ساتھی نے یہ ہدایت طلب کرتے ہوئے عدالت کا رُخ کیا کہ اُس کے شوہر کو اُن کی پُرامن زندگی میں مداخلت سے روکا جائے۔

Published: undefined

عدالت نے مشاہدہ کیا، ’’عدالت ایسے رشتے کی حفاظت نہیں کر سکتی جو قانون کی حمایت سے محروم ہو۔ اگر عدالت ایسے معاملات میں مداخلت کرے اور غیر قانونی تعلقات کو تحفظ دے، تو اس سے معاشرے میں افراتفری پیدا ہو جائے گی۔‘‘ عدالت نے مزید کہا کہ خاتون نے اپنے شوہر کا گھر بغیر کسی معقول وجہ کے چھوڑ دیا ہے، جو اس معاملہ کا واحد مدعا علیہ ہے۔

Published: undefined

دریں اثنا، ریاستی حکومت کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ خاتون نے اپنے شوہر سے کوئی طلاق حاصل نہیں کی تھی اور وہ اب بھی اُس کی قانونی طور پر شادی شدہ بیوی تھی۔ وکیل نے کہا کہ خاتون کا لِو اِن پارٹنر کے ساتھ رہنا شریعت کے مطابق زنا ہے۔

عدالت نے 23 فروری کو اپنے فیصلے میں کہا کہ چونکہ مسلم خاتون نے مذہب کی تبدیلی کے لیے متعلقہ اتھارٹی کو کوئی درخواست نہیں دی ہے اور اپنے شوہر سے طلاق بھی نہیں لی ہے، اس لیے وہ کسی بھی قسم کے تحفظ کی حقدار نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined