مسلمانوں کے ذریعہ جمعہ کی نماز سڑکوں پر ادا کیے جانے سے ہندوتوا ذہنیت کے لوگوں کی ناراضگی کوئی نئی نہیں ہے اور مغربی بنگال و اتر پردیش میں اس کے خلاف انھوں نے آواز اٹھانی شروع کر دی ہے۔ ہندو طبقہ سے تعلق رکھنے والے کچھ شدت پسند افراد نے سڑک پر جمعہ کی نماز بند نہ کیے جانے کی صورت میں ہنومان چالیسا پڑھنے کا اعلان گزشتہ دنوں یو پی میں ہوا تھا، اور اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ علی گڑھ ضلع انتظامیہ نے سڑکوں پر سبھی طرح کی مذہبی سرگرمیوں پر روک لگا دی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے اس قدم کے پیچھے ضلع میں بڑھتی کشیدگی کا حوالہ دیا ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ ایسی خبریں ملی تھیں کہ کچھ رائٹ وِنگ کے لوگ سڑکوں پر مسلم طبقہ کے نماز پڑھے جانے کی مخالفت میں آرتی اور ہنومان چالیسا کے پاٹھ سے جڑے پروگرام منعقد کر رہے ہیں اور اس سے دو طبقہ کے درمیان ماحول کشیدہ ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
Published: 26 Jul 2019, 11:10 AM IST
علی گڑھ ضلع مجسٹریٹ سی بی سنگھ کا کہنا ہے کہ بغیر پہلے سے اجازت لیے سڑکوں پر کسی بھی طرح کی مذہبی سرگرمی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے اس طرح کی سرگرمیوں میں شامل لوگوں سے بات کی ہے اور ان سے اس معاملے کی حساسیت کے بارے میں کہا ہے۔‘‘ ضلع مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ علی گڑھ کی فضا کو زہر آلود ہونے سے بچانے کے لیے اس طرح کا قدم اٹھانا ضروری ہے۔ سی بی سنگھ نے کہا کہ یہ پابندی عید کے تہوار کو چھوڑ کر عام طور پر نماز ادا کرنے پر بھی نافذ ہوگا۔
Published: 26 Jul 2019, 11:10 AM IST
ضلع انتظامیہ کے اس قدم سے بی جے پی لیڈر مانو مہاجن نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ان کی ناراضگی ہندو طبقہ کی مذہبی سرگرمیوں پر پابندی عائد کیے جانے سے متعلق ہے۔ دراصل وہ یہ نہیں چاہتے کہ آرتی اور ہنومان چالیسا کا اگر کوئی پروگرام ہوتا ہے تو اس پر ضلع انتظامیہ کوئی پابندی عائد کرے۔
Published: 26 Jul 2019, 11:10 AM IST
دوسری طرف مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے مذہبی پیشوا مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے لوگوں سے اس ایشو پر سیاست نہ کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس طرح کی خبریں ہیں کہ لوگ سڑکوں پر نماز پڑھے جانے کی مخالفت میں آرتی اور ہنومان چالیسا کے پاٹھ کا پروگرام کر رہے ہیں۔ اس طرح کی مخالفت درست نہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جب مسجدوں میں لوگوں کی تعداد زیادہ ہو جاتی ہے تبھی وہ مجبوراً سڑک پر نماز ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دیگر مذاہب میں بھی جب پوجا کی جگہ بھر جاتی ہے تو لوگ باہر کھڑے ہو کر پوجا کرتے ہیں۔‘‘
Published: 26 Jul 2019, 11:10 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Jul 2019, 11:10 AM IST
تصویر: پریس ریلیز