اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب کو لے کر سیاسی پارٹیوں کے درمیان ایک دوسرے پر نشانہ سادھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ خراب موسم کے سبب وزیر اعظم مودی کی یوپی کے بجنور میں ریلی کینسل ہونے کے معاملے پر سماجوادی پارٹی سربراہ اور اتحاد کے وزیر اعلیٰ چہرہ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ اکھلیش نے منگل کو لکھنؤ میں کہا کہ لوگ کولکاتا سے لکھنؤ پہنچ رہے ہیں، لیکن بی جے پی کے لوگ خراب موسم بتا کر دہلی سے یوپی نہیں آ سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس بار اتر پردیش میں بی جے پی کا جھوٹ کا جہاز نہیں اتر پائے گا۔
Published: undefined
واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سماجوادی پارٹی کے حق میں تشہیر کرنے لکھنؤ آئی ہیں۔ اسی دوران ممتا بنرجی کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کے دوران اکھلیش نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نے اپنی پوری طاقت مغربی بنگال میں لگا دی، لیکن وہ ممتا دیدی کو ہرا نہیں پائے۔ وہ کولکاتا سے لکھنؤ آئی ہیں، لیکن بی جے پی کے لوگ خراب موسم بتا کر دہلی سے یوپی نہیں آ سکے۔ اس بار بی جے پی کا جھوٹ کا جہاز یوپی میں نہیں اتر پائے گا۔‘‘
Published: undefined
اس درمیان ممتا بنرجی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھرس کا واقعہ، اناؤ کا واقعہ اور کووڈ کے دوران اتر پردیش میں گنگا میں پھینکی گئی لاشوں کے لیے ذمہ دار لوگوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انھوں نے یوپی کے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ ’’یوگی جی، جب یہ ہو رہا تھا تو آپ کہاں تھے؟ یوگی جی کو اتر پردیش کے عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
Published: undefined
ممتا بنرجی نے اس درمیان اعلان کیا کہ وہ 3 مارچ کو وارانسی جائیں گی۔ ممتا نے سماجوادی پارٹی کے حق میں تشہیر کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سبھی سے سماجوادی پارٹی کی حمایت کرنے اور انھیں جیت دلانے اور بی جے پی کو شکست دینے کی گزارش کرتی ہوں۔ بی جے پی کے ذریعہ کیے گئے جھوٹے وعدوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ پریس کانفرنس کے آخر میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اسٹیج سے لوگوں کی طرف ایک فٹ بال بھی پھینکا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز