نئی دہلی: ملک کے نوجوانوں میں بڑھتی بے روزگاری اور نشہ خوری کے خلاف انڈین یوتھ کانگریس نے ملک تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تحریک 16 اکتوبر سے شروع ہوگی جس کا آغاز نئی دہلی کے جنتر منتر سے ہوگا۔ اس تحریک کو ملک کے ہر اسمبلی حلقہ تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
Published: undefined
یہ جانکاری انڈین یوتھ کانگریس کے نومنتخب صدر اودے بھانو چیب نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران دی۔ انھوں نے اس ملک گیر تحریک کے لیے تیار پوسٹر بھی جاری کیا جس میں ’ملازمت دو، نشہ نہیں‘ لکھا ہوا ہے۔ اس موقع پر اودے بھانو نے کہا کہ ملک کے نوجوان دوہرے مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک طرف پورے ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے، وہیں دوسری طرف بڑے پیمانے پر نشہ کی عادت پھیل رہی ہے۔
Published: undefined
یوتھ کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ ’’نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا ہر سال دو کروڑ ملازمتیں دیں گے، بیرون ممالک سے بلیک منی واپس لائیں گے۔ یہ وعدے تو پورے نہیں کیے گئے، بلکہ اس کے برعکس ملازمتوں کی جگہ نوجوانوں کو نشہ مل گیا ہے۔‘‘ انھوں نے مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’بیرون ممالک سے بلیک منی ہندوستان آنے کی جگہ کثیر مقدار میں ڈرگس آئی ہے۔ یہ نشہ سماج کے لیے خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔‘‘
Published: undefined
تصویر ویپن/قومی آواز
اودے بھانو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں ملک کے نوجوانوں کو صرف دھوکہ ملا ہے۔ اس لیے یوتھ کانگریس کے ذریعہ ’ملازمت دو، نشہ نہیں‘ عنوان سے ملک گیر تحریک 16 اکتوبر کو نئی دہلی واقع جنتر منتر سے شروع کی جا رہی ہے۔ یہ تحریک ملک کی ہر ریاست، ضلع اور ہر اسمبلی حلقہ تک پہنچے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے اور حکومت کو اس کی گہری نیند سے جگانے کے لیے یہ تحریک ضروری ہے۔
Published: undefined
پریس کانفرنس کے دوران انڈین یوتھ کانگریس صدر نے ملک کے موجودہ نفرت بھرے حالات پر بھی تبصرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ایک جھوٹا خوف پیدا کیا جا رہا ہے کہ مذہب خطرے میں ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک کے نوجوانوں کا مستقبل خطرے میں ہے، جو بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں اور جن پر نشے کی عادت کا جوکھم منڈلا رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined