کولکاتا: گورنر اور مغربی بنگال حکومت کے درمیان ٹوئٹر جنگ کے بعد اب اختیارات کو لے کر دونوں کے درمیان قانونی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ بردوان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کو لے کر دونوں کے درمیان تنازع شروع ہوگیا ہے۔ ایک دن قبل گورنر نے اپنے طور پر بردوان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا اعلان کردیا تھا مگر آج محکمہ تعلیم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوں کہ گورنر نے ریاستی حکومت کے صلاح و مشورہ کے بغیر وائس چانسلر کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ اس لئے اس فیصلے کو رد کیا جاتا ہے۔
Published: undefined
مغربی بنگال محکمہ اعلی تعلیم نے کہا ہے کہ گورنر نے بردوان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری میں قانون کی پاسداری نہیں کی۔ اسی لئے گورنر کے دستخط کردہ تقرری نامہ کو عملی طور پر منسوخ کردیا گیا ہے۔ پیر کے سہ پہر کو گورنر نے محکمہ زیولوجی کے پروفیسر گوتم چندر کو بردوان یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کرتے ہوئے تقرری کی فائل محکمہ اعلی تعلیم کو ارسال کردی تھی۔ اس کے بعد سے یہ بحث شروع ہوگئی تھی کہ ریاستی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کی تقرری گورنر نے وزیر تعلیم سے مشورہ کیے بغیر یک طرفہ کیسے کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد محکمہ اعلیٰ تعلیم نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے گورنر کی تقرری منسوخ کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کردیا اور کلیانی یونیورسٹی کے شعبہ زیولوجی کے پروفیسر اشیش کمار پانیگر کو بردوان یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
Published: undefined
محکمہ اعلی تعلیم نے اپنے بیان مں کہا ہے کہ ’وائس چانسلر کا عہدہ 21 فروری سے خالی ہے۔ کورونا بحران کے دور میں بھی محکمہ تعلیم نے ایک وائس چانسلر کی تقرری کیلئے پینل کے نام کو گورنر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ گورنرنے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق قانون کو سمجھے بغیر اپنی پسند کے دو نام تجویز کرکے پیش کردیئے۔ جب کہ گورنر ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے محکمہ تعلیم کی سفارشات پر نوٹی فیکشن جاری کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ وائس چانسلرز کی تقرری سے متعلق قانون کے مطابق یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری ریاستی وزیر تعلیم کے مشورے سے کی جائے گی۔گورنر نے اس کی تعمیل نہیں کی ہے لہذا یونیورسٹی کی دفعہ 57 کے تحت گورنر کے ذریعہ وائس چانسلر کی تقرری منسوخ کی جارہی ہے۔
Published: undefined
محکمہ تعلیم نے کہا کہ کلیانی یونیورسٹی کے شعبہ زیولوجی کے پروفیسر اشیش کمار پانیگر کو چار سال کے لئے بردوان یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ ایک دن میں دو وائس چانسلروں کی تقرری کے نوٹی فیکشن جاری کیے جانے سے عجیب و غریب صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ تاہم راج بھون نے پیر کی شب محکمہ اعلی تعلیم کے ذریعہ ہدایات جاری کیے جانے کے بعد ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بیان یا رہنما اصول جاری نہیں کیے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز