پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے لیے ہنگامی حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ آج لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ہی ایوانوں کی کارروائی جب شروع ہوئی تو اپوزیشن اراکین نے پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی معاملے پر احتجاج درج کیا اور وزیر داخلہ امت شاہ سے بیان دینے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج اور ہنگامہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ دونوں ہی ایوانوں سے بڑی تعداد میں اپوزیشن لیڈران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پہلے لوک سبھا سے 33 اپوزیشن اراکین کی معطلی کی خبر سامنے آئی، اور اب راجیہ سبھا سے بھی 45 اپوزیشن اراکین کے معطل کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس طرح رواں اجلاس میں معطل اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی تعداد 92 ہو گئی ہے۔
Published: undefined
میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 دسمبر کو راجیہ سبھا میں جن اپوزیشن اراکین کو معطل کیا گیا ہے ان میں پرمود تیواری، جئے رام رمیش، کے سی وینوگوپال، رام ناتھ ٹھاکر، منوج جھا، رام گوپال یادو، جاوید علی خان، مہوا ماجی اور شانتنو سین جیسے اہم نام شامل ہیں۔ راجیہ سبھا سے معطل کیے گئے 45 اراکین میں سے 34 کو سرمائی اجلاس کے بچے ہوئے دنوں اور 11 اراکین کو استحقاق کمیٹی کی رپورٹ آنے تک معطل کیا گیا ہے۔
Published: undefined
اس کارروائی سے متعلق راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ کئی اراکین قصداً ایوان کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔ رخنہ اندازی کے سبب ایوان کا کام نہیں ہو پا رہا ہے۔ اس وجہ سے کئی اراکین پارلیمنٹ کو موجودہ اجلاس کے لیے ایوان سے معطل کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کارروائی ملتوی کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میرا سر شرم سے جھک رہا ہے، ہم عوام کے جذبات اور ان کی امیدوں کی قدر نہیں کر رہے۔
Published: undefined
اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے خلاف ہوئی کارروائی سے متعلق مرکزی وزیر پیوش گویل نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈران نے بھدا ہنگامہ کیا۔ ایوان کی بے عزتی کی۔ جمہوریت کے مندر میں ملک کو ان لوگوں نے شرمندہ کیا ہے۔ اسپیکر اوم برلا اور چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کی بے عزتی کی گئی۔
Published: undefined
دوسری طرف کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے خلاف ہوئی کارروائی پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے برسراقتدار طبقہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیے گئے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’13 دسمبر 2023 کو پارلیمنٹ پر ایک حملہ ہوا۔ آج پھر مودی حکومت نے پارلیمنٹ اور جمہوریت پر حملہ کیا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’تاناشاہی مودی حکومت کے ذریعہ ابھی تک 92 اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو معطل کر سبھی جمہوری نظاموں کو کوڑے دان میں پھینک دیا گیا ہے۔‘‘ کھڑگے کا کہنا ہے کہ ہمارے دو آسان مطالبات ہیں۔ پہلا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں سنگین خلاف ورزی پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بیان دینا چاہیے۔ دوسرا، اس پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined