نئی دہلی: حیاتیاتی تکنیک کے شعبے کی سرکردہ کمپنی بھارت بایوٹیک کے ذریعہ تیار کی گئی کورونا وائرس کی ویکسین 'کوویکسین' کے انسانی تجربے کا آغاز 20 جولائی کو دہلی واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں کیا گیا، جس کے لیے امیدواروں کی ہیلتھ اسکریننگ شروع کی گئی۔
Published: 21 Jul 2020, 9:11 AM IST
قابل ذکر ہے کہ بھارت بایوٹیک نے انسانوں پر اپنے ٹیکے 'کوویکسین' کا ٹرائل 15 جولائی کو شروع کیا تھا۔ ہریانہ کے روہتک واقع پی جی آئی اور ایمس پٹنہ میں بھی اس ٹیکے کے انسانی تجربے کا آغاز ہوچکا ہے اور اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے پیر کے روز اس کا آغاز ایمس نئی دہلی میں کیا گیا۔ اس طبی تجربے کی سربراہی شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے ڈاکٹر سنجے رائے کررہے ہیں اور پروفیسر پونیت مشرا اس میں ان کی معاونت کریں گے۔
Published: 21 Jul 2020, 9:11 AM IST
ایمس میں 'کوویکسین' کے انسانی ٹرائل کی سربراہی کرنے والے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے ڈاکٹر سنجے رائے نے یو این آئی کو بتایا کہ انسانوں پر ٹیکہ کے تجربے کے لیے منتخب امیدواروں کی پیر کے روز ہیلتھ اسکریننگ کی گئی ہے۔ انسانی تجربے میں شامل امیدواروں کا کئی قسم کا طبی معائنہ کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ وہ کورونا سے متاثر نہیں ہیں اور نہ ہی وہ بلڈ پریشر، ذیابیطس وغیرہ جیسی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ان کی میڈیکل رپورٹ آنےکے بعد ان کو زیر تجربہ ویکسین کی پہلی خوراک اگلے جمعرات یا جمعہ کو دی جائے گی۔ اس طبی تجربے میں صرف صحتمند افراد شامل ہوں گے۔
Published: 21 Jul 2020, 9:11 AM IST
ڈاکٹر سنجے رائے نے یہ بھی بتایا کہ اب تک 1،800 سے زیادہ افراد نے رضاکارانہ طور پر کوویکسین کے ٹرائل کے لئے اندراج کیا ہے۔ یہ ٹرائل دو مرحلے میں انجام دیا جائے گا، جن میں مجموعی طور پر 1،125 افراد کو 'کوویکسین' کی خوراک دی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 375 افراد کو کوویکسین کی خوراک دی جانی ہے، جس میں سے ایمس دہلی میں صرف 100 افراد پر یہ ٹرائل کیا جارہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں ایمس دہلی میں کتنے افراد کا تجربہ کیا جائے گا، اس کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
Published: 21 Jul 2020, 9:11 AM IST
اس سے قبل ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے بتایا کہ اس ٹیکے کا 1،125 افراد پر ٹرائل کیا جانا ہے جن میں سے پہلے مرحلے میں 375 افراد پر اس ویکسین کے اثرات کا معائنہ کیا جائے گا۔ ایمس نئی دہلی میں پہلے مرحلے کے دوران 100 افراد پر اس ٹیکے کا تجربہ کیا جانا ہے۔ جب پہلے مرحلے میں یہ ویکسین محفوظ ثابت ہوگی، تب دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ پہلے مرحلے کا مقصد یہ ہے کہ آیا یہ ویکسین محفوظ ہے یا نہیں، اس کی کتنی مقدار کی خوراک مؤثر ہوگی اور مریض کو کتنی خوراکوں کی ضرورت ہے؟
Published: 21 Jul 2020, 9:11 AM IST
پہلے مرحلے کا ٹرائل 18 سے 55 سال کی عمر کے لوگوں پر کیا جانا ہے۔دوسرے مرحلے میں 'کوویکسین' کی تین شکلوں کا طبی تجربہ ہوگا۔ دوسرے مرحلے کا ٹرائل نسبتاً زيادہ بڑے پیمانے پر ہو گا جس میں 750 امیدوار شامل ہوں گے۔ یہ انسانی تجربہ صرف ان افراد پر کیا جائے گا، جو مکمل طور پر صحتمند ہیں اور کورونا سے متاثر نہیں ہوئے ہیں۔ حاملہ خواتین پر یہ ٹرائل نہیں کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں 12 سے 65 سال کے درمیان امیدوار شامل ہوں گے۔
Published: 21 Jul 2020, 9:11 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Jul 2020, 9:11 AM IST
تصویر: پریس ریلیز