قومی خبریں

کیا انوپم کھیر کو منموہن کی تعریف مہنگی پڑی! دباؤ میں چھوڑا FTII چیئرمین عہدہ

چند دنوں پہلے انوپم کھیر نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے متعلق سوچ بدلی ہے اور تاریخ منموہن کو کبھی غلط نہیں سمجھے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سنجیدہ اداکاری کے لئے مشہور بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے دیگر کاموں میں مصروفیت کا حوالہ دیتے ہوئے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے چیئرمین عہدہ سے استعفی دے دیا۔ لیکن کچھ لوگ اس کو مودی حکومت کے دباؤ کے سبب دیا گیا استعفیٰ تصور کر رہے ہیں۔انوپم کھیر نے اطلاعات و نشریات کے وزیر راج وردھن راٹھور کو بھیجے اپنے استعفی میں کہا ہے کہ بین الاقوامی منصوبوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے وہ انسٹی ٹیوٹ میں اپنی ذمہ داری اچھے طریقے سے انجام نہیں دے پائیں گے اس لئے وہ اپنے عہدے سے استعفی دے رہے ہیں۔

Published: 31 Oct 2018, 6:09 PM IST

دلچسپ بات یہ ہے کہ چند دن پہلے ہی انوپم کھیر نے فلم ’دی ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر‘ کی شوٹنگ مکمل کی تھی اور منموہن سنگھ سے معافی مانگتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ’’یہ فلم ایک بہت بڑا سبق رہا اور ایک بات طے ہے کہ تاریخ آپ کو غلط نہیں سمجھے گا۔‘‘ 63 سالہ مشہور اداکار نے یہ بھی کہا تھا کہ پردے پر منموہن سنگھ کی زندگی کو ایک سال تک جینا ان کے لیے بے حد شاندار تجربہ تھا۔ انھوں نے مانا کہ ایک سال تک منموہن سنگھ کا کردار نبھانے کے بعد ان کے تئیں ان کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔

Published: 31 Oct 2018, 6:09 PM IST

انوپم کھیر کے اس بیان کو اس لیے زیادہ اہمیت کا حامل قرار دیا جاتا ہے کیونکہ وہ کٹر مودی حامی ہیں اور خود کو ’مودی کا چمچہ‘ کہلانے میں فخر محسوس کرتے رہے ہیں۔ ان کے منھ سے منموہن کی تعریف یقیناً حیران کرنے والی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو پسند نہ آنے والی ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس بیان کے بعد غالباً انوپم کھیر پر مودی حکومت کا دباؤ بنا ہوگا اوراسی لئے مصروفیت کا بہانہ بنا کر انھوں نے استعفیٰ دے دیا۔

بہر حال، ایف ٹی آئی آئی چیئرمین عہدہ کے استعفیٰ نامہ میں انوپم کھیر نے لکھا ہے کہ انہیں ایک بین الاقوامی ٹی وی شو کی وجہ سے انہیں 2018 سے 2019 کے درمیان تقریبا ًنو ماہ تک اور اس کے بعد بھی امریکہ میں رہنا ہوگا۔ انوپم کھیر نے کہا ہے کہ ممتاز ایف ٹی آئی آئی صدر کے عہدے پر رہنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس عہدے پر رہتے ہوئے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ تاہم بین الاقوامی طور پر ملنے والے کام کی وجہ سے، وہ انسٹی ٹیوٹ میں زیادہ وقت نہیں دے سکیں گے ، اس وجہ سے وہ استعفی دے رہے ہیں۔ اس مصروفیت کو دیکھتے ہوئے وہ انسٹی ٹیوٹ میں فعال طور پر منسلک نہیں رہ سکیں گے اور ایسے میں عہدے پر رہنا طالب علموں، مینجمنٹ ٹیم اور ان کے لیے مناسب نہیں ہے۔ انوپم کھیر کو اداکار گجندر چوہان کی جگہ انسٹی ٹیوٹ کاصدر مقرر کیا گیا تھا۔ چوہان کی تقرری کی وجہ سے زبردست ہنگامہ ہوا تھا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Published: 31 Oct 2018, 6:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 Oct 2018, 6:09 PM IST