قومی خبریں

بہار میں 12 پُل منہدم ہونے کے بعد بیدار ہوئی نتیش حکومت، کنسٹرکشن کمپنی ’ماتیشور‘ ہوئی بلیک لسٹ، 15 انجینئرس معطل

جانچ کمیٹی کے ذریعہ محکمہ آبی وسائل کو جانچ رپورٹ سونپے جانے کے بعد یہ بڑی کارروائی دیکھنے کو ملی ہے، محکمہ آبی وسائل کے ایڈیشنل چیف سکریٹری نے کہا کہ جانچ میں انجینئرس کی لاپروائی کا پتہ چلا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بہار میں منہدم ایک پُل کی تصویر</p></div>

بہار میں منہدم ایک پُل کی تصویر

 

بہار میں پُل منہدم ہونے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، اور اب اس تعلق سے بڑی کارروائی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بہار حکومت نے 15 انجینئرس کو کام میں لاپروائی کے پیش نظر معطل کر دیا ہے۔ دو انجینئرس سے وضاحت بھی طلب کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جن انجینئرس کو معطل کیا گیا ہے ان میں محکمہ دیہی امور کے 4 اور محکمہ آبی وسائل کے 11 انجینئرس ہیں۔ 2 ایگزیکٹیو انجینئرس، 4 اسسٹنٹ انجینئرس، 2 جونیئر انجینئر سمیت 15 انجینئرس کے لیے معطلی کا پروانہ جاری کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کنسٹرکشن کمپنی ’ماتیشوری‘ کو حکومت نے بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

Published: undefined

موصولہ اطلاع کے مطابق جانچ کمیٹی کے ذریعہ محکمہ آبی وسائل کو جو جانچ رپورٹ سونپی گئی ہے، اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے انجینئرس کے خلاف کارروائی ہوئی ہے۔ محکمہ آبی وسائل کے ایڈیشنل چیف سکریٹری چیتنیہ پرساد نے کہا کہ جانچ میں انجینئرس کی لاپروائی اور نگرانی کو مشتبہ پایا گیا ہے۔ اس وجہ سے ریاست میں کئی چھوٹے پُل منہدم ہو گئے۔ پُل منہدم ہونے کے یہ واقعات سیوان، سارن، مدھوبنی، ارریہ، مشرقی چمپارن اور کشن گنج ضلع میں دیکھنے کو ملے ہیں۔

Published: undefined

واضح رہے کہ پُل گرنے کے مختلف واقعات پر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو لگاتار ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر جمعہ کے روز بھی انھوں نے نتیش حکومت پر حملہ کیا اور حکومت و بی جے پی کو چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا کہ پُل تعمیر کو ملنے والی منظوری، ٹنڈر، سنگ بنیاد، افتتاح کی تاریخ جاری کریں۔ اس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا کہ یہ پُل کس کی حکومت میں تعمیر ہوئے ہیں۔ دراصل کچھ جنتا دل یو اور بی جے پی لیڈران نے دعویٰ کیا ہے کہ جو پُل منہدم ہوئے ہیں وہ اس وقت تعمیر ہوئے جب اس کا شعبہ تیجسوی یادو کے ذمہ تھا۔ اب تیجسوی نے دعویٰ کیا ہے کہ بہار میں جو بھی پُل گر رہے ہیں وہ سبھی تب تعمیر ہوئے تھے جب یہ محکمہ جنتا دل یو کے پاس تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined