قومی خبریں

ڈیرے کے ’غنڈوں‘ سے دنیا پریشان

برطانیہ، کینیڈامیں سیکورٹی ایڈوائزری جاری

Getty Images
Getty Images 

نئی دہلی: بابا گرمیت رام رحیم سنگھ کو عصمت دری کیس میں مجرم قرار دئے جانے کے بعد پھیلے تشدد کا نوٹس دنیا بھر کے کئی ممالک نے لیتے ہوئے اپنے شہریوں کے لئے سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ کئی ممالک کی طرف سے اپنے شہریوں کے لئے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وہ مقامی افسران کی ہدایات پر عمل کریں اور میڈیا پر نظر رکھیں ساتھ ہی وہ اپنی ٹریول ایجنسیوں سے رابطہ میں رہیں۔ برطانیہ کی طرف سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں اپنے شہریوں سے احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے ۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن اور چنڈی گڑھ میں موجود برطانوی کاؤنسلنگ دفتر 28اگست تک بند ررکھے جائیں گے۔

کینیڈا نے بھی اپنے شہریوں کے لئے ہدایات جاری کی ہیں، کینیڈا نے اپنے ان شہریوں سے جو ہندوستان کے سفر پر ہیں انہیں بہت زیادہ احتیاط سے رہنے کو کہا ہے۔ اس کے ساتھ، آسٹریلیا، انڈونیشیا، مالدیپ کی حکومتوں نے بھی سکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے۔

واضح رہے کہ عصمت دری مقدمہ میں 15 سال کے بعد بابا رام رحیم کو مجرم قرار دئے جانے کے بعد سے ڈیرا سچا سودا کے غنڈوں نے ہریانہ اور پنجاب میں شدید تشدد برپا کر دیا ہے جس میں اب تک تقریباً 30 افراد کے ہلاک ہونے اور 250 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حکومت نے دفعہ 144 کو مؤثر طریقے سے نافذ نہ کرا پانے کے سبب ڈی سی پی کو معطل کردیاہے ۔ وہیں تشدد کے پیش نظر پنجاب اور ہریانہ جانے والی 445 ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

Published: 26 Aug 2017, 12:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Aug 2017, 12:09 PM IST