قومی خبریں

’اے بی پی آن لائن پول‘ نے چین معاملہ پر مودی حکومت کی قلعی کھولی

آن لائن پول کا نتیجہ کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیا ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ عام لوگوں کی نظر میں مودی حکومت کی پالیسی چین کے تعلق سے کمزور رہی ہے۔

نریندر مودی 
نریندر مودی  

ہندوستان اور چین کے درمیان رشتوں میں تلخیاں بڑھ گئی ہیں اور وادی گلوان میں ہوئے تصادم کے دوران 20 ہندوستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد اس بات پر بحث بھی شروع ہو گئی ہے کہ کیا یہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں لگاتار مودی حکومت سے چین معاملہ پر سوال کر رہی ہیں، لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ ذمہ دار مرکزی وزراء تسلی بخش جواب نہیں دے رہے ہیں۔ اس درمیان نیوز پورٹل 'اے بی پی آن لائن' نے ایک پول کیا ہے جس کے نتائج مودی حکومت کی قلعی کھول رہے ہیں۔

Published: 25 Jun 2020, 12:11 PM IST

دراصل اے بی پی آن لائن نے چین کے تعلق سے کچھ سوال تیار کیے تھے جن پر عام لوگوں کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی ۔ عوام نے سوال پر جو اپنا رد عمل ظاہر کیا، وہ مودی حکومت کے دعووں کو پوری طرح سے مسترد کرنے والا ہے۔ اس پول کے نتائج کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر بھی کیا ہے اور ساتھ میں لکھا ہے "ملک کی سچائی۔ ہندوستان سچ بولتا ہے۔"

Published: 25 Jun 2020, 12:11 PM IST

رندیپ سنگھ سرجے والا نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں 4 اسکرین شاٹ ہیں، یعنی چار سوالات ہیں جو لوگوں کے سامنے رکھے گئے تھے اور 'ہاں' یا 'نہیں' میں جواب کا آپشن دیا گیا تھا۔ پہلا سوال تھا "کیا مرکزی حکومت نے چین کو سخت جواب دیا؟" اس کے جواب میں 155986 لوگوں نے اپنا رد عمل ظاہر کیا جن میں اکثریت کا کہنا تھا 'نہیں'۔ اسی طرح دوسرا سوال تھا کہ "کیا چین کو ہندوستان کے مقابلے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا؟" اس سوال پر 65377 لوگوں نے اپنا نظریہ سامنے رکھا اور بیشتر نے کہا 'نہیں'۔

Published: 25 Jun 2020, 12:11 PM IST

اسکرین شاٹ میں تیسرا سوال تھا کہ "کیا پی ایم مودی کی قیادت میں ہندوستان کی سرحدیں محفوظ ہیں؟" اس سوال پر 88991 لوگوں نے اپنی رائے 'اے بی پی آن لائن پول' میں رکھی، اور ایک بار پھر اکثریت کا جواب 'نہیں' تھا۔ چوتھا اور آخری سوال جو اسکرین شاٹ میں ہے وہ تھا "راہل گاندھی اور اپوزیشن نے جو قدم اٹھائے ہیں، کیا آپ اس کی حمایت کرتے ہیں؟" اس سوال کے لیے اکثریت کا جواب 'ہاں' تھا۔ چوتھے سوال کے لیے 77011 لوگوں نے اپنی رائے رکھی تھی۔

Published: 25 Jun 2020, 12:11 PM IST

اس طرح سے دیکھا جائے تو 'اے بی پی آن لائن پول' نے عوام کی سوچ اور ان کے نظریات کو کچھ سوالوں کے ذریعہ پورے ملک کے سامنے رکھ دیا ہے۔ پول کے نتیجہ کو سامنے رکھ کر واضح لفظوں میں کہا جا سکتا ہے کہ چین کے تعلق سے مودی حکومت کی پالیسی کمزور ہے اور پی ایم مودی کو چاہیے کہ وہ چین کے خلاف سخت رخ اختیار کریں۔

Published: 25 Jun 2020, 12:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 25 Jun 2020, 12:11 PM IST