قومی خبریں

تیجس ایکسپریس کا کھانا کھانے سے 24 مسافر بیمار

آئی آر ٹی سی کے افسران کے مطابق مسافروں کو ویج اور نان ویج دونوں طرح کا کھانا پیش کیا گیا تھا لیکن گڑبڑی کس کھانے میں ہے اس بات کا اب تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: مسافروں کو وی آئی پی سہولیت اور شاندار کھانا دینے کا دعویٰ کرنے والی تیجس ایکسپریس میں بھاری لاپرواہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اتوار کو کرمالی-سی ایس ٹی تیجس ایکسپریس میں پینٹری کار کا ناشتہ کھانے سے 24 مسافر بیمار ہو گئے جن میں سے 3 مسافروں کی حالت کافی نازک ہے،انہیں آئی سی یو میں بھرتی کرایا گیاہے۔ کونکن ریلوے کےصدر اور منیجنگ ڈائریکٹر سنجے گپتا نے بتایا کہ تیجس ایکسپریس میں ریلوے کھان پان اور ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی ) کا کھانا کھانے کے بعد مسافروں نے طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کو چپولان اسٹیشن پر روکا گیا اور بیمار سبھی 24 مسافروں کو لائف کیئر اسپتال میں بھرتی کرایا گیا، ان کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔ آئی آر سی ٹی سی کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’ٹرین میں سوار تمام 290 مسافروں کو ناشتہ دیا گیا تھا، دوپہر کے 12 بجے تین مسافروں نے شکایت کی کہ انہیں بے چینی ہو رہی ہے اور الٹی آ رہی ہے۔ کچھ ہی دیر میں دیگر مسافروں کی طرف سے بھی ایسی ہی شکایت کی جانے لگی۔‘‘ واضح رہے کہ ٹرین میں ناشتہ اور کھانا آئی آر سی ٹی سی کی طرف سے پیش کیا جاتا ہے اور ٹینڈر کے ذریعے وینڈروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

آئی آر سی ٹی سی کے افسر کے مطابق مسافروں کو ویج اور نان ویج دونوں طرح کا کھانا پیش کیا گیا تھا لیکن گڑبڑی کس کھانے میں ہے اس کا پتہ ابھی تک نہیں چل پایا ہے۔

اس واقعہ کے بعد سے مسافروں اور ان کے رشتہ داروں میں بہت ناراضگی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پریمیم ٹرین ہونے کا دعویٰ کرنے اور اتنا مہنگا کرایہ وصول کرنے کے باوجود ریلوے کی طرف سے لاپروائی کی جا رہی ہے۔ اس سے ریلوے کےآرام دہ سفر کے دعویٰ پر سوال کھڑے ہوتے ہیں۔

انڈین ریل کے ترجمان انیل سکسینہ نے کہا کہ اس معاملہ میں ٹھیکیدار کو نوٹس دے دیا گیا ہے اور رپورٹ کی بنیاد پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپتال سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور کسی بھی مسافر کی حالات نازک نہیں ہے۔

سابق ریلوے وزیر سریش پربھو نے 22 مئی کو ملک کی پہلی ہائی اسپیڈ اور سہولیات سے پُر ٹرین تیجس ایکسپریس کو ممبئی کے چھتر پتی شیوا جی اسٹیشن سے سبز پرچم دکھا کر روانہ کیا تھا۔ یہ نئی پریمیم ٹرین ممبئی سے گوا کے کرمالی کے درمیان ہفتہ میں 5 دن چلتی ہے۔ یہ ٹرین 130 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔ اس میں خود کار دروازے، وائی فائی اور ایل سی ڈی اسکرین بھی نصب کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی ٹچ لیس واٹر ٹیپ، واٹر لیول انڈیکیٹر اور ہینڈ ڈرائر بھی لگے ہوئے ہیں۔ ہر ایک ڈبے میں بایو ویکیوم ٹوائلیٹ بھی نصب ہیں۔

Published: 16 Oct 2017, 7:25 AM IST

&nbsp; &nbsp; &nbsp; &nbsp; اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ <a href="mailto:contact@qaumiawaz.com">contact@qaumiawaz.com</a> کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔ &nbsp; &nbsp;

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 16 Oct 2017, 7:25 AM IST