لکھنؤ: اترپردیش کے وزیرا علی یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے ایک دن قبل ہی مہاجر مزدوروں کے پا پیادہ یا ٹرک سے سفر پر مکمل پابندی کے اعلان کے بعد آج اوریا سڑک حادثے میں بذریعہ ٹرک جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور بہار جا رہے 24 مزدوروں کی موت نے ریاست میں سیاہی ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
اگرچہ پولیس کے طرز عمل سے دلبرداشہ وزیر اعلی نے ان کے لاپرواہی برتنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دیا ہے لیکن اس سے اس بات کا بھی اندازہ ہوتا ہے کہ باہر سے آ کر ضلع سے گزرنے والے مہاجر مزدوروں یا ریاست میں آنے والے مزدوروں کے بحران کو روکنے میں اضلاع کے ذمہ داران کتنا مجبور و بے بس ہیں۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے محفوظ طریقے سے مہاجر مزدوروں کے سفر کرنے پر پابندی عائد کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے یوپی حکومت کی تنقید کی ہے۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
راہل گاندھی نے ٹویٹ کرکے کہا، ’’اترپردیش کے اوریا میں سڑک حادثے میں 24 مزدوروں کی موت اور متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر سے افسردہ ہوں۔ ہلاک شدگان کے لواحقین کے تئیں میں اپنی گہری تعزیت ظاہر کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کرتا ہوں۔‘‘
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
پرینکا گاندھی نے کہا ’’اس دل دہلا دینے والے حادثے نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑا کردیا ہے کہ آخر حکومت کیا سوچ کر ان مزدوروں کے گھر جانے کا مکمل انتظام نہیں کر رہی ہے۔ ریاست کے اندر مزدوروں کو لے جانے کے لئے بسیں کیوں نہیں چلائی جارہی ہیں۔ یا تو حکومت کو کچھ نظر نہیں آرہا ہے یا وہ سب کچھ دیکھ کر بھی انجان بنی ہوئی ہے۔ کیاحکومت کا کام صرف بیان بازی کرنا رہ گیا ہے۔‘‘
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
گزشتہ جمعہ کو ہی وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ریاست کے کسی بھی ضلع میں مہاجر مزدوروں کے ٹرک یا پا پیادہ سفرکرنے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے تمام اضلاع کو ہدایت دی تھی کہ وہ مہاجر مزدوروں کے محفوظ سفر کے لئے بسوں کا انتظام کریں۔ وزیر اعلی کی ہدایت کو ابھی 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ اوریا میں ٹرک سے سفر کرنے والے مہاجر مزدوروں کا دل دہلانے والا حادثہ رونما ہو گیا۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
آفیشیل ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ اس حادثے کے بعد دو ایس ایچ او (ایک اوریا اور ایک اٹاوہ) کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ یہی لوگ ان مہاجر مزدوروں کو ٹرک سے سفر کرنے سے نہ روکنے کے ذمہ دار ہیں۔ اس کے علاوہ آگرہ کے اے ڈی جی اور آئی جی کے ساتھ آگرہ و متھرا کے ایس ایس پی سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ کس طرح ان کے علاقے میں ٹرک ان مہاجر مزدوروں کو لے جارہے تھے۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
وزیر اعلی نے کہا کہ مہاجر مزدوروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے ہر ضلع کو 200 بسیں کرایہ پر لینے کے لئے فنڈ کو پہلے سے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔ لیکن اضلاع ان ہدایات پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے افسران سے دونوں ٹرک مالکین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور ان کی گاڑیاں سیز کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
ریاستی حکومت نے پہلے ہی مہلوکین کے اہل خانہ کے لئے 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کے لئے 50 ہزار روپئے کے مالی تعان کا اعلان کیا ہے۔ تاہم اس حادثے کے بعد اپوزیشن کی طرف سے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو اور بہوجن سماج پارٹی سپریمو مایاوتی نے اوریا میں پیش آئے سڑک حادثے پر اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے لئے حکومت سے مناسب معاوضہ کا مطالبہ کیا ہے۔ اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ حکومت مہاجر مزدوروں کے ٹرک ودیگر گاڑیوں سے سفر کرنے پر پابند ی لگانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ جو کہ مہاجر مزدوروں کے لئے کافی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثے موت نہیں بلکہ قتل ہیں۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
ایس پی سربراہ نےاپنے ٹوئٹ میں لاپرواہی کے لئے یوگی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ کو دس ۔دس لاکھ روپئے امداد کے طور پر دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ ریاستی حکومت کی جانب سے مہاجر مزدوروں کا قتل ہے۔ انہوں نے پارٹی کی جانب سے مہلوکین کو ایک۔ایک لاکھ روپئے مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
ادھر، بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے بھی حادثے کے لئے بی جے پی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا، ’’کروڑوں غریب، لاچار و بے سہارا مزدوروں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ یو پی کے وزیر اعلیٰ کے اعلانات کے باوجود زمینی حقیقت تبدیل نہیں ہو رہی، تو اس کے لئے افسران کو سزا دینی چاہیے۔‘‘
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 May 2020, 4:41 PM IST
تصویر: پریس ریلیز