نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ سے انڈیا اتحاد اور کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر کنہیا کمار نے آج گوکل پوری کے سَنت روی داس مندر میں پوجا کر کے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ دَرشن کے بعد انہوں نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔ اس کے بعد انہوں نے مصطفی آباد اسمبلی میں منعقدہ نکڑ میٹنگ میں اپنی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل بھی کی۔
Published: undefined
عوام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کنہیا کمار نے کہا کہ ہندوستانی کی تاریخ سنت روی داس جی کے بغیر ادھوری ہے۔ آج کے موجودہ وقت میں ان کے نظریات پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 2024 کا لوک سبھا الیکشن کہنے کو تو عام الیکشن ہے، لیکن یہ ہندوستانی جمہوریت کے لیے عام الیکشن نہیں ہیں۔ یہ الیکشن ملک کے اتحاد و سالمیت کو بر قرار رکھنے اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہے۔ یہ الیکشن تاناشاہی حکومت کے خلاف، مٹھی بھر سرمایہ داروں کی خوشحالی پر معاشی ترقی اور ناانصافی پر انصاف کا انتخاب کرنے کا موقع ہے۔
Published: undefined
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر کنہیا کمار نے کہا کہ ملک کے بدلتے حالات، بڑھتی ہوئی نفرت کے دور میں سَنت روی داس جی کی دی ہوئی تعلیمات کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سَنت رویداس جی نے تبلیغ کے دوران کہا تھا کہ جو چیز برابری کے لیے نہیں ہے وہ انسانیت کے لیے نہیں ہے۔ سب کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔ آج کانگریس پارٹی اپنے منشور کے ذریعے ان باتوں کو عوام تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
Published: undefined
بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کنہیا کمار نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں ہم نے دیکھا کہ کس طرح وزیر اعظم مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت نے سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے جمہوریت کے اداروں کو کمزور کیا، کس طرح حکومت عالمی وبا کورونا وائرس کے دور میں آکسیجن فراہم کرنے میں ناکام رہی اور لاکھوں مزدوروں کو سڑکوں پر لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی عوام مخالف پالیسوں کے سبب آج ہندوستانی عوام سخت پریشان ہیں اور بدلاؤ چاہتے ہیں۔
Published: undefined
گوکل پوری کے بعد کنہیا کمار مصطفیٰ آباد اسمبلی کے برج پوری میں منعقدہ نکڑ میٹنگ میں پہنچے، جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور وہاں کے مسائل کو بغور سنا۔ نکڑ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کنہیا کمار نے کہا کہ انڈیا اتحاد میں ایک اہم جزو کے طور پر کانگریس پارٹی اپنے ’نیائے پتر کے ذریعے ملک کے ہر فرد کو انصاف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس لیے میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ انصاف اور جمہوریت کی اس لڑائی میں ہمارے اتحادی بنیں اور اس لوک سبھا انتخاب میں کانگریس پارٹی و انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو پرجوش طریقے سے ووٹ دیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز