ہندوستان نے کورونا کے خلاف جنگ میں اس وقت ایک بڑا معرکہ سر کر لیا جب 200 کروڑ ٹیکہ کاری مکمل ہو گئی۔ اس ہدف کو حاصل کیے جانے کے بعد ہندوستان کی پوری دنیا میں تعریف ہو رہی ہے۔ غیر ممالک کی کئی مشہور ہستیوں نے 200 کروڑ ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کرنے پر ہندوستان کی پیٹھ تھپتھپائی ہے۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس کامیابی کے بعد اپنا اظہارِ خیال لوگوں کے سامنے پیش کیا ہے۔
Published: undefined
ہندوستان کے لیے کورونا سے جنگ آسان نہیں تھی۔ یہاں پر تقریباً 60 فیصد لوگ آج بھی گاؤں میں رہتے ہیں۔ تعلیم کی سطح میں بہتری ضرور آئی ہے لیکن اب بھی دور دراز علاقوں میں تعلیم کی کمی سے ہر کوئی واقف ہے۔ کورونا بحران میں جب سب کچھ ایک جھٹکے میں رک گیا تھا تب انہی گاؤں نے ہماری مدد بھی کی۔ آج ہندوستان اس لڑائی میں دنیا کے دیگر ممالک سے کافی آگے نکل چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور ایک وقت دنیا کے سب سے امیر شخص رہے بل گیٹس نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جو ٹوئٹ کیا ہے، اس میں لکھا ہے کہ ’’کورونا کی روک تھام کے لیے 200 کروڑ ٹیکہ کاری کے ایک اور سنگ میل کو حاصل کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد۔ ہم ہندوستانی ویکسین سازوں اور حکومت ہند کے ساتھ کووڈ-19 کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہماری لگاتار شراکت داری کے لیے شکرگزار ہیں۔‘‘
Published: undefined
دراصل 200 کروڑ ٹیکہ کاری کئی معاملوں میں اہم ہے۔ اس دوران بہت سارے چیلنجز ہندوستان کے سامنے آئے۔ واٹس ایپ پر ایسی ایسی افواہیں پھیلائی گئیں جس سے لوگوں نے ٹیکہ کاری نہیں کرانے کا عزم کیا۔ جہاں پر ناخواندگی ہوتی ہے، وہاں پر کئی طرح کے مسائل آتے ہیں۔ ٹیکہ کاری کے بارے میں جس طرح کی افواہیں پھیلائی گئیں، اس سے باہر نکلنا بہت مشکل تھا۔ یہاں تک کہا گیا کہ ویکسین سے انسان نامرد ہو جاتا ہے۔ ویکسین میں گائے کی چربی ملے ہونے، یا پھر خنزیر کا تیل استعمال ہونے کی بات بھی کہی گئی۔ اس طرح کی افواہیں ٹیکہ کاری کے سفر میں رخنہ انداز بنیں، لیکن سبھی رخنات کو پار کرتے ہوئے ہندوستان نے 200 کروڑ ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کر لیا۔
Published: undefined
بہرحال، بل گیٹس کا ہندوستان کو مبارکباد دینا صرف ’مبارکبادی پیغام‘ تک محدود نہیں ہے۔ یہ مغربی ممالک کا ہندوستان کے اوپر ایک اعتماد کا اشارہ بھی ہے۔ ہندوستان نے اپنی ویکسین بنا کر دنیا کو یہ دکھا دیا کہ اب یہ ہندوستان وہ نہیں رہا جو امیدوں کی آس میں مغربی ممالک کی طرف دیکھتا رہتا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بل گیٹس کے ٹوئٹ کے تقریباً 15 گھنٹے بعد جواب دیا۔ انھوں نے اپنے جواب میں کہا کہ ہندوستان کی ٹیکہ کاری مہم رفتار اور پیمانے کے لحاظ سے بہت بڑی ہے، یہ مہم سائنسدانوں، ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت کئی لوگوں کی اجتماعی کوششوں سے کامیاب ہو پائی ہے۔ ساتھ ہی ہندوستان میں لوگوں نے سائنس میں قابل ذکر یقین دکھایا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ وقت پر کورونا کی خوراک لی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز