نئی دہلی: آج کا دن ریل مسافروں کے لیے خوف و دہشت والا ثابت ہوا ہے۔ ایک ہی دن میں دو ریل حادثوں نے مسافروں پر منڈلا رہے خطرات کے بادل کی طرف واضح اشارہ کر دیا ہے۔ آج علی الصبح اتر پردیش کے سون بھدر میں ہوئے ریل حادثہ کے بعد اب دہلی میں رانچی راجدھانی ایکسپریس کے ڈبے پٹری سے اترنے کا حادثہ سرزد ہوا ہے۔ حالانکہ ان حادثوں میں کسی کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے لیکن ایک مہینے میں پانچ ریل حادثات کوئی اچھی علامت نہیں ہے۔ حالانکہ وزارت ریل سے سریش پربھو کو ان کی ناقص کارکردگی اور بڑھتے حادثات کے سبب کچھ دنوں پہلے ہی ہٹا دیا گیا، لیکن نئے مرکزی وزیر ریل پیوش گویل کا استقبال جس طرح ایک ہی دن میں دو ریل حادثوں کے ساتھ ہوا ہے، اس سے اچھے اشارے نہیں مل رہے ہیں۔
آج سرزد ہوئے دونوں حادثات پوری طرح سے ریلوے انتظامیہ کی لاپروائی کا نتیجہ نظر آ رہی ہے۔ رانچی راجدھانی ایکسپریس شیواجی برج کے آس پاس حادثہ کی شکار ہوئی جہاں سے روزانہ کم و بیش دس ہزار ٹرینیں گزرتی ہیں اور عموماً یہاں پر ٹرین کی رفتار کم ہوتی ہے۔ اگر ٹرین کی رفتار تیز ہوتی تو کوئی بڑے حادثہ سرزد ہو سکتا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس حادثہ میں رانچی راجدھانی ایکسپریس کا انجن اور پاور کار بھی پٹری سے اتر گیا۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹری میں کچھ خامیاں تھیں اور بارش کی وجہ سے اس کا پتہ نہیں چل سکا۔ ریل انتظامیہ صرف اتنا کہہ کر اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہو گئی کہ معاملے کی جانچ کی جائے گی۔
Published: undefined
اس سے قبل آج صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے اتر پردیش کے سون بھدر میں ٹرین نمبر 11448 شکتی پنج ایکسپریس کے سات ڈبے پٹری سے اتر گئے جس میں 3 اے سی ڈبے بھی شامل ہیں۔ اس حادثہ میں کم و بیش 15 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ شکتی پنج ایکسپریس ہاوڑا سے جبل پور جاتے ہوئے اس وقت حادثہ کی شکار ہوئی جب وہ اوبرا تھانہ حلقہ کے پھپھرا کنڈ پہنچی تھی۔ یہ علاقہ اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی سرحد پر واقع ہے۔ خبروں کے مطابق حادثہ پٹری کے ٹوٹے ہونے کی وجہ سے ہوا۔ اس ٹرین کی رفتار بھی بہت زیادہ تیز نہیں تھی جس کے سبب ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ لیکن وزارت ریل کی کارروائی پر سوالیہ نشان تو لگ ہی گیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined