اتر پردیش کے آگرہ میں ٹرین آتشزدگی کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ ملپورہ کے بھاڑئی ریلوے اسٹیشن کے پاس پنجاب کے فیروزپور سے چھندواڑہ جا رہی پاتال کوٹ ایکسپریس (14624) کے دو ڈبوں میں اچانک آگ لگ گئی جس نے مسافروں میں بھگدڑ کی حالت پیدا کر دی۔ آگ کی شدت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ڈبے کے بیشتر حصے جل کر خاک ہو گئے۔
Published: undefined
بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی دوپہر پاتال کوٹ ایکسپریس میں آگ لگنے کا یہ واقعہ پیش آیا، حالانکہ اس کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق اس آگ کی زد میں کئی مسافر آئے ہیں جنھیں علاج کے لیے مقامی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ٹرین میں آگ لگنے سے چیخ و پکار مچ گئی اور پھر فوری طور پر ریل و مقامی انتظامیہ کو اس کی جانکاری دی گئی۔
Published: undefined
موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ مقامی عوام کی مدد سے ریلوے افسران آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی پہنچ چکی ہے۔ ٹرین میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ آگ کی زد میں آئی بوگیوں سے سبھی لوگوں کو بہ حفاظت باہر نکالا گیا، حالانکہ اس دوران کئی مسافر زخمی ہوئے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 سے 12 مسافر زخمی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج مہیا کرایا گیا ہے۔
Published: undefined
جھلسنے والے مسافروں میں سے ایک کا نام راہل بتایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثہ بہت بھیانک تھا۔ کافی لوگ اوپر سو رہے تھے اور آگ کی لپٹیں دیکھنے کے بعد سبھی باہر کی طرف بھاگے۔ بیشتر لوگ بوگی سے نکل گئے لیکن کچھ لوگ معمولی طور پر جھلس گئے۔ اس ٹرین میں آگرہ کے شرد جین بھی اپنی فیملی کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اپنے دو بچوں اور بیوی کے ساتھ تھے جب آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔ کھڑکی کے پاس آگ دیکھ کر فوراً وہ اپنی فیملی کو بچانے کی جدوجہد میں مصروف ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے جب دور سے ٹرین میں لگی آگ کو دیکھا تو وہ بھی دوڑے ہوئے پہنچے اور بوگی سے باہر نکلنے میں لوگوں کی مدد کرنے لگے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز