ممبئی: ممبئی میں اردو ادب وزبان کی خدمت انجام دینے والی تنظیم ’اردو مرکز‘ نے ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز کی تقسیم کے معاملے میں اردو ادبا و شعرا کو نظر انداز کئے جانے پر صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کوند کو مکتوب روانہ کرکے توجہ مبذول کرائی ہے۔
Published: undefined
اردو مرکز کے ڈائریکٹر زبیر اعظمی نے صدر رام ناتھ کووند کے دفتر کو روانہ کئے گئے مکتوب میں کہا کہ حال ہی میں 26 جنوری کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو پدم ایوارڈ سے نوازا گیا، ہم ان کا احترام اور خیرمقدم کرتے ہیں لیکن اس موقع پر اردو زبان و ادب کی خدمت انجام دینے والی شخصیت کو اعلیٰ شہری اعزاز کے لائق نہیں سمجھا گیا۔
Published: undefined
اردو مرکز کے ذریعے تحریر کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 8 فیصد آبادی اردو پڑھتی، لکھتی، بولتی اور سمجھتی ہے۔ ہندوستانی طرز کی اردو زبان بولنے والوں کی بھی بڑی تعداد ملک میں موجود ہے۔ اردو شاعری، نثر، نظم، ڈرامہ، اور اردو صحافیوں نے اردو ادب و زبان کے ساتھ ساتھ ہندوستانی کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں، جسے ہندی اور اردو بولنے والے سمجھ سکتے ہیں۔
Published: undefined
بالی ووڈ میں مکالمہ نگاری، اسکرین پلے اور نغمہ نگاری کے میدان میں اردو زبان کا رول ناقابل فراموش ہے۔ ساحر لدھیانوی، مجروح سلطان پوری، کیفی اعظمی، جاں نثار اختر، علی سردار جعفری، گلزار، جاوید اختر اور بہت سے دوسرے لوگوں نے اردو ادب کو ایک نئی جہت عطاء کی ہے، اس لئے اردو مرکز مطالبہ کرتا ہے کہ اعلیٰ شہری اعزازات سے اردو کے ادبا و شعرا کو بھی نوازا جائے۔
Published: undefined
اردو مرکز کے ڈائریکٹر زبیر اعظمی نے کہا کہ دوسری بڑی زبانوں کی طرح اردو زبان و ادب بھی ترقی پذیر ہے، اردو ادب میں بھی نئے نئے تجربات کئے جا رہے ہیں اور نئے رجحانات پروان چڑھ رہے ہیں۔ اس کے باوجود عرصہ دراز سے اردو ادبا و شعرا کو پدم ایوارڈ سے نہیں نوازا گیا ہے۔ اردو مرکز نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل قریب میں پدم ایوارڈ کی تقسیم کے سلسلے میں اردو زبان و ادب سے وابستہ افراد کوبھی نوازا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined