ادبی سرگرمیاں

بیگم عابدہ احمد کی یاد میں پانچ روزہ ’اُردو ڈرامہ فیسٹیول‘ 6 جولائی سے

’ہم سب‘ کے ذریعہ منعقد کیے جانے والے اس پانچ روزہ اُردو ڈرامہ فیسٹیول میں روزانہ ایک ڈرامہ پلے کیا جائے گا اور سبھی ڈرامے غالب آڈیٹوریم میں شام 6.30 بجے شروع ہوں گے۔

بیگم عابدہ احمد کی یاد میں اُردو ڈرامہ فیسٹیول
بیگم عابدہ احمد کی یاد میں اُردو ڈرامہ فیسٹیول 

’ہم سب ڈرامہ گروپ‘ (غالب انسٹی ٹیوٹ) کے ذریعہ آئندہ 6 جولائی سے 10 جولائی تک ’اُردو ڈرامہ فیسٹیول‘ منعقد کیا جا رہا ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تکنیکی اور لسانی طور پر مضبوط پانچ تھیٹر گروپس اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ غالب آڈیٹوریم میں پانچوں دن ایک ایک ڈرامہ پیش کیا جائے گا اور ہر دن الگ تھیٹر گروپ ہوگا۔ اس ڈرامہ فیسٹیول سے متعلق معروف ادیبہ اور ’ہم سب‘ کی چیئر پرسن رخشندہ جلیل نے ’قومی آواز‘ کو بتایا کہ ’’ہندوستان کے پانچویں صدر جمہوریہ فخرالدین علی احمد کی بیوی بیگم عابدہ احمد کی یاد میں یہ ڈرامہ فیسٹیول کرایا جا رہا ہے جو’ہم سب‘ کی بانی ہیں۔ اِس اُردو ڈرامہ فیسٹیول کے ذریعہ ’ہم سب تھیٹر گروپ‘ کو مزید متحرک بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘

رخشندہ جلیل، جو کہ غالب انسٹی ٹیوٹ کی ٹرسٹی بھی ہیں، انھوں نے بتایا کہ اس پانچ روزہ ڈرامہ فیسٹیول میں پلے کے لیے منتخب کیے جانے سے پہلے تھیٹر گروپس کا باضابطہ معائنہ کیا گیا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ چونکہ یہ اُردو ڈرامہ فیسٹیول ہے اس لیے خاص خیال رکھا گیا کہ تھیٹر گروپ اُردو زبان پر عبور رکھتے ہوں۔ ’قومی آواز‘ کو رخشندہ جلیل بتاتی ہیں کہ ’’غالب انسٹی ٹیوٹ لوکیشن کے لحاظ سے بہت اچھی جگہ پر ہے۔ یہ آئی ٹی او میٹرو اسٹیشن سے بھی قریب ہے اور پرانی دہلی سے بھی۔ یہاں لوگوں کی رسائی کافی آسان ہے، اس لیے اب ’ہم سب‘ کے ذریعہ یہاں الگ الگ طرح کے پروگرام کا انعقاد کر کے تھیٹر کی روایت کو فروغ دیا جائے گا۔‘‘

Published: 05 Jul 2018, 9:50 PM IST

حکومت ہند کی وزارت ثقافت کے تعاون سے ہونے والے اس اُردو ڈرامہ فیسٹیول میں پہلے دن یعنی 6 جولائی کو ’قصہ اُردو کی آخری کتاب کا‘ کے نامہ سے ڈرامہ پیش کیا جائے گا جس کی ہدایت کاری دانش حسین کریں گے۔ پیشکش ’ہوش ربا ریپیرٹری‘ تھیٹر گروپ کی ہوگی۔ دوسرے دن کی پیشکش ’تھری آرٹس کلب‘ کی ہوگی اور ڈرامہ کا نام ہوگا ’کفن کفن چور‘۔ اس ڈرامہ کی ہدایت کاری ایم کے رینا کریں گے جو اس کے اسکرپٹ رائٹر بھی ہیں۔ 8 جولائی کو ’اینٹی نیشنل غالب‘ کے عنوان سے دانش اقبال کا تحریر کردہ ڈرامہ امت بجاج کی ہدایت کاری میں پیش کیا جائے گا اور تھیٹر گروپ کا نام ہے ’ٹرائی پوڈ‘۔ 9 جولائی کو پیش کیے جانے والے ڈرامے کا نام ’آدمی نامہ‘ ہے جس کی ہدایت کاری راجیش سنگھ کریں گے۔ یہ ڈرامہ ’بہروپ آرٹس گروپ‘ کے تحت ہوگا۔ آخری دن یعنی 10 جولائی کو ’چند روز اور مری جان‘ ڈرامہ ناظرین کے سامنے پیش کیا جائے گا جس کی بنیاد فیض احمد فیض کی نظم ہے۔ سلیمہ رضا کی ہدایت کاری میں پیش کیا جانے والا یہ ڈرامہ دیکھنے لائق ہوگا کہ کس طرح فیض کی نظم کو ڈرامہ کی شکل دی جاتی ہے۔ اس ڈرامہ میں ’وِنگس کلچرل سوسائٹی‘ تھیٹر گروپ اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔ سبھی ڈرامے غالب آڈیٹوریم میں شام 6.30 بجے شروع ہوں گے اور داخلہ ہر خاص و عام کے لیے مفت ہے۔

Published: 05 Jul 2018, 9:50 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 05 Jul 2018, 9:50 PM IST