رائل چیلنجرس بنگلور کو ایک بار پھر کولکاتا نائٹ رائیڈرس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کولکاتا نے آج بنگلور کے سامنے جیت کے لیے 201 رنوں کا ہدف رکھا تھا لیکن 20 اوور میں وہ 8 وکٹ کے نقصان پر 179 رن ہی بنا سکی اور 21 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلور کی طرف سے وراٹ کوہلی نے ایک بار پھر شاندار نصف سنچری لگائی، لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک میدان پر کھڑا نہیں رہ سکا اور ٹیم کو 8 میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Published: undefined
آج کے میچ میں بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ کولکاتا کے لیے اچھی بات یہ رہی کہ شروعات شاندار ملی اور جب پہلا وکٹ این جگدیسن (29 گیندوں میں 27 رن) کی شکل میں گرا تو ٹیم کا اسکور 9.2 اوور میں 93 رن پہنچ گیا تھا۔ سلامی بلے باز جیسن رائے نے طوفانی بلے بازی کی جو 29 گیندوں پر 56 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد ونکٹیش ایر (26 گیندوں پر 31 رن) اور کپتان نتیش رانا (21 گیندوں پر 48 رن) نے ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف گامزن کیا۔ حالانکہ آندرے رسل (1 رن) کچھ خاص نہیں کر سکے، لیکن آخر میں رنکو سنگھ نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 18 رن اور ڈیوڈ ویز نے 3 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 12 رن بنا کر 20 اوور میں ٹیم کا اسکور 200 رن تک پہنچا دیا۔
Published: undefined
بنگلور کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو ایک بار پھر سلامی بلے باز وراٹ کوہلی اور فاف ڈوپلیسس نے تیز رفتاری کے ساتھ رن بنایا۔ دونوں نے 2.1 اوور میں ہی 31 رن بنا دیے تھے، لیکن تیسرے اوور کی دوسری گیند پر کولکاتا کے اسپن گیندباز سویش شرما نے ڈوپلیسس (7 گیندوں پر 17 رن) کو باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔ یہ بنگلور کے لیے زبردست جھٹکا تھا، اور اس کے بعد سے جو وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو رنوں کی رفتار بھی گھٹتی چلی گئی۔ صرف وراٹ کوہلی ہی 37 گیندوں پر 54 رن بنا سکے، اور انھیں کسی دیگر بلے باز کا ساتھ نہیں مل سکا۔ شہباز احمد 2 رن اور گلین میکسویل 5 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
Published: undefined
مہیپال لومرور (18 گیندوں پر 34 رن) اور دنیش کارتک (18 گیندوں پر 22 رن) نے کچھ حد تک بنگلور کی امیدوں کو زندہ رکھا تھا، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کولکاتا کو جیت صاف دکھائی دینے لگی۔ سویش شرما (4 اوور میں 30 رن دے کر 2 وکٹ)، ورون چکرورتی (4 اوور میں 29 رن دے کر 3 وکٹ) اور آندرے رسل (4 اوور میں 29 رن دے کر 2 وکٹ) کی کفایتی گیندبازی نے بنگلور کو 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 179 رن تک روک دیا۔ اس طرح کولکاتا کو لگاتار 4 میچوں میں شکست کے بعد ایک جیت حاصل ہوئی اور ہار کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ اب کولکاتا کے 8 میچوں میں 4 جیت کے ساتھ 8 پوائنٹ ہو گئے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined