کولکاتا واقع ایڈن گارڈنس کے میدان میں آج ایک بار پھر رنوں کی خوب بارش دیکھنے کو ملی۔ پہلے سنرائزرس حیدر آباد کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 228 رن بنانے میں کامیاب ہوئی، اور پھر کولکاتا نے جیت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 205 رن ہی بنا سکی۔ یعنی رنوں کی بارش والے اس میچ میں حیدر آباد سے کولکاتا 23 رنوں سے شکست کھا گیا۔
Published: undefined
آج ٹاس کولکاتا کے کپتان نتیش رانا نے جیتا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ حالانکہ سنرائزرس حیدر آباد کی شروعات اچھی نہیں رہی، لیکن سلامی بلے باز ہیری بروک کی شاندار سنچری نے حالات کو خراب نہیں ہونے دیا۔ مینک اگروال اور راہل ترپاٹھی محض 9-9 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ہیری بروک کا ساتھ دینے کپتان ایڈن مارکرم آئے جنھوں نے طوفانی اننگ کھیلی۔ مارکرم نے 26 گیندوں پر 50 رن، اور پھر ابھشیک شرما نے 17 گیندوں پر 32 رن کا تعاون کیا۔ ہینرک کلاسین نے بھی آخر میں 6 گیندوں پر تیز طرار ناٹ آؤٹ 16 رن بنا ڈالے۔ ہیری بروک بھی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے اور 55 گیندوں پر 100 رنوں کی اننگ کھیلی۔
Published: undefined
کولکاتا کی طرف سے صرف سنیل نرائن (4 اوور میں 28 رن) ایسے گیندباز رہے جنھوں نے فی اوور 10 سے نیچے کی اوسط سے رن دیے، حالانکہ انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ 3 وکٹ آندرے رسل کو ملے جنھوں نے 2.1 اوور میں 22 رن دیے۔ ایک وکٹ ورون چکرورتی کے حصے میں آیا جو 4 اوور میں 41 رن دے بیٹھے۔ سب سے مہنگے لاکی فرگوسن رہے جنھوں نے محض 2 اوور میں ہی 37 رن لٹا دیے۔ اُمیش یادو نے بھی 3 اوور میں ہی 42 رن خرچ کیے۔
Published: undefined
جب کولکاتا کی ٹیم بلے بازی کرنے اتری تو سلامی بلے باز رحمن اللہ گرباز پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے بھونیشور کمار کا شکار ہو گئے۔ ونکٹیش ایر بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور محض 10 رن بنا سکے۔ اگلی ہی گیند پر سنیل نرائن بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ یعنی ٹیم کا اسکور 3.3 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 20 رن ہو گیا۔ ایسے موقع پر کپتان نتیش رانا نے ذمہ داری اپنے کندھے پر لی اور ایک سرے سے وکٹ گرنے کا سلسلہ بھی روکا اور تیزی کے ساتھ رن بھی بنائے۔ نارائن جگدیشن 21 گیندوں پر 36 رن بنا کر جب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کی کچھ سنبھل چکی تھی۔ لیکن آندرے رسیل (6 گیندوں پر 3 رن) امید پر کھرے نہیں اترے اور ایک بار پھر کولکاتا مشکل میں نظر آنے لگی۔
Published: undefined
اس موقع پر کپتان نتیش رانا کا ساتھ دینے کے لیے پچھلے میچ کے ہیرو رنکو سنگھ اترے جنھوں نے کچھ اچھے شاٹ لگائے۔ جب 41 گیندوں پر 75 رن بنا کر کپتان نتیش رانا آؤٹ ہوئے تو کولکاتا کی جیت مشکل دکھائی دینے لگی کیونکہ رنکو سنگھ کے علاوہ کوئی دوسرا ایسا بلے باز دکھائی نہیں دے رہا تھا جو تیزی کے ساتھ رن بنا سکے۔ دراصل 21 گیندوں پر جیت کے لیے 64 رن درکار تھے۔ جب کھیل آگے بڑھا تو امید کے مطابق کولکاتا میچ میں پچھڑتی ہی چلی گئی کیونکہ شاردل ٹھاکر 7 گیندوں پر 12 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور رنکو سنگھ تن تنہا کولکاتا کو جیت دلانے میں ناکام ہو گئے۔ حالانکہ وہ محض 31 گیندوں پر 58 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کولکاتا کی ٹیم 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 205 رن ہی بنا سکی اور 23 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Published: undefined
حیدر آباد کی طرف سے اسپن گیندباز مینک مارکنڈے نے ایک بار پھر قابل تعریف گیندبازی کی اور 4 اوور میں محض 27 رن دے کر 2 اہم وکٹ (جگدیسن اور رسیل) حاصل کیے۔ 2 وکٹ مارکو یانسین کو بھی ملے جنھوں نے 4 اوور میں 37 رن دیے۔ بھونیشور کمار (4 اوور میں 29 رن)، ٹی نٹراجن (4 اوور میں 54 رن) اور عمران ملک (2 اوور میں 36 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔ 2 اوور میں 20 رن دینے والے واشنگٹن سندر آج وکٹ سے محروم رہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آخری اوور عمران ملک کو دیا گیا تھا جس میں کولکاتا کو جیت کے لیے 32 رن بنانے تھے۔ اس اوور میں عمران نے محض 8 رن دیے اور 1 وکٹ بھی حاصل کر لیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined