ممبئی انڈینز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میچ میں لوگوں سے دلچسپ مقابلے کی امید تھی لیکن دہلی نے اپنے شیدائیوں کو کافی مایوس کیا۔ دہلی کے کپتان شریئس ایر نے ٹاس بھلے ہی جیتا لیکن پہلے ممبئی کے ذریعہ کھڑے کیے گئے 200 رن کے پہاڑ کا دباؤ ان کی ٹیم برداشت نہیں کر سکی۔ جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ کی خطرناک گیندبازی کے سامنے پوری ٹیم بکھرتی ہوئی نظر آئی اور 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر محض 143 رن بنا سکی۔
Published: undefined
پہلے بلے بازی کی دعوت ملنے کے بعد ممبئی کے کپتان روہت شرما اور کوئنٹن ڈیکوک میدان میں اترے اور پہلے ہی اوور سے تیز شروعات دینے کی کوشش کی۔ پہلا اوور تو بہت اچھا گیا جس میں ڈیکوک نے 15 رن بنا ڈالے، لیکن دہلی کے لیے دوسرا اوور کرنے آئے اسپن گیندباز روی چندرن اشون نے روہت شرما کو پہلے ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے زبردست جھٹکا دیا۔ تعریف کرنی ہوگی ڈیکوک اور نئے بلے باز سوریہ کمار یادو کی جنھوں نے اس جھٹکے کے باوجود تیز بلے بازی جاری رکھی۔ دونوں کے درمیان 37 گیندوں پر 62 رن کی شراکت داری ہوئی۔ اس وقت ڈیکوک 25 گیندوں پر 1 چھکا اور 5 چوکے کی مدد سے 40 رن بنا کر اشون کا شکار ہوئے۔
Published: undefined
تیسرا وکٹ سوریہ کمار یادو کی شکل میں گرا جب نارخیا نے انھیں سیمس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ سوریہ کمار نے 38 گیندوں پر 2 چھکے اور 6 چوکے کی مدد سے شاندار 51 رن بنائے۔ لیکن اس کے بعد کیرن پولارڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس سے ممبئی کچھ دباؤ میں آ گئی۔ کرونال پانڈیا بھی سترہویں اوور کی پہلی گیند پر محض 13 رن بنا کر اسٹوئنس کا شکار ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 140 رن تھا اور ایسا لگ رہا تھا جیسے 200 کا اسکور پہنچنا مشکل ہوگا۔ لیکن ایک طرف ایشان کشن طوفانی بلے بازی کر رہے تھے اور دوسری طرف نئے بلے باز ہارڈک پانڈیا نے بھی آتشی بلے بازی شروع کر دی۔ دو طرفہ حملے کا نتیجہ یہ رہا کہ 20 اوور میں ممبئی 5 وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ ایشان کشن نے 30 گیندوں پر 3 چھکے اور 4 چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 55 رن بنائے، جب کہ ہارڈک نے 14 گیندوں پر 5 شاندار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 37 رن بنا ڈالے۔
Published: undefined
دہلی کی طرف سے گیندبازوں میں سب سے کامیاب اشون رہے جنھوں نے 4 اوور میں 29 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ نارخیا اور اسٹوئنس کو حاصل ہوا جنھوں نے بالترتیب 4 اوور میں 50 رن اور 1 اوور میں 5 رن دیے۔ بقیہ گیندبازوں کو کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ ڈینیل سیمس نے 4 اوور میں 44 رن، رباڈا نے 4 اوور میں 42 رن، اور اکشر پٹیل نے 3 اوور میں 27 رن دیے۔
Published: undefined
بڑے اسکور کا تعاقب کرنے کے لیے اتری دہلی کی ٹیم کو یکے بعد دیگرے 3 جھٹکے صفر کے اسکور پر ہی لگ گئے، جس نے ٹیم کو شروع میں ہی بیک فٹ پر ڈال دیا۔ پرتھوی شا اور اجنکیا رہانے کو پہلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے پویلین بھیجا، اور پھر اگلے اوور میں شکھر دھون کو بمراہ نے آؤٹ کر دیا۔ دہلی کے کپتان شریئس ایر (12 رن) نے 3 شاندار چوکے لگا کر امید جگائی، لیکن وہ بھی بمراہ کا شکار ہو گئے۔ رشبھ پنت بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں محض 3 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
Published: undefined
اس وقت دہلی کا اسکور 7.5 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 41 رن تھا۔ یہاں سے مرکس اسٹوئنس اور اکشر پٹیل کی بلے بازی شروع ہوئی جس نے دہلی کو کچھ مضبوطی عطا کی۔ مرکس اسٹوئنس نے 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 65 رن بنائے۔ انھیں بمراہ نے اپنی ایک بہترین گیند پر بولڈ کر دیا۔ نئے بلے باز ڈینیل سیمس بھی بغیر کوئی رن بنائے بمراہ کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد اکشر پٹیل اور رباڈا نے اننگ کو آگے بڑھایا لیکن جیت بہت دور جا چکی تھی۔ دہلی کے لیے اچھی بات یہی رہی کہ پوری ٹیم آؤٹ ہونے سے بچ گئی۔ آخری اوور میں اکشر پٹیل 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 42 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رباڈا 15 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 20 اوور میں دہلی کی ٹیم 8 وکٹ کے نقصان پر 143 رن بنانے میں کامیاب ہوئی اور 57 رنوں کے بڑے فرق سے شکست ہاتھ لگی۔
Published: undefined
ممبئی کی طرف سے گیندبازی زبردست رہی کیونکہ شروع میں ہی تیز گیندبازوں نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر دی تھی، حالانکہ بیچ کے اووروں میں اسپن گیندبازوں نے کچھ خاص گیندبازی نہیں کی۔ بمراہ سب سے زیادہ کامیاب رہے جنھوں نے 4 اوور میں 14 رن دے کر 4 وکٹ لیے۔ ٹرینٹ بولٹ کو 2 اوور کرنے کا ہی موقع ملا اور انھوں نے محض 9 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ کرونال پانڈیا اور کیرن پولارڈ کو ملا جنھوں نے بالترتیب 4 اوور میں 22 رن اور 4 اوور میں 36 رن دیے۔ نیل کولٹر نائل نے 4 اوور میں 27 رن دیے جب کہ راہل چاہر نے 2 اوور میں 35 رن خرچ کر دیے، ان دونوں کو ہی کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز