ممبئی انڈینز سے 10 وکٹ کی شرمناک شکست کے بعد دھونی کی کپتانی والی چنئی سپر کنگز آئی پی ایل ٹورنامنٹ سے اب پوری طرح باہر ہو چکی ہے۔ پلےآف میں پہنچنے کی اس کی اب کوئی بھی امید باقی نہیں ہے۔ آئی پی ایل سیزن 13 کا 41واں میچ آج پوری طرح سے یکطرفہ ثابت ہوا جہاں ممبئی نے چنئی کو ہر شعبہ میں شکست دی۔ پہلے تو ممبئی نے چنئی کو 20 اوور میں 9و کٹ کے نقصان پر محض 114 رن تک محدود کر دیا، اور پھر سلامی بلے بازوں ایشان کشن (68 رن) و کوئنٹن ڈی کوک (46 رن) کی ناقابل شکست اننگ نے 115 رنوں کا ہدف 12.2 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ممبئی نے جہاں پہلے میچ میں چنئی سے شکست کا بدلہ لے لیا ہے وہیں پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر بھی پہنچ گئی ہے۔
Published: undefined
ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما آج کے میچ میں نہیں کھیل رہے تھے اور اس کی وجہ سے ٹیم کی کپتانی کیرون پولارڈ نے کی۔ انھوں نے ٹاس جیت کر آج گیندبازی کا فیصلہ کیا جسے ان کے گیندبازوں نے پوری طرح درست ثابت کیا۔ پہلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے رتوراج گائیکواڈ (صفر) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، اور پھر اگلے اوور میں جسپریت بمراہ نے دو لگاتار گیندوں پر امباتی رائیڈو (2 رن) اور نارائن جگدیسن (صفر) کو پویلین بھیج کر چنئی کے سامنے مشکلیں کھڑی کر دیں۔ چنئی کے کپتان دھونی کے لیے پریشانیاں یہیں ختم نہیں ہوئیں۔ ٹرینٹ بولٹ کے دوسرے اوور میں فاف ڈوپلیسی (1 رن) آؤٹ ہوئے اور پھر بولٹ نے ہی رویندر جڈیجہ کو بھی 7 رن کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس وقت چنئی کا اسکور 5.2 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 21 رن تھا۔
Published: undefined
ایسے وقت میں لوگوں کی امیدیں کپتان دھونی پر مرکوز تھیں، لیکن 1 چھکّا و 2 چوکے لگا کر بہترین فارم دکھانے کے بعد اسپنر راہل چاہر کا شکار ہو گئے۔ انھوں نے 16 گیندوں پر 16 رن بنائے۔ جلد ہی دیپک چاہر بھی بغیر کوئی رن بنائے راہل چاہر کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 43 رن تھا اور چنئی پوری طرح سے دباؤ میں تھی۔ صرف سیم کرن میدان میں ایسے کھلاڑی موجود تھے جو بطور بلے باز جانے جاتے ہیں، دوسری طرف شردل ٹھاکر ان کا ساتھ دینے کے لیے اترے۔ ان دونوں نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ پر کچھ رن جمع کیے، لیکن جب 15واں اوور چل رہا تھا تو شردل ٹھاکر نے 11 رن کے انفرادی اسکور پر اپنا وکٹ ایک غلط شاٹ کھیل کر گنوا دیا۔ 15 اوور میں چنئی کا اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 71 رن ہو گیا۔
Published: undefined
سیم کرن کی تعریف کرنی ہوگی کیونکہ انھوں نے ایک طرف سے وکٹ گرنے کا سلسلہ روک رکھا تھا اور وقتاً فوقتاً کچھ اچھے شاٹ بھی لگائے۔ تعریف عمران طاہر کی بھی کرنی ہوگی جنھوں نے سیم کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 43 رن کی شراکت داری کی۔ قابل غور یہ بھی ہے کہ نواں وکٹ اننگ کی آخری گیند پر گرا جب بولٹ نے سیم کرن کو 52 رن کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا۔ اس سے قبل سیم نے آخری اوور میں 3 چوکے لگائے تھے۔ سیم نے 47 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چھکے و 4 چوکے لگائے۔ عمران طاہر نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 13 رن بنائے جس میں 2 چوکے بھی شامل ہیں۔ 20 اوور میں چنئی نے 9 وکٹ کے نقصان پر 114 رن بنائے۔
Published: undefined
ممبئی انڈینز کی گیندبازی کی اچھی بات یہ رہی کہ ٹرینٹ بولٹ اور جسپریت بمراہ نے وکٹ لینے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، اس کو دوسرے گیندبازوں نے بھی آگے بڑھایا اور سبھی گیندبازوں نے انتہائی کفایتی گیندبازی کی۔ ٹرینٹ بولٹ نے 4 اوور میں 18 رن دے کر 4 وکٹ لیے جب کہ جسپریت بمراہ نے 4 اوور میں 25 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ راہل چاہر نے بھی کافی متاثر کیا جنھوں نے 4 اوور میں 22 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ کولٹر نائل نے 4 اوور میں 25 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔ کرونال پانڈیا کو حالانکہ کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا، لیکن انھوں نے بھی 3 اوور میں محض 16 رن دیے۔ پولارڈ نے اپنے ایک اوور میں 4 رن دیے اور انھیں بھی کوئی وکٹ نہیں ملا۔
Published: undefined
115 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے کے لیے جب ممبئی کے سلامی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک اور ایشان کشان میدان پر اترے تو کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ چنئی کے گیندباز ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر پائیں گے۔ پہلے اوور میں جو باؤنڈری لگنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پھر چاہر، ہیزل ووڈ، طاہر، ٹھاکر، جڈیجہ کوئی بھی ایشان اور ڈی کوک کو نہیں روک سکا۔ دونوں ہی بلے بازوں کے سامنے چنئی کے گیندباز بے بس و مجبور نظر آئے۔ خصوصی طور پر ایشان کشن نے چاروں طرف کھل کر شاٹ لگائے اور انھوں نے بے خوف انداز میں طوفانی اننگ کھیلی۔ 12.2 اوور میں جب ممبئی 116 رن بنا کر جیتی تو ایشان 37 گیندوں پر 68 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے اور ڈی کوک 37 گیندوں پر 46 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ ایشان نے 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے، جب کہ ڈی کوک نے 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔
Published: undefined
چنئی کی طرف سے آج کوئی بھی گیندباز کفایتی ثابت نہیں ہوا۔ دیپک چاہر نے 4 اوور میں 34 رن، ہیزل ووڈ نے 2 اوور میں 17 رن، عمران طاہر نے 3 اوور میں 22 رن، شردل ٹھاکر نے 2.2 اوور میں 26 رن، اور رویندر جڈیجہ نے 1 اوور میں 15 رن لٹا دیے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined