واشنگٹن: امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کل رات جو ہوا وہ پہلی بار ضرور ہوا ہے اور اس نے امریکہ کے ایک بڑے طبقہ کو شرمندہ بھی ضرور کیا ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ اس کی توقع نہ کی جا رہی ہو۔ امریکی صدارتی انتخابی مہم کے دوران اور نتائج آنے کے بعد جو زبان صدر ٹرمپ استعمال کر رہے تھے اس کے بعد ایسی توقع کرنا فطری بات تھی۔
Published: 07 Jan 2021, 11:11 AM IST
اس حقیقت سے بھی اب سب واقف ہیں کہ سینٹ میں بھی جو بائیڈن کی پارٹی کا کنٹرول ہو گیا ہے اور صدارتی انتخابات میں بھی انہیں ہی سب سے زیادہ الیکٹورل کالج کے ووٹ ملے ہیں یعنی جو بائیڈن کو امریکی عوام نے اپنا صدر منتخب کیا ہے۔ ویسے تو صدر ٹرمپ نے جس دن سے اقتدار سنبھالا ہے اس دن سے ہی جس زبان کا وہ استعمال کرتے آ رہے ہیں اس نے امریکی سماج کو منقسم کر کے رکھ دیا تھا لیکن صدارتی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد تو وہ بالکل قابو سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی زبان اور ان کا رویہ ہی ہے جس کی وجہ سے انہیں ان ریاستوں میں شکست کامنہ دیکھنا پڑا جہاں کی عوام نے ان کی پارٹی کو سال 2016 میں زبردست کامیابی سے ہمکنار کرایا تھا۔
Published: 07 Jan 2021, 11:11 AM IST
کل امریکی سینٹ اور ایوان نمائندگان کے مشترکہ اجلاس میں جو بائیڈن کی جیت کی توثیق ہونی تھی اور اس کے لئے ہی وہاں منتخب ارکان جمع ہوئے تھے لیکن وہ اس ہنگامہ کی نذر ہوگئی۔ ٹرمپ کے حامیوں نے کل رات کیپٹل ہل پر دھاوا بول دیا اور پھر اتنا ہنگامہ کیا کہ اس میں ایک خاتون کے ہلاک ہونے کی بھی خبر آئی۔ بعد میں تین افراد اور ہلاک ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد چار ہو گئی۔ اس سارے ہنگامہ سے پہلے صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں ہی اپنے حامیوں سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ صدارتی انتخابات کے نتائج ’چوری‘ کئے گئے ہیں یعنی انہوں نے اپنے حامیوں کو کبھی سمجھانے کی کوشش نہیں کی بلکہ مستقل انہیں اکساتے رہے۔
Published: 07 Jan 2021, 11:11 AM IST
اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ لوگ آج کے دن کو امریکی تاریخ کے ’کالے دن‘ کے طور پر یاد رکھیں گے اور اس میں بھی کوئی دو رائے نہیں کہ جو کچھ کل رات امریکہ میں ہوا اس کے لئے وہاں کے عوام ہی ذمہ دار ہیں کیونکہ انہوں نے ہی ٹرمپ کا انتخاب کیا تھا۔ کل کے ہنگامہ کے بعد آنے والے دنوں میں خود ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو زبردست نقصان ہوگا۔
Published: 07 Jan 2021, 11:11 AM IST
اب عوام کو سمجھ جانا چاہئے کہ قوم پرستی کے کتنے نقصانات ملک کو بھگتنے پڑتے ہیں۔ حکومتوں اور حکمرانوں کو بھی سمجھ جانا چاہئے کہ اقتدار عارضی چیز ہے اور یہ عوام نے عوام کی خدمت کے لئے انہیں دیا ہوتا ہے۔ اچھا ہوگا اگر اس واقعہ سے امریکہ اور دوسرے ممالک کے لوگ کوئی سبق حاصل کر لیں۔
Published: 07 Jan 2021, 11:11 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jan 2021, 11:11 AM IST
تصویر: پریس ریلیز