ریاض میں منعقدہ جی-20 ورچول چوٹی کانفرنس سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان (ایم وی ایس) کی راست نگرانی میں منعقد کیا گیا جس کا مقصد عالمی اسٹیج پر سعودی عرب کی قائدانہ صلاحیتوں کو پیش کرنا تھا۔ توقع کے مطابق دو روزہ کانفرنس کے ایجنڈے میں کورونا وائرس کی وبا چھائی رہی۔ دنیا کی 20 بڑی معیشتوں نے کورونا ویکسین کی دنیا بھر میں کفایتی اور مساویانہ رسائی کو یقینی بنانے اور مستقبل میں صحت کے بحران سے نمٹنے کے لیے تیاری کا عہد کیا۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
چارلس مائیکل صدر نشین یوروپین کونسل نے مستقبل میں وباؤں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ایک بین الاقوامی معاہدے کی تجویز پیش کی۔ مائیکل نے کہا کہ ’’تمام ممالک، اقوام متحدہ کے تمام اداروں اور تنظیموں کے درمیان خاص طور سے عالمی صحت تنظیم کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں۔ ڈبلیو ایچ او کو صحت سے متعلق ہنگامی حالات میں عالمی تعاون کو یقینی بنانے کے لیے اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ جی -20 قیادت نے عہد کیا کہ عالمی سطح پر صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے 21 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی جائے گی۔ جی-20 کے اعلامیہ کے مطابق رکن ممالک معیشت اور روزگار کے تحفظ کے لیے 11 کھرب ڈالر کی مدد کرچکے ہیں۔ بین الاقوامی قائدین نے کووڈ-19 ٹیکہ کی تیاری اور تقسیم کے نظام کو مضبوط اور مربوط بنانے کے لیے جامع عہد کا اظہار کرتے ہوئے کم آمدنی والے ممالک کے لیے سماجی تحفظ کی ضمانت کو وسعت دینے، قرض کی راحت کو توسیع دینے اور پیرس معاہدہ کے تحت انتہائی ممکنہ ارادوں کا عہد کیا۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
سعودی عرب کے شاہ بن عبدالعزیز السعود نے اپنے اختتامی ریمارکس میں اس بات پر زور دیا کہ کووڈ-19کے اثرات کا سامنا کرنے اور دنیا کے عوام کے لیے ایک خوشحال مستقبل تعمیر کرنے کے لیے باہمی تعاون کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے کئی اہم پالیسیوں کو اختیار کیا، جو معیشت کے لیے ہر طرح سے بحالی حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی جو کہ لچکدار، مستحکم، غیر مختتم اور متوازن رہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پالیسیاں عالمی تجارت کو سب کے لیے کارگر بنانے اور مستحکم ترقی کے حصول کے لیے حالات کو سازگار بنانے میں رفتار برقرار رکھیں گی۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
اس کانفرنس کے ذریعہ سعودی عرب حکومت، ملک میں ہونے والی تبدیلیوں اور اصلاحات کے تعلق سے ایک مثبت تاثر دینا چاہتی تھی اور یہ بھی دکھانا چاہتی تھی کہ ملک میں مستقبل کے لیے کئی شاندار پراجیکٹس جیسے نیوم سٹی تیار کیے جا رہے ہیں لیکن وہ جاریہ وبا کی وجہ سے اس میں ناکام رہے۔ البتہ اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ نقائص سے پاک چوٹی کانفرنس منعقد کرنے کے ذریعہ وہ ملک کی ٹیکنالوجی میں مختلف پیمانے پر ہوئی پیش رفت کو بھی ظاہر کرنے میں کامیاب رہے۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس چوٹی کانفرنس سے خطاب کیا اور دنیا بھر میں کووڈ سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اصلاح پسند ہمہ گیریت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ وبا سے متاثر عام شہریوں اور معیشت کو بچانے پر مرکوز ہے اورساتھ ہی ہم بدلتے ماحولیاتی حالات کی سمت ہر ایک کی توجہ مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے یکطرفہ طور پر نہیں بلکہ ایک مربوط جامع اور منجملہ طریقہ سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ خود مکتفی ہندوستان کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انھوں نے خواتین کی خود اختیاری کے بارے میں بھی بتایا کہ کس طرح یہ ملکی ہمہ جہت ترقی کا ایک ستون بن سکتا ہے۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
چوں کہ چوٹی کانفرنس کے موقع پر امریکہ میں صدارتی انتخابات چل رہے تھے۔ ایم ایس بی سعودی عرب کے قریبی ساتھی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو کسی اہم رول میں شامل کرنے میں ناکام رہے۔ ٹرمپ زوم ایپ کے ذریعہ مختصر وقت کے لیے کانفرنس میں حاضر ہوئے اور وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالنے کے بعد گولف کھیلنے کے لیے روانہ ہوگئے۔ منتخب صدر جوبائیڈن نے سعودی عرب کو 2019ء میں ایک اچھوت ریاست قرار دیا تھا اور اکتوبر میں کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ مملکت کے ساتھ اپنے تعلقات کا از سر نو جائزہ لے گا۔ یمن میں سعودی عرب کی جنگ کے لیے اپنی تائید ختم کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ امریکہ اپنے اقدار کو ، ہتھیار فروخت کرنے یا تیل خریدنے کی بنیاد پر فروغ نہیں دے گا۔ تاہم سعودیوں کو امید ہے کہ یہ صرف انتخابات کی باتیں تھیں۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود نے رائٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بائیڈن انتظامیہ علاقائی استحکام کے مفاد میں اختیار کی گئی پالیسیوں کو برقرار رکھے گا۔ امید کی جاسکتی ہے کہ وزیر خارجہ کا اندازہ درست ثابت ہوگا، لیکن اس بات کا بھی امکان کم ہے کہ جن اصلاحات اور تبدیلیوں کو سعودی عرب اختیار کر رہا ہے اسے بائیڈن کی قیادت میں وہائٹ ہاؤس مثبت طور پر نہ لے۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
وبا سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے سوال پر جی-20 نے درست اشارہ دیا ہے کہ کووڈ-19سے متعلق صحت، معیشت اور سماجی حالات جو اس وقت ترقی پذیر ممالک کو درپیش ہیں آئندہ مستقبل میں مالیاتی و انسانی قیمت پر غیر معمولی چیلنج بن سکتے ہیں۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ اس سال جی-20 کانفرنس میں جو فیصلے لیے گئے ہیں وہ کووڈ-19 وبا کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں اور اس بلاک سے دنیا کی توقعات کو پورا کرنے میں فیصلہ کن موقف کو ثابت کریں گے۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
اپنی تقریر میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں جدید چیلنجز کے مطابق اصلاحات کے لیے مشترکہ کوششوں کا مشورہ دیا۔ اپنے ریمارکس میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے بھی اس بات پر زور دیا کہ وبا نے حکومتوں کو معیشت کے تعلق سے مزید محتاط بنا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وبا سے ہمیں سبق سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ معیشت کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔ معیشت کی بحالی ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات، ڈیجیٹل معیشت کو ٹیکس کے تحت لانا اور کم آمدنی والے ممالک کی مدد کے لیے راستے تلاش کرنے جیسے مسائل بھی چوٹی کانفرنس میں زیر بحث آئے۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
دنیا بھر میں کئی ممالک معاشی بحران سے دوچار ہیں۔ زائد از 48 ممالک نے قرض خدمات کی معطلی اقدامات (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت قرض سے راحت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ صرف اس ایک سال کے لیے قرض کا یہ بحران 5.7 ارب ڈالر کے مساوی ہے۔ جی-20 قائدین نے قرض خدمات کی معطلی کے اقدامات (ڈی ایس ایس آئی) پر عمل کرنے کا عہد کیا جس میں جون 2021 کے ذریعہ اس کی توسیع شامل ہے۔ انھوں نے ڈبلیو ٹی او کے اصلاحات کے لیے اپنی تائید کا اعلان کیا جس پر بارہویں ڈبلیو ٹی او وزارتی کانفرنس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گروپ نے 2021 کے وسط تک عالمی طور پر ایک منصفانہ، مستحکم اور جدید بین الاقوامی ٹیکس نظام کے لیے اتفاق رائے پر مبنی حل تلاش کرنے کی کوششوں سے اتفاق کیا۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
ایک خیر مقدمی اقدام کے تحت تمام 20 مملکتوں کے فینانس کے عہدیدار آئندہ سال میں بھی عالمی معاشی صورتحال پر نظر رکھیں گے۔ اور اس بات کا بھی عہد کیا گیا کہ ڈی ایس ایس آئی کے تحت قرض کو منجمد کرنے کے معیار پر غور کو مزید وسعت دی جائے۔ چنانچہ جی -20 نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ معاشی بحالی کے پہلوؤں کو اپنے علاقوں تک اور خود تک محدود رکھنے کے بجائے بین الاقوامی سطح پر لایا جائے۔ اس سے عالمی معیشت کی بحالی میں اس کے عہد کی عکاسی ہوتی ہے۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
جی-20 نے صحت کے میدان میں بہتری لانے کے لیے نئے قائم کردہ عالمی اختراعی مرکز کا جائزہ لیا جو کہ صحیح سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔ یہ مرکز معلومات کے تبادلہ کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ یہ مرکز باخبر ماہرین کے ذریعہ طے کرے گا کہ کس ملک کو صحت کی کن پالیسیوں کے لیے فنڈس مہیا کرائے جائیں۔ اور کیا یہ اقدامات ملک کی حقیقی ضرورت کی عکاسی کر رہے ہیں اور اس میں کس طرح مالیاتی جوکھم کو کم سے کم کیا جاسکتا ہے۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
ماحولیاتی اقدامات کے تئیں جی- 20 نے اس ارادے کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی معاہدات پر پیش رفت کے لیے بیرو نی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ ماحولیاتی مسئلہ پر بات کرتے ہوئے انجیلا میرکل نے کہا کہ تمام مملکتیں سوائے امریکہ کے پیرس ماحولیاتی معاہدہ کے نشانوں پر عمل کرنے کا عہد کرچکی ہیں۔ جی-20اتحاد نے اپنی ترجیحات کی واضح طور پر نشاندہی کر دی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کووڈ- 19 کے بعد کی صورتحال میں ایک مضبوط، مستحکم، متوازن اور غیر مختتم معیشت کو تیز رفتار بنانے کے لیے اس عہد کو کس طرح با اثراور مثبت اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Nov 2020, 10:10 PM IST
تصویر: پریس ریلیز