سوڈان میں جمعرات کے روز جسٹس نعمات عبداللہ محمد خیر کو سرکاری طور پر ملک کی چیف جسٹس اور تاج السر علی الحبر کو ملک کا اٹارنی جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔ نعمات خیر سوڈان کی نئی تاریخ میں چیف جسٹس کے منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ سوڈان کی عبوری خود مختار کونسل کے سرکاری ترجمان محمد الکی سلیمان نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ چیف جسٹس کے منصب کے لیے زیر غور شخصیات میں اہل ترین ہونے کے سبب نعمات خیر کا تقرر عمل میں آیا۔
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
عمر البشیر کی حکومت کے خلاف انقلابی تحریک کے آغاز کے بعد سے خواتین کا ملک کی سیاسی تاریخ میں غیر معمولی نوعیت کا کردار سامنے آیا۔ انقلابی تحریک کو سپورٹ کرنے والی خواتین میں جسٹس نعمات بھی شریک تھیں۔ وہ رواں سال اپریل میں خرطوم میں سوڈانی فوج کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے منعقد ہونے والے دھرنے میں نظر آئی تھیں۔ نعمات خیر نے تین جون کو دھرنے کو منتشر کرنے کے لیے ہونے والی خون ریز کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ اس بات کی متمنی ہیں کہ اللہ تعالی ان فورسز سے انتقام لے جن پر دھرنے کے میدان میں نہتے نوجوانوں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
سوڈان کے عبوری وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے عبوری کابینہ کی تشکیل میں چار خواتین وزراء کا اعلان کیا۔ ان میں ملک کی پہلی خاتون وزیر خارجہ کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کی وزیر، محنت اور سماجی بہبود کی وزیر اور نوجوانوں اور کھیلوں کے امور کی وزیر شامل ہیں۔ اس سے قبل خود مختار کونسل میں بھی دو خواتین کو نمائندگی دی گئی تھی۔
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
نعمات خیر 1957 میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے خرطوم میں قاہرہ یونیورسٹی کے کیمپس سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ نعمات نے 1983 میں عدلیہ کی معاون کے طور پر کام شروع کیا۔ بعد ازاں وہ کئی برس تک فوجداری، شہری اور دیگر نوعیت کی عدالتوں میں منتقل ہوتی رہیں۔ اس کے بعد انہیں ترقی پانے کا موقع ملا اور وہ پہلے سیکنڈ گریڈ اور پھر فرسٹ گریڈ کی جج بن گئیں۔ نعمات 2003 میں اپیل کورٹ کی جج مقرر کی گئیں۔ سال 2015 میں نعمات ترقی پا کر سپریم کورٹ کی جسٹس بنا دی گئیں۔
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
سوڈان میں دسمبر کے انقلاب کی قیادت کرنے والی اپوزیشن جماعت فریڈم اینڈ چینج فورسز کے ایک رہ نما ایڈوکیٹ احمد محمود نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ "نعمات خیر عدلیہ ، بنیادی قانونی اصلاحات اور عدلیہ کے اداروں کو درست کرنے سے متعلق فریڈم اینڈ چینج فورسز پارٹی کے پروگرام کو لے کر چلیں گی"۔
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
ایڈوکیٹ احمد محمود کے مطابق نعمات خیر کا تقرر عارضی نوعیت کا ہو گا۔ اس لیے کہ چیف جسٹس کے تقرر کا اصل طریقہ یہ ہے کہ وہ قانون ساز کونسل کی منظوری سے سپریم جوڈیشل کونسل کے ذریعے عمل میں آتا ہے۔ قانون ساز کونسل کی تشکیل آئندہ چند ماہ میں متوقع ہے۔
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
سوڈان کے ایک جسٹس عبدالالہ زمراوی نے فیس بک پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ نعمات خیر اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کرتی ہیں جو کہ ایک پیشہ ور جج کا ضمیر ہے .. کنداکہ کے علاقے کی خواتین کے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ نعمات خیر سوڈان کی تاریخ میں پہلی خاتون چیف جسٹس بنیں۔
(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Oct 2019, 4:10 PM IST
تصویر: پریس ریلیز