برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ تاجپوشی 6 مئی کو ہونی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں شامل ہونے کے لیے ممبئی کے مشہور ’ڈبہ والوں‘ کو بھی دعوت نامہ دیا گیا ہے۔ یہ حیرت انگیز ضرور ہے، لیکن سچ ہے کہ کنگ چارلس کی تاجپوشی میں امریکہ کی خاتون اوّل جِل بائڈن اور ہندوستان کے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ جیسی اہم شخصیات کے درمیان ممبئی کے کچھ عام لوگ، یعنی ’ڈبہ والے‘ بھی موجود رہیں گے۔
Published: undefined
دراصل ان ڈبہ والوں کا برطانیہ کے شاہی خاندان سے خاص رشتہ رہا ہے۔ یہ رشتہ تقریباً 20 سال قدیم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرنس چارلس جب 2003 میں ہندوستان کے 10 روزہ دورے پر پہنچے تھے تب اس رشتہ کی بنیاد پڑی تھی۔ اُس وقت وہ پرنس آف ویلس تھے اور انھوں نے ڈبہ والوں پر بی بی سی کی ایک ڈاکیومنٹری دیکھی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ ممبئی کے ڈبہ والوں کو ملک کا سب سے بہترین ڈیلیوری سسٹم مانا جاتا ہے۔ وہ ممبئی کے تقریباً 2.4 کروڑ لوگوں کو کھانا پہنچاتے ہیں۔ ان کے سسٹم کو دیکھ کر پرنس چارلس بھی حیران رہ گئے تھے۔ اس لیے وہ جب نومبر 2003 میں ہندوستان آئے تو انھوں نے ممبئی کے ڈبہ والوں سے ملنے کا فیصلہ کیا۔ 4 نومبر 2003 کو پرنس چارلس ممبئی کے چرچ گیٹ میں سینکڑوں ڈبہ والوں سے ملے اور تقریباً 20 منٹ تک ان کے ساتھ بات چیت کی۔ اس دوران انھوں نے ڈبہ والوں کے پورے نظام کے بارے میں جانکاری لی۔
Published: undefined
پھر جب دو سال بعد، یعنی 2005 میں پرنس چارلس نے کیملا پارکر باؤلس سے شادی کی تو ممبئی میں ڈبہ والا کمیٹی کے دو اراکین کو اس میں مدعو کیا۔ اس دوران ان کے آنے جانے اور ٹھہرنے کا سارا خرچ چارلس نے ہی اٹھایا۔ تب انھیں مہارانی ایلزبتھ نے اسپیشل بریک فاسٹ کے لیے بھی مدعو کیا تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے چارلس کے بڑے بیٹے پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی پر نئے شادی شدہ جوڑے کو تحفہ دیا تھا۔ بعد ازاں 2018 میں جب پرنس ہیری اور میگن کی شادی ہوئی تھی تو ممبئی کے ڈبہ والوں نے انھیں پیٹھانی ساڑی اور کرتا-پگڑی تحفہ میں پیش کیا تھا۔ گزشتہ سال جب مہارانی ایلزبتھ دوئم کا انتقال ہوا تھا تو ممبئی کی ڈبہ والا کمیونٹی نے اس پر سوگ بنایا تھا۔
Published: undefined
بہرحال، اے این آئی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی کے ڈبہ والوں نے کنگ چارلس اور ان کی بیوی کیملا کے لیے کئی تحفے خریدے ہیں جو 6 مئی کو پیش کیے جائیں گے۔ ان تحائف میں پنیری پگڑی اور ورکاری کمیونٹی کی ایک شال بھی شامل ہے۔ اتنا ہی نہیں، ڈبہ والے ہفتہ کے روز آس پاس کے اسپتالوں میں مٹھائی بھی تقسیم کریں گے۔ ممبئی ڈبہ والا ایسو سی ایشن کے ترجمان سبھاش تالیدار کا کہنا ہے کہ ’’ہم 6 مئی کو آس پاس کے اسپتالوں میں مٹھائیں بانٹیں گے۔ پرنس چارلس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہماری کمیونٹی کو شناخت ملی، ہم ان کے شکرگزار ہیں اور ان کی تاجپوشی کا جشن منا رہے ہیں۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined