مشرق وسطی میں پچھلے دنوں پیش آنے والے دو تاریخی واقعات نے پوری دنیا میں ہلچل مچادی تھی۔ ان دونوں واقعات سے علاقائی سیاست پر خاطر خواہ اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ پہلا ایران اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنر شپ معاہدہ اور دوسرا متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے سے امریکا اور ایران کے باہمی تعلقات پر بھی خاطر خواہ اثرات مرتب ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
ان پیش رفت کے سلسلے میں امریکی تھنک ٹینک، امریکن انٹرپرائز انسٹی ٹیوٹ کی اسکالر کیرن ینگ کا کہنا ہے کہ ’’امریکی پالیسی میں جامع پائیداری نہ ہونے اور خطے میں چین کے تئیں بڑھتی ہوئی کشش کی وجہ سے مشرق وسطی میں امریکا کے لیے چین کا مقابلہ کرنا کافی مشکل ثابت ہورہا ہے۔‘‘ جبکہ چین کے خلاف بیان بازی کی وجہ سے بھی خطے کی سیاسی قیادت میں چین کا قد بلند ہی ہوا ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
1979 میں ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی ملک میں مختلف سیاسی اور مذہبی بااثرگروپ ایران کی خارجہ پالیسی کی سمت متعین کرنے میں ایک دوسرے سے الجھتے رہے ہیں۔ گوکہ مغرب اور بالخصوص یورپی یونین کے رکن ملکوں کے ساتھ تعلقات کی نوعیت کے سلسلے میں اب تک واضح اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے، تاہم پچھلے 40 برسوں سے عمومی رائے یہی رہی ہے کہ یورپی یونین، برطانیہ اور کسی حد تک امریکا کے ساتھ روابط برقرار رکھے جائیں۔ نیوکلیائی معاہدے کو بچانے میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس کی ناکامی نے بھی ایران کو ان کی افادیت اور یورپ کے ساتھ مسلسل تعلقات رکھنے کی ضرورت پر ازسرنو غور کرنے کے لیے مجبور کر دیا ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
لہذا چین کی جانب ایران کا فیصلہ کن رخ نہ صرف دونوں ملکوں کے لیے اسٹریٹیجک، سیاسی اور اقتصادی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ ایران کی ثقافتی دلچسپیوں کے عین مطابق بھی ہے کیونکہ ایران، چین کو بھی اپنی جیسی ایک عظیم ایشیائی طاقت کے طور پر دیکھتا ہے اور اس کی تہذیب بھی ایرانی تہذیب کی طرح صدیوں پرانی ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
چین کے ساتھ ایک وسیع البنیاد اسٹریٹیجک اور طویل مدتی پارٹنرشپ ایران کے لیے جہاں عالمی سطح پر سرگرم ہونے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے وہیں اسلامی جمہوریہ کو امریکا کی طرف سے اس پر عائد پابندیوں اور بالخصوص ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مبینہ ’زیادہ سے زیادہ دباو‘ کی پالیسی کو کم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوسکتی ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
چین اور ایران کے درمیان 25 سالہ اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں طرح طرح کے ردعمل سامنے آئے ہیں ۔ گوکہ اس معاہدے پر ابھی دستخط ہونے باقی ہیں، تاہم یہ ایرانی خارجہ پالیسی کو یکسر تبدیل کرنے کا عنصر رکھتا ہے۔ کیوں کہ یہ پالیسی حد درجہ مشرق نواز ہے۔ ایرانی پالیسی ساز اور خارجہ پالیسی کے ماہرین باہمی ربط و تعلق اور طویل مدتی پارٹنرشپ کے لیے ہمیشہ مغرب اور بالخصوص یورپ کی طرف دیکھتے رہے ہیں۔ لیکن چین کے ساتھ معاہدے کے بعد یہ صورت حال بدل سکتی ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
دوسری طرف اس معاہدے سے چین کو اپنے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو (بی آر آئی) کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے اسے خلیج فارس اور مشرق وسطی تک اپنے پاؤں جمانے میں سہولت ہوگی۔ اگر اس مجوزہ معاہدے پر زیادہ گہرائی سے غور کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ اس کے پورے براعظم ایشیا اور عالمی سیاست پر دور رس مضمرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ امریکا کے لیے یہ کوئی اچھی خبر نہیں ہے کیونکہ اس سے عالمی سطح ایران کو الگ تھلگ کرنے اور سعودی عرب کے ساتھ ترجیحی سلوک کرنے کی اس کی خارجہ اور دفاعی پالیسی ناکام ہوسکتی ہے۔ اور بالآخر اس کا حتمی نتیجہ مشرق قریب اور مشرق بعید میں امریکی عزائم کے چکنا چور ہوجانے کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
مغربی دانشور اور سفارتی حلقے اس معاہدے کو ایک بری خبر کے طور پر بھی دیکھتے ہیں۔ گوکہ بڑی حد تک یہ بیانیہ درست نہیں ہے، تاہم یہ ان کے نظریات کی عکاسی ضرور کرتا ہے۔ لیکن اگر اس معاہدے کا متوازن تجزیہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ یہ دراصل ایشیا میں ایک نیا اقتصادی اور سیکورٹی ڈھانچہ تیار کرنے کی کوشش ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
اگر ماضی کا تجزیہ کیا جائے تومئی 2018 میں نیوکلیائی معاہدے کے سلسلے میں اپنے وعدے کا پاس و لحاظ رکھنے میں امریکا کی ناکامی اوراس سے قبل 2015 میں اقو ام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعہ ایران پر پابندی نافذ کرنے کے مشترکہ جامع منصوبے میں امریکی کردار کی وجہ سے ایرانی قیادت نے مغرب اور بالخصوص امریکا کو ہمیشہ مشکوک نگاہوں سے دیکھا ہے۔ علاقائی لحاظ سے مشرق وسطی میں اپنے اثرات میں اضافہ کرنے کی امریکی سفارت کاری کو ایران کی طرف سے مسلسل چیلنج ملتا رہا ہے۔ حالانکہ اس سے خطے میں امریکہ کی پالیسیوں اور موقف میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آنے والی ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
یورپی اور حتی کہ امریکی تجزیہ کار بھی اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ یہ معاہدہ امریکی سفارت کاری، مفادات اور براعظم ایشیا میں اس کی حثییت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ ٹائم میگزین نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ یہ معاہدہ امریکا کے عالمی حریف(چین) اور مشرق وسطی میں دیرینہ رقیب (ایران) کے درمیان تعلقات کو بدل دے گا اور ایران کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی امریکی کوششوں کو ناکام کرسکتا ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
چین کو مجوزہ معاہدے سے جہاں فوری طور پر تجارتی اور اقتصادی فائدے ہوں گے وہیں ایران جیسے سخت گیر اسلامی ملک کے ساتھ تعلقات، چین کی عوامی شبیہ کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔ چین کے سنکیانگ خطے میں ایغور مسلمانوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی وجہ سے عالمی سطح پر چین کی عالمی شبیہ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حالانکہ بیشتر مسلم ممالک نے ان الزامات پر خاموشی اختیار کررکھی ہے، لیکن اگر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ چین کے تعلقات مستحکم ہوجاتے ہیں تو اس سے اسے وسیع تر مسلم دنیا میں اپنی شبیہ کو بہتر بنانے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
دونوں ممالک اس معاہدے کے فوجی پہلو پر کوئی بات نہیں کر رہے ہیں۔ تاہم ایسی خبریں بظاہر درست نہیں معلوم پڑتی ہیں کہ چین ایران میں فوجی اڈے قائم کرسکتا ہے یا تہران، خلیج فارس میں ایرانی جزائز کو فوجی مقاصد کے لیے چین کو پٹّے پر دے سکتا ہے۔ ایران تاریخی، سیاسی اور نظریاتی اسباب کی بنا پر اپنی سرزمین پر کسی غیر ملکی طاقت کو فوج رکھنے کی اجازت کبھی نہیں دے سکتا ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
چین اور ایران کے مابین فوجی تعاون کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس کا سلسلہ 1980 کی دہائی میں، ایران ۔عراق جنگ کے عروج کے دور میں شروع ہوا تھا اور حالیہ برسوں میں اس میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ تاہم مستقبل قریب میں سابقہ فوجی تعاون میں کسی ڈرامائی اضافہ کی، کم از کم ابتدائی مرحلے میں تو، کوئی امید نظر نہیں آتی ہے۔ البتہ مستقبل میں شاید ایسا ممکن ہوسکے تاہم یہ اس بات پر منحصر کرے گا کہ معاہدہ محض معاہدہ تک محدود رہتا ہے یا پھر یہ ایک باضابطہ اتحاد میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اگر چین ۔ ایران فوجی پارٹنرشپ کا کوئی معاہدہ طے پاتا ہے تو یہ علاقائی اور عالمی فوجی حالات پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔ تاہم اس معاہدہ کے ایک باضابطہ اتحاد میں تبدیل ہونے کے امکانات بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔ تاریخی لحاظ سے ایران نے صرف شام کے ساتھ 1980کی دہائی میں باضابطہ اتحاد کیا تھا اور یہ اتحاد ایرانی خارجہ پالیسی میں نظریاتی عناصر کی وجہ سے تمام دقتوں کے باوجود قائم رہ سکا ہے۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
چین کے ساتھ ایک باضابطہ اتحاد کے لیے ایران کو اپنی خارجہ پالیسی میں بڑے پیمانے پر نظریاتی تبدیلی کرنی پڑے گی، لیکن مستقبل قریب میں اس کا کوئی امکان نظر نہیں آتا ہے۔
(مصنف سیاسی تجزیہ نگار ہیں۔ وہ بی بی سی اردو سروس اور خلیج ٹائمزدوبئی سے وابستہ رہے ہیں)
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Oct 2020, 11:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز