واشنگٹن: امریکہ کا صدر منتخب ہونے اور منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جو بائیڈن کی طرف سے پہلی مرتبہ کسی فوجی کارروائی کا حکم دیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے امریکی فوجی اور سفارتی مقامات پر حالیہ راکٹ حملوں کے جواب میں فضائی حملوں کا حکم دیا تھا۔ ان حملوں میں سترہ ایران نواز جنگجووں کے ہلاک ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔
Published: undefined
پنٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ یہ فضائی حملے ”صدر بائیڈن کے حکم پر "کیے گئے ہیں اور یہ عراق میں امریکی فوجیوں اور اتحادیوں پر حالیہ راکٹ حملوں کے خلاف جوابی کارروائی ہے۔ امریکہ نے ان حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا تاہم انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والے ادارے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے دعوی کیا ہے کہ ان حملوں میں سترہ ایران نواز جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
Published: undefined
جان کربی نے مزید کہا”صدر جو بائیڈن کے حکم پر امریکی فوج نے مشرقی شام میں ایرانی حمایت یافتہ جنگجوں کے زیر استعمال انفرا اسٹرکچر پر فضائی حملے کیے۔ یہ حملے عراق میں امریکی اور اتحادی ملکوں کے خلاف حالیہ حملوں اور ان ملکوں کے اہلکاروں کو لاحق خطرات کے مد نظر کیے گئے ہیں۔"
انہوں نے بتایا کہ ان حملوں کے دوران ایرانی حمایت یافتہ عراقی مسلح گروپوں بشمول کتائب حزب اللہ اور کتائب سید الشہدا کے زیر استعمال سرحدی کنٹرول پوائنٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
Published: undefined
گزشتہ دنوں عراق میں امریکی اور اس کی اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر تین راکٹ حملے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ اربیل میں بھی ایک فوجی کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایک شہری اور اتحادی فوج کے ساتھ کام کرنے والا ایک غیرملکی کانٹریکٹر ہلاک ہوگیا تھا جب کہ ایک امریکی فوجی متعدد دیگر امریکی کانٹریکٹر زخمی بھی ہوئے تھے۔
عراق میں ہونے والے ان حملوں کے پیچھے ایرانی حمایت یافتہ جنگجو گروپوں کا ہاتھ بتایا جا تا ہے۔ ان حملوں نے نئی بائیڈن انتظامیہ کے لیے چیلنج کھڑا کردیا ہے جو جوہری پروگرام کے حوالے سے تہران کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ بحال کرنا چاہتی ہے۔
Published: undefined
بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ سن 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنا چاہتی ہے جس سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کو یک طرفہ طور پر الگ کرلیا تھا۔ لیکن دوسری طرف بائیڈن انتظامیہ تہران کو مشرق وسطی کی سکیورٹی کے لیے ایک مسلسل خطرے کے طور پر بھی دیکھتی ہے۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے ان فضائی حملوں کے فوراً بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ”ہمیں معلوم ہے کہ ہم نے کس چیز کو نشانہ بنایا ہے۔ ہمیں مکمل یقین ہے کہ ان حملوں میں ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جنہیں بعض شیعہ عسکریت پسند گروپ استعمال کر رہے تھے۔
Published: undefined
پنٹاگون کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے یہ حملے اپنے اتحادیوں کے ساتھ صلاح و مشورے کے بعد کیے ہیں۔”ان حملوں سے ایک واضح پیغام جائے گا: صدر بائیڈن امریکی اور اتحادیوں کی حفاظت کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔" بعض مبصرین نے ان حملوں کی نکتہ چینی کی ہے۔
نوٹرے ڈیم لا اسکول کی پروفیسر میری ایلن او کونیل نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا ”اقوام متحدہ کا چارٹر کسی دوسرے خود مختار ملک کے علاقے پر فوج کے استعمال کے بارے میں واضح طورپر کہتا ہے کہ اس طرح کے حملے صرف اسی صورت میں جائز ہیں جب مذکورہ ملک نے اپنی دفاع میں کارروائی کرنے والے ملک پر مسلح حملہ کیا ہو۔ شام پر ہونے والے حملے میں ایسی کوئی بات نہیں تھی۔"
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined