جکارتہ: ایشیائی ہاکی کی دو سرکردہ ٹیمیں ہندستان اور پاکستان مایوس کن طور پر اپنے سیمی فائنل مقابلے ہارنے کے بعد 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں ہفتہ کو ہونے والے تیسرے مقام کے مقابلے کے لئے کانسہ کے تمغہ کی جنگ لڑیں گی۔
ایشیائی کھیلوں کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوگا جب دونوں ٹیمیں کانسہ کے مقابلے میں اتریں گی۔ اسے کسی المیہ سے کم نہیں کہا جائے گا کہ گزشتہ چمپئن ہندستان نے جس جاپان کو گروپ میچ میں 8-0 سے اور سابق چمپئن پاکستان نے ملیشیا کو 4-1 سے شکست دی تھی، وہی ٹیمیں طلائی تمغہ کا مقابلہ کھیلیں گی۔
ہندستان كو سیمی فائنل میں ملیشیا نے سڈن ڈیتھ میں 7-6 سے اور جاپان نے پاکستان کو 1-0 سے شکست دی تھی۔ ہندستان اور پاکستان دونوں نے لیگ میچوں میں بالترتیب 76 اور 45 گول کئے تھے۔ لیکن اہم سیمی فائنل مقابلے میں دونوں ٹیموں نے گھٹنے ٹیک دیے۔
2014 کے انچیون ایشیائی کھیلوں کے بعد سے ہندستان اور پاکستان نے ایک دوسرے کے خلاف 15 میچ کھیلے ہیں جن میں سے ہندستان نے 9 جیتے ہیں۔ ہندستان نے لیگ میچ میں ہانگ کانگ كو 26-0 سے شکست دے کر اپنا نیا ریکارڈ بنایا تھا لیکن ملیشیا سے ملی ہار نے کروڑوں ہندوستانیوں کے دل توڑ دئیے ہیں۔
ہندوستانی ہاکی ٹیم کی سنسنی خیز شکست سے ساکت کوچ هریندر سنگھ نے اپنی ٹیم کو اس ہار کے لئے ذمہ دار ٹہرایا ہے لیکن پاکستان کے خلاف میچ میں کانسہ جیتنے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔
اپنی ٹیم کی شکست سے بے حد پریشان هریندر نے کہاکہ ہم نے انتہائی خراب غلطیاں کیں اور اس کی قیمت چکائی۔ ہم چیزوں کو صحیح طریقے سے نہیں رکھ پائے اور ہندستانی ٹیم اسکل دکھانے کی کوشش میں اپنی تال کھو بیٹھے۔ یہ ہندوستانی ہاکی کے لئے بڑا دھچکا ہے جس سے اگلے اولمپکس کی راہ بہت مشکل ہو گئی ہے۔ ہم نے فائنل میں پہنچنے کے آسان موقع گنوائے۔
شوٹ آؤٹ کے لئے کوچ نے کہا کہ شوٹ آؤٹ کسی بھی ٹیم کا کھیل ہو سکتا ہے۔ ہم نے مقررہ وقت میں غلطیاں کیں اور شوٹ آؤٹ میں کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے۔ فائنل سے باہر ہو جانے کے بعد ہمیں کانسہ کا تمغہ جیتنے کے لئے پورا زور لگانا ہوگا۔
Published: 01 Sep 2018, 10:19 AM IST
جاپان نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا کر میڈل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ اس میچ میں جاپان نے پہلا گول کیا جسے پاکستان نے برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن حریف جاپان نےان کی ایک نہ چلنے دی اور آخر میں جیت ان کا مقدر بنی۔دوسری جانب ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار کارکردگی دکھانے والی ہندستان اور پاکستان ایونٹ کی واحد دو ٹیمیں تھیں جو اب تک ناقابل شکست تھیں لیکن دونوں کو ہی سیمی فائنل میں فتح سے ہاتھ دھونا پڑے۔
انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی کے مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ نسبتاً کمزور حریف جاپان سے تھا لیکن گزشتہ میچوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے کوارٹر کے تیسرے ہی منٹ میں جاپان کو پنالٹی کارنر ملا جس پر شوٹا یماڈا نے میچ کا واحد گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی اور مقابلہ برابر کرنے کی متعدد کوششیں کی لیکن وہ ان کی کوئی بھی کوشش کارگر ثابت نہ ہوئی اور جاپان نے دن کا دوسرا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو 0-1 سے شکست دے کر فتح اپنے نام کر لی۔
میچ میں پاکستانی ٹیم کو 4 پنالٹی کارنر ملے جس میں سے وہ کسی کو بھی گول میں تبدیل نہ کر سکے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم راؤنڈ میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی اور اس نے اپنے پانچوں میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں یکم ستمبر کو روایتی حریف ہندستان اور پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
Published: 01 Sep 2018, 10:19 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Sep 2018, 10:19 AM IST