سری نگر: لداخ کے رکن پارلیمان جمیانگ زیرنگ نمگیال نے مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو ایران میں پھنسے کرگل اور لیہہ کے تقریباً 12 سو زائرین کو ملک واپس لانے کی اپیل کی ہے۔ ادھر پیپلز کانفرنس کے لیڈر اور جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے صدر عمران رضا انصاری نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں ایران میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لئے پیشکش کی ہے۔
بتادیں کہ چین سے پھیلنے والا کورونا وائرس نے ایران میں بھی وبائی صورت اختیار کی ہے جہاں گزشتہ ہفتے کے دوران اس وائرس کے 139 کیس درج ہوئے ہیں اور اب تک 19 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ ملک کے نائب وزیر صحت ایرج حریری کی بھی اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
لداخ کے رکن پارلیمان جے ٹی نمگیال نے مرکزی وزیر خارجہ جے شنکر کے نام اپنے ایک مکتوب میں کہا ہے کہ ’بی جے پی کے صدر ضلع کرگل محمد علی مجاز سے معلوم ہوا کہ کرگل اور لیہہ کے قریب 1200 زائرین ایران میں پھنسے ہوئے ہیں انہیں 28 فروری کو واپس لوٹنا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ان کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، یہ لوگ وہاں بہت ہی پریشان ہیں اور حکومت ہند کی مدد کے منتظر ہیں‘۔
نمگیال نے موصوف مرکزی وزیر سے ایران میں پھنسے زائرین کو اولین فرصت میں وطن واپس لانے کے لئے اقدام کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایران میں پھنسے لوگوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں پیپلز کانفرنس کے لیڈر عمران رضا انصاری نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’میں نے ایران میں اپنے بعض دوستوں کے ساتھ بات کی ہے اگر کسی کو ہندوستان واپس لوٹنے میں مدد کی ضرورت ہے تو وہ برائے مہربانی مجھے اپنا فون نمبر دیں‘۔
ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ تہران میں ہندوستانی طلبا سفارتخانے کی ہیلپ لائن کے ساتھ رابطہ کرسکتے ہیں، ای میلز اور پیغامات کی کثیر تعداد کے پیش نظر ہمارا ہیلپ لائن نمبر +91949028251 مدد کے لئے رات دن تیار ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر سید محمد الطاف بخاری نے بھی گزشتہ روز حکومت ہند سے اپیل کی تھی کہ وہ ایران میں پھنسے جموں و کشمیر کے باشندوں خاص کر طلبا اور تجار کو وطن واپس لانے کے لئے فوری اقدام کریں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined