فٹبال

پی کے بنرجی کا انتقال، ہندستانی فٹ بال کے ایک دور کا خاتمہ

ہندستان کے بہترین فٹ بال کھلاڑیوں میں شامل بنرجی نے اپنے کیریئر میں کل 45 فیفا اے کلاس میچ کھیلے اور 14 گول کئے۔ ویسے ان کا کریئر 85 میچوں کا تھا، جن میں انہوں نے کل 65 گول کئے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا 

ہندستان کے عظیم فٹبالر، سابق اولمپين اور سابق کوچ پردیپ کمار بنرجی کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ 83 سال کے تھے۔ ان کے خاندان میں دو بیٹیاں ہیں۔ پردیپ کمار بنرجی ہندستانی فٹ بال میں پی کے بنرجی کے نام سے مقبول تھے۔ ان کے انتقال سے ہندوستانی فٹ بال میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے بنرجی کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔ بنرجی گزشتہ کافی عرصے سے بیمار چل رہے تھے اور انہوں نے کولکتہ کے ایک نجی اسپتال میں جمعہ کو آخری سانس لی۔وہ گزشتہ دو ہفتوں سے اسپتال میں آئی سی یو میں داخل تھے۔ انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا تھا۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے نمونیا اور سانس کی بیماری کا شکار رہے تھے۔ انہیں پاركنسن، دل کی بیماری اور بھولنے کی بیماری بھی تھی۔ وہ لائف سپورٹ سسٹم پر تھے۔ ان کے انتقال سے ہندوستانی فٹ بال کے ایک دور ختم ہو گیا۔

Published: undefined

بنرجی 1962 میں جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔ بنرجی نے فائنل میں جنوبی کوریا کے خلاف گول داغا جس کے بدولت ہندوستان نے 2-1 سے تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ انہیں 1961 میں ارجن ایوارڈ اور 1990 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔23 جون 1936 کو جلپائی گوڑي کے مضافات واقع مويناگڑي میں پیدا ہوئے بنرجی تقسیم ملک کے بعد جمشید پور آگئے۔ انہوں نے ہندستان کے لئے 85 میچ کھیل کر 65 گول کئے۔ وہ ارجن ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ ارجن ایوارڈ کا آغاز 1961 میں ہوا تھا اور یہ ایوارڈ پہلی بار بنرجی کو ہی دیا گیا تھا۔بنرجی گزشتہ ماہ بھر سے سینے میں انفیکشن سے برسرپیکار تھے۔ گزشتہ دنوں صحت خراب ہونے کے بعد انہیں کولکتہ کے میڈیکل سپراسپیشلٹي اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بنرجی کئی دنوں سے وینٹی لیٹر پر تھے اور جمعہ کو انہوں نے دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ انہوں نے رات 12 بج کر 40 منٹ پر آخری سانس لی۔

Published: undefined

ہندستان کے بہترین فٹ بال کھلاڑیوں میں شامل بنرجی نے اپنے کیریئر میں کل 45 فیفا اے کلاس میچ کھیلے اور 14 گول کئے۔ ویسے ان کا کریئر 85 میچوں کا تھا، جن میں انہوں نے کل 65 گول کئے۔ تین ایشیائی کھیلوں (1958 ٹوکیو، 1962 جکارتہ اور 1966 بینکاک) میں ہندستان کی نمائندگی کرنے والے پی کے بنرجی نے دو بار اولمپک میں بھی ہندستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے ایشیائی کھیلوں میں ہندستان کے لئے چھ گول کئے جو ایک ریکارڈ ہے۔بنرجی نے 1960 روم اولمپک میں ہندستان کی کپتانی کی تھی اور فرانس کے خلاف 1-1 سے ڈرا رہے میچ میں برابری کا گول کیا تھا۔ اس سے پہلے وہ 1956 کی میلبورن اولمپکس ٹیم میں بھی شامل تھے اور کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا پر 4-2 سے ملی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

Published: undefined

بنرجی نے 19 سال کی عمر میں بین الاقوامی ڈیبو 18 دسمبر 1955 کو سیلون (اب سری لنکا) کے خلاف ڈھاکہ میں چوتھے كواڈرینگولر کپ میں کیا تھا اور اپنے ڈیبو میچ میں دو گول کیے تھے جس کی بدولت ہندستان نے یہ میچ 4-3 سے جیتا تھا۔بنرجی نے کلب سطح پر ایسٹرن ریلوے کی طرف سے کھیلتے ہوئے 190 گول کیے۔ وہ واحد ایسے اہم کھلاڑی تھے جو کبھی بھی کولکاتا کے دو اہم کلبوں موہن بگان اور ایسٹ بنگال کی جانب سے نہیں کھیلے۔ ایک کھلاڑی کے طور پر انہوں نے بنگال کے لئے تین بار سنتوش ٹرافی (1955، 1958 اور 1959) اور ریلوے کے لئے تین بار (1961، 1964 اور 1966) جیتی۔ انہوں نے 1952 اور 1956 میں بہار کی نمائندگی بھی کی تھی۔بہار کے لیے سنتوش ٹرافی میں 1952 میں ڈیبو کرنے والے بنرجی ہندستانی فٹ بال کی اس سرکردہ تکڑی کے رکن تھے جس چنی گوسوامی اور تلسی داس بلرام شامل تھے۔

Published: undefined

قریب 51 سال تک ہندوستانی فٹ بال کی خدمت کرنے والے عظیم فٹبالر بنرجی ہندستانی فٹ بال کے سنہری دور کے گواہ رہے تھے۔ فٹ بال کے لئے ان کی خدمات کے لئے فیفا نے 2004 میں انہیں اپنے اعلی ترین اعزاز فیفا آرڈر آف میرٹ سے نوازا تھا۔ ان کی دو بیٹیاں پاؤلا اور پورنا ہیں جو اہم ماہر تعلیم ہیں۔ ان کے چھوٹے بھائی پرسون بنرجی ترنمول کانگریس کے ایم پی ہیں۔کولکتہ میں انہوں نے آرین ایف سی کے ساتھ کلب کیریئر کی شروعات کی تھی۔ بنرجی نے 1967 میں فٹ بال کو الوداع کہہ دیا تھا لیکن بطور کوچ بھی 54 ٹرافی جیتی تھیں۔موہن بگان نے ان کے کوچ رہتے آئی ایف اے شیلڈ، اسکاٹس کپ اور ڈیورنڈ کپ کا خطاب جیتا تھا۔ ایسٹ بنگال نے ان کے کوچ رہتے فیڈریشن کپ 1997 کے سیمی فائنل میں روایتی حریف موہن بگان کو 4-1 سے شکست دی۔ اس سیمی فائنل میں ریکارڈ ایک لاکھ 31 ہزار لوگ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں یہ میچ دیکھنے آئے تھے۔ فٹ بال کی تاریخ میں آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا جب اتنے لوگ ایک میچ کو دیکھنے کے لئے آئے ہوں۔

Published: undefined

اے آئی ایف ایف کے صدر پرفل پٹیل اور سیکرٹری جنرل کشل داس نے بنرجی کے انتقال پر گہرا غم کا اظہار کیا ہے۔ اے آئی ایف ایف کے ہیڈ کوارٹر دوارکا واقع فٹ بال ہاؤس میں اے آئی ایف ایف کا پرچم بنرجی کے اعزاز میں سرنگوں کر دیا گیا ہے۔ کرکٹ آئیکن سچن تندولکر نے بنرجی کے انتقال پر ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے عظیم فٹبالر پی کے بنرجی کی موت پررنج و غم ظاہر کیا ہے اور ان کے خاندان کے تئیں اپنی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined