فٹبال

چمپئن جرمنی باہر، سویڈن ناک آؤٹ دور میں داخل

کزان/ییکا تیرن برگ: سابقہ چمپئن جرمنی ایشیائی ٹیم جنوبی کوریا کے ہاتھوں گروپ ایف میں 0۔2 کی سنسنی خیز شکست کا سامنا کرکے بدھ کے روزفیفا عالمی کپ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ 

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

جبکہ اسی گروپ سے سویڈن نے میکسکو کو 3۔0 سے ہراکر ناک آؤٹ دور میں داخلہ حاصل کرلیا۔

جرمنی کو میکسکو کے ہاتھوں پہلے میچ میں 0۔1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن دوسرے میچ میں سویڈن کے خلاف اس نے 2۔1 سے آخری منٹ میں جیت کے بعد اپنی امیدوں کو برقرار رکھا تھا لیکن کوریائی ٹیم نے اسے شرمناک ہار کا ذائقہ چکھا کر اپنی فٹبال تاریخ کی سب سے بڑی جیت حاصل کرلی۔

اس ہار کے ساتھ جرمنی کے لئےشرمناک بات یہ بھی ہے وہ گروپ میں چوتھے اور آخری مقام پر رہا۔ سویڈن نے میکسکو پر شاندار جیت کے ساتھ گروپ میں ٹاپ کیا جبکہ میکسکو دوسرے مقام پر رہا۔ حالانکہ دونوں ٹیموں کے برابر 6۔6 پوائنٹ تھے لیکن سویڈن کا گول اوسط بہتر رہا۔ کوریا اور جرمنی کے بھی 3۔3 پوائنٹ تھے لیکن یہاں کوریا کا گول اوسط بہتر رہا۔

مقررہ 90 منٹ تک مقابلہ گول کے بغیر برابر رہنے کے بعدکوریا نے دونوں گول انجری ٹائم میں کئے۔ یہ لگاتار تیسرا موقع ہے جب چمپئن ٹیم گروپ مرحلے سے باہر ہوئی ہے۔

عالمی کپ کی تاریخ میں یہ چھٹا موقع ہے جب چمپئن ٹیم پہلے دور میں باہر ہوئی ہے۔ ان میں سے چار موقعے تو نئی صدی کے آغاز پر آئے۔ صرف برازیل 2002 میں خطاب جیتنے کے بعد اگلے عالمی کپ میں گروپ مرحلے سے آگے بڑھی تھی۔ فرانس، اٹلی، اسپین اور اب جرمنی چار یوروپی طاقتیں اپنے خطاب کے دفاع میں پہلے دور کی رکاوٹ پار نہیں کرپائیں۔

Published: undefined

کوریا کے کم ینگ گوان نے انجری ٹائم میں پہلا گول کیا لیکن انہیں آف سائڈ قرار دیا گیا۔ کوریا نے ویڈیو ریفرل کا مطالبہ کیا جس پر کوریا کو گول مل گیا۔ سون ہیونگ من نے آخری سیٹی بجنے سے قبل گول کیپر کے آگے نکل آنے کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوریا کا دوسرا گول کردیا۔ گول ہوتے ہی کوریائی کھلاڑی خوشی سے جھوم اٹھے۔

کوریا کے لئے یہ بڑا موقع تھا کہ اس نے چار بار کی چمپئن ٹیم کو شکست دی۔ جرمنی کی ٹیم 1938 کے بعد پہلی بار پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوئی ہے۔ ٹورنامنٹ میں جرمنی کی کارکردگی کافی خراب رہی اس نے تین میچوں میں صرف دو گول ہی کئے۔ کوریا کی ٹیم بھی باہر ہوگئی لیکن اس جیت کے بعد وہ فخر سے سر اونچا کرکے وطن واپس جائے گی۔

دوسری جانب گروپ کے ایک دیگر اہم مقابلے میں سویڈن نے میکسکو کو 3۔0 سے ہراکر ناک آؤٹ کا ٹکٹ کٹا لیا۔ پہلا ہاف گول کے بغیر رہنے کے بعد سویڈن نے 50 ویں منٹ میں لُڈ وِگ آگسٹنسن کے گول سے برتری بنائی۔ میچ کے 62 ویں منٹ میں آندریس گرین کویسٹ نے پنالٹی پر ٹیم کا دوسرا گول یا۔ 74 ویں منٹ میں میکسکو کے ایڈسن الواریز نے خودکش گول کرکے سویڈن کو گروپ میں ٹاپ مقام پر براجمان ہونے کا موقع فراہم کردیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined