فلم اور تفریح

بڑھتی مذہبی شدت پسندی کے لئے سلیم-جاوید کی جوڑی ذمہ دار... سید خرم رضا

ملک کی مذہبی شبیہ بنانے کے لئے ہم سنگھ اور برسر اقتدار جماعت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں لیکن اس کے لئے جہں اصل میں عالمی سیاست ذمہ دار ہے وہیں فلموں کی کہانی لکھنے والے اور بنانے والے بھی ذمہ دار ہیں۔

تصویر بشکریہ اے بی پی نیوز
تصویر بشکریہ اے بی پی نیوز 

سعودی عرب کا نام سنتے ہی ایک ایسے مذہبی ملک کی شبیہ تصور میں آتی تھی جہاں مسلمان عمرہ اور حج کی سعادت کے لئے سفر کرتے ہیں۔ سیاسی طور پر یہ تصور میں آتا تھا کہ سعودی عرب ایسا اسلامی ملک ہے جو پٹرول کے ذخائر کی وجہ سے معاشی طور پر بہت طاقتور ہے اور اپنی اس معاشی طاقت کی وجہ سے وہ کئی مغربی ممالک کا دوست بھی ہے اور کئی کی آنکھوں کا بال بھی۔ لیکن اب دور بدل رہا ہے نہ تو اب کوئی ملک پٹرول کی طاقت پر معاشی طور پر طاقتور تصور کیا جاتا ہے اور نہ ہی سعودی عرب کو ایک مذہبی ملک کہا جا سکتا ہے۔

Published: undefined

سعودی عرب میں اب پہلے کی طرح پابندیاں نہیں ہیں، وہاں اب خواتین صرف گھروں کی زینت نہیں ہیں بلکہ ان کو اب صرف بغیر محرم کے گاڑی چلانے کی اجازت ہی نہیں ملی ہے، بلکہ مغربی ممالک کی طرح اپنے ملک میں فلم فیسٹیول کا انعقاد بھی کر سکتی ہیں اور اسے دیکھ بھی سکتی ہیں۔ سعودی عرب کن سیاسی اور معاشی دباؤ کی وجہ سے اپنے معاشرہ میں یہ انقلابی تبدیلی لایا اس پر تو بہت کچھ لکھا جا چکا ہے اور بہت کچھ ابھی لکھا جانا ہے، لیکن ان تبدیلیوں کی وجہ سے سعودی عرب کی مذہبی شبیہ بہت حد تک دھندلی پڑ گئی ہے اور شائد یہ سعودی حکومت یعنی ایم بی ایس کہئے یا محمد بن سلمان کہئے کی مرضی تھی۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس شبیہ کے تبدیل ہونے سے سعودی عرب کو معاشی اور سماجی طور پر کتنا فائدہ ہوتا ہے۔

Published: undefined

سعودی عرب کے برعکس ہندوستان میں جو کچھ دیکھنے کو مل رہا ہے اس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ ہمارا ملک اب ایک مذہبی ملک بننے جا رہا ہے۔ ملک کے وزیر اعظم جس طرح ہر تقریب کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اس سے عوام لاشعوری طور پر مذہبی ہوتے جا رہے ہیں اور دھیرے دھیرے اس میں شدت آبھی رہی ہے اور زیادہ آئے گی بھی۔ ایک خاص مذہب کی تشہیر کی وجہ سے دیگر مذاہب کے لوگ بھی مذہبی ہوتے جا رہے ہیں۔ ایک جانب جہاں سعودی عرب کی مذہبی شبیہ دھندلی پڑ رہی ہے وہیں ہندوستان کی شبیہ مذہبی ملک کی بنتی جا رہی ہے۔

Published: undefined

ہندوستان میں برسر اقتدار جماعت کا خواب تھا اور وہ اس ملک کو مذہبی بنانے کی کوشش بھی کر رہی تھی، اب کسی حد تک اس کو کامیابی بھی مل گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس سے اس ملک کو کتنا فائدہ ہوگا کیونکہ پاکستان کو ضیاء الحق کے ذریعہ مذہبی ملک بنانے کے نقصانات سب کے سامنے ہیں اور پاکستان خود کچھ بھی کہے لیکن پوری دنیا میں اس کی پہچان دہشت گرد ملک کی بن کر رہ گئی ہے۔ بر سر اقتدار جماعت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اگر سیاسی فائدے کے لئے عوام کو مذہبی نشہ کرا دیا تو پھر اس نشہ کو چھوڑوانا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

Published: undefined

موجودہ حالات یا ملک کی مذہبی شبیہ بنانے کے لئے ہم سنگھ اور بر سر اقتدار جماعت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں لیکن اس کے لئے جہاں اصل میں عالمی سیاست ذمہ دار ہے وہیں فلموں کی کہانی لکھنے والے اور بنانے والے بھی ذمہ دار ہیں۔ ان کہانی لکھنے والوں میں اگر سلیم خان اور جاوید اختر کی سلیم-جاوید کے نام سے مشہور جوڑی کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ جس طرح ’نکاح‘ فلم نے تین طلاق کے مسئلہ کو اجاگر کیا تھا ویسے ہی سلیم جاوید کی جوڑی نے جتنی بھی کہانیاں لکھیں اس کے آخر میں مذہب کی جیت کو پیش کیا۔ ان کی تقریباً ہر کہانی پر بنی فلم میں ہیرو کو غیر مذہبی یا مذہب سے باغی دکھایا گیا لیکن آخر میں اسی باغی غیر مذہبی ہیرو کو مندر اور بھگوان کے قدموں میں پچھتاو کرتے اور معافی مانگتے دکھایا گیا۔ دراصل فلم میں سچائی کی برائی پر جیت دکھانے کے لئے جو انہوں نے پیش کیا، اس نے عوام یا ناظرین کے ذہن میں بٹھا دیا کہ ان کی پریشانیوں کے حل کے لئے مذہب ہی کا راستہ ہے۔ آج ہم جو سماج میں اور سیاست میں دیکھ رہے ہیں یہ انہیں کہانیوں کا نتیجہ ہے۔ جاوید اختر جن کا تعلق بائیں محاذ سے بھی ہے اور ان کی شبیہ ایک آزاد خیال دانشور کی بھی ہے انہوں نے اس پودھے کو بویا اور سینچا ہے۔

Published: undefined

سعودی عرب کی جو کوشش ہے کہ اس کی مذہبی تصویر دھندلی پڑ جائے اور اس کی ایک آزاد خیال، ترقی یافتہ ملک کی شبیہ چمک جائے تاکہ وہ بھی دنیا کی ترقی کا حصہ دار بن سکے۔ اس کے لئے اس نے اپنی صدیوں پرانی شبیہ کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ سعودی عرب کے اس قدم کو ایک مثبت قدم کہا جا سکتا ہے، اب نتیجہ کیا نکلتا ہے اس کا دارو مدار وہاں کی قیادت پر ہے۔ ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ کیا آج کے دور میں مذہبی شبیہ سے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، میرے خیال سے نہیں اس لئے حکمراں جماعت کو پھر اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined