فلم اور تفریح

شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ کے شہنشاہ مکالمات راج کمار...یومِ پیدائش کے موقع پر خصوصی پیش کش

دل اپنا اور پریت پرائی، گھرانہ، گودان اور دل ایک مندر جیسی فلموں کی کامیابی کے بعد راج کمار اپنی اداکاری کا سکہ جمانے کے لئے ایک ایسے مقام پر پہنچ گئے جہاں وہ اپنا کردار خود منتخب کر سکتے تھے

شہنشاہِ مکالمات راج کمار
شہنشاہِ مکالمات راج کمار 

(8 اکتوبر یوم پیدائش کے موقع پر)

ہندی سنیما کی دنیا میں یوں تو اپنی بااثر اداکاری سے کئی فلمی ستاروں نے شائقین کے دلوں پر راج کیا، لیکن ایک ایسا بھی ستارہ تھا جس نے نہ صرف سامعین کے دل پر راج کیا بلکہ فلم انڈسٹری نے بھی انہیں ’راجکمار‘کا درجہ دیا اور وہ تھے شہنشاہ مکالمات کل بھوش پنڈت عرف راج کمار پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 8 اکتوبر 1926 کو پیدا ہوئے راج کمار گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ممبئی کے ماہم پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر کے طور پر کام کرنے لگے ۔ایک دن رات گشت کے دوران ایک سپاہی نے راجکمار سے کہا ’’حضور آپ رنگ، ڈھنگ اور قد کے لحاظ سے کسی ہیرو سے کم نہیں ہیں۔ فلموں میں اگر آپ ہیرو بن جائیں تو لاکھوں دلوں پر راج کر سکتے ہیں‘‘۔ سپاہی کی یہ بات راجکمار کے دل میں اتر گئی۔

Published: undefined

راج کمار ممبئی کے جس تھانے میں ملازم تھے وہاں اکثر فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگو ں کا آناجانا تھا۔ ایک مرتبہ پولیس اسٹیشن میں فلم ساز بلدیو دوبے کچھ ضروری کام کے لئے آئے تھے ۔ وہ راجکمار کے بات کرنے کے انداز سے بے حد متاثر ہوئے اور انہوں نے راجکمار سے اپنی فلم شاہی بازار میں اداکار کے طور پر کام کرنے کی پیشکش کی۔ راج کمار سپاہی کی بات سن کر پہلے ہی اداکار بننے کا فیصلہ کرچکے تھے ۔ اس لئے انہوں نے فورا ہی اپنی سب انسپکٹر کی نوکری سے استعفیٰ دیا اور ان کی پیشکش قبول کر لی۔

Published: undefined

فلم شاہی بازار بننے میں کافی وقت لگ لگا اور راج کمار کو زندگی کی گزر بسر کرنا مشکل سا ہو گیا، اس لئے انہوں نے سال 1952 میں آئی فلم رنگیلی میں ایک چھوٹا سا کردار قبول کر لیا۔ یہ فلم سنیما گھروں میں کب آئی اور کب گئی، یہ پتہ ہی نہیں چلا۔ اس درمیان ان کی فلم شاہی بازار بھی ریلیز ہوگئی، جو باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی۔ اس فلم کی ناکامی کے بعد راج کمار کے تمام رشتہ دار کہنے لگے کہ تمہارا چہرہ فلموں کے لئے مناسب نہیں ہے وہیں کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ راج کمار ویلن کے رول کے لئے موزوں رہیں گے۔

Published: undefined

سال 1952 سے 1957 تک راج کمار فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے ۔ رنگیلی کے بعد انہیں جو بھی کردار ملا وہ اسے قبول کرتے گئے ۔ اس دوران انہیں انمول سہار، اوسر ،گھمنڈ، نیل منی اور کرشن سداما جیسی کئی فلموں میں اداکاری کرنے کا موقع ملا۔ لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوپائی۔ محبوب خان کی سال 1957 میں آئی فلم مدر انڈیا میں راج کمار گاؤں کے ایک کسان کے چھوٹے سے کردار میں نظر آئے۔ حالانکہ یہ فلم مکمل طور اداکارہ نرگس پر مرکوز تھی، پھر بھی وہ اپنی اداکاری کے تاثر چھوڑنے میں کامیاب رہے۔

Published: undefined

اس فلم میں بااثر اداکاری کے لیے انہیں بین الاقوامی شہرت حاصل ہو گئی اور فلم کی کامیابی کے بعد وہ اداکار کے طور پر فلم انڈسٹری میں شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ سال 1959 میں آئی فلم ’پیغام‘ میں ان کے مدمقابل شہنشاہ جذبات دلیپ کمار تھے اس کے باوجود راج کمار یہاں بھی اپنی مضبوط اداکاری کے ذریعے ناظرین کی داد تحسین حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ اس کے بعد دل اپنا اور پریت پرائی، گھرانہ، گودان، دل ایک مندر اور دوج کا چاند جیسی فلموں میں ملی کامیابی کے ذریعے وہ ناظرین کے درمیان اپنی اداکاری کا سکہ جمانے کے لئے ایک ایسے مقام پر پہنچ گئے جہاں وہ اپنا کردار خود منتخب کر سکتے تھے۔

Published: undefined

سال 1965 میں آئی فلم کاجل کی زبردست کامیابی کے بعد راج کمار نے اداکار کے طور پر اپنی الگ شناخت بنا لی تھی۔ بی آر چوپڑا کی 1965 میں آئی فلم ’وقت‘ میں اپنی لاجواب اداکاری سے وہ ایک بار پھر ناظرین کی توجہ اپنی طرف مرکوز کرنے میں کامیاب رہے۔ فلم میں راج کمار کے ادا کردہ ڈائیلاگ جیسے ’چنائے سیٹھ، جن کے گھر شیشے کے ہوتے ہیں وہ دوسروں پہ پتھر نہیں پھینکا کرتے .. یا چنائے سیٹھ، یہ چاقو ہے بچوں کے کھیلنے کی چیز نہیں، ہاتھ کٹ جائے تو خون نکل آتا ہے .. ناظرین میں کافی مقبول ہوئے۔

Published: undefined

فلم وقت کی کامیابی سے راج کمار شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے ۔ اس کے بعد انہوں نے ہرناز، نیل کمل، میرے حضور، ہیر رانجھا اور پاکیزہ، میں رومانوی کردار بھی کئے، جو ان کے فلمی کردار سے مناسبت نہیں رکھتے تھے ۔ اس کے باوجود راج کمار ناظرین کا دل جیتنے میں کامیاب رہے ۔

کمال امروہی کی فلم پاکیزہ مکمل طور پر مینا کماری پر مرکوز فلم تھی۔ اس کے باوجود راج کمار اپنی بااختیار اداکاری سے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکیزہ میں ان کی طرف سے ادا کیا گیا ایک مکالمہ ’آپ کے پاؤں دیکھے بہت حسین ہیں انہیں زمین پر مت رکھئے گا میلے ہو جائیں گے ..‘ اس قدر مقبول ہوا کہ لوگ ان کی آواز کی نقل کرنے لگے ۔

Published: undefined

سال 1978 میں آئی فلم کرم یوگی میں راج کمار کی اداکاری قابل دید تھی۔ اس فلم میں انہوں نے دو الگ الگ کرداروں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ سال 1991 میں آئی فلم سوداگر میں راج کمار کی اداکاری کے نئے طول و عرض دیکھنے کو ملے۔ سبھاش گھئی کی فلم میں راج کمار سال 1959 میں آئی فلم پیغام کے بعد دوسری بار دلیپ کمار کے مدمقابل تھے اور فلم بین ان دونوں عظیم اداکاروں کو ایک ساتھ دیکھنے کے لئے بے قرار تھے۔

Published: undefined

90 کی دہائی میں راج کمار نے فلموں میں کام کرنا کافی کم کر دیا۔ اس دوران ان کی ترنگا ، پولیس اور مجرم ، انسانیت کے دیوتا ، بے تاج بادشاہ اور جواب جیسی فلمیں آئی۔ تنہا رہنے والے راج کمار نے شاید محسوس کر لیا تھا کہ موت ان کے کافی قریب ہے ۔ اسی لیے انہوں نے اپنے بیٹے پرو راجکمار کو اپنے پاس بلا لیا اور کہا.. دیکھو موت اور زندگی انسان کا ذاتی معاملہ ہوتا ہے ۔ میری موت کے بارے میں میرے دوست چیتن آنند کے علاوہ اور کسی کو نہیں بتانا۔ میری آخری رسومات ادا کرنے کے بعد ہی فلم انڈسٹری کو مطلع کرنا۔

تقریبا چار دہائی تک اپنی سنجیدہ اداکاری سےناظرین کے دلوں پر حکومت کرنے والے عظیم اداکار راجکمار 3 جولائی 1996 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined