آج کل سوشل میڈیا پر ایک تصویر اور ویڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے۔ تصویر آنکھ مارتی ہوئی ایک نوعمر لڑکی کی ہے۔ یہ تصویر اس ویڈیو کی ہے جس میں ایک لڑکی اور اس کے اسکول کا ایک ’کلاس میٹ‘ ساتھی آنکھوں ہی آنکھوں سے اشاروں میں باتیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ ویڈیو ایک ملیالم فلم کے گانے کا حصہ ہے جس میں اسکول کی اسمبلی کے دوران لڑکا اس لڑکی سے آنکھوں کے اشارے سے کچھ پوچھتا ہے جس کے جواب میں وہ لڑکی اپنی ایک آنکھ دبا دیتی ہے۔ یہ تصویر اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر اس قدر وائرل ہو گیا کہ پچھلے کئی دنوں سے بس یہی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ اب تک لاکھوں لوگوں نے اس تصویر اور ویڈیو کو دیکھا اور شیئر کیا ہے۔
Published: 15 Feb 2018, 4:48 PM IST
ایسا کیا خاص ہے اس ویڈیو میں! بس ایک لڑکی اور ایک لڑکے کے درمیان کی محبت کو ہی تو دکھایا گیا ہے۔ ایسی کیا نایاب بات ہو گئی جو لاکھوں لوگ اس ویڈیو اور تصویر کو شیئر کرنے سے خود کو نہ روک سکے۔ دراصل یہ ویڈیو ہم میں سے زیادہ تر لوگوں کو اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت ماضی میں لے جاتا ہے۔ اس ویڈیو اور اس میں نظر آرہے لڑکے اور لڑکی کے درمیان پیدا ہو رہی محبت کا احساس ہمیں اپنی نوعمری کے کچھ ایسے ہی دنوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ ویڈیو ایک جھروکے کی مانند ہے جس کے ذریعہ ہم سب ایک ساتھ اپنی اپنی خوشنما یادوں کو پھر سے ٹٹولنے لگے۔ یہ خوشنما یادیں، ہماری زندگی کے وہ سب سے خوبصورت لمحے ہیں جن کی یاد آنے پر ہم تنہائی میں مسکرائے بغیر نہیں رہتے ہیں۔ اور وہ سب سے خوبصورت لمحہ ہوتا ہے ٹین ایج لو یعنی نوعمری کی محبت کا۔
Published: 15 Feb 2018, 4:48 PM IST
محبت اپنے آپ میں ایک بے حد خوبصورت احساس ہے۔ اور بات جب ٹین ایج لو کی ہو تو یہ احساس دنیا کا سب سے خوبصورت اور طاقتور احساس ہوتا ہے۔ عمر کی اس منزل پر دل صرف تصورات کی دنیا میں پرواز کرنا چاہتا ہے۔ کبھی کسی اجنبی کو پانے کے خیال سے بھی دل باغ باغ ہو اٹھتا ہے، تو کبھی کسی کا ساتھ چھوٹ جانے کے احساس بھر سے دل کانپ جاتا ہے۔ دل ایک اجنبی کے ساتھ جینے مرنے کے خواب دیکھنے لگتا ہے تو کبھی اپنی اس محبت کے لیے دنیا بھر سے بغاوت کرنے کو تیار ہو جاتا ہے۔ اس عمر میں نہ تو زمانے کی پروا ہوتی ہے اور نہ ہی کسی بندش کا خوف۔ نہ ہی سماج کی زنجیروں کا خوف ہوتا ہے نہ ہی گھر والوں کے تقدس کا بوجھ۔
نوعمری کی محبت کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ایشا شاید ہی کوئی شخص ہو جو اس احساس سے نہ گزرا ہو۔ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے سے پہلے مخالف جنس کے تئیں کشش پیدا ہونا قدرتی ہے۔ یہ کشش کسی کے لیے بھی ہو سکتی ہے۔ اپنے کلاس کے ساتھی یا استاد یا پھر پڑوسی یا محلے کا کوئی، انجانے لوگ ہی اچانک بے حد اچھے اور اپنے سے معلوم ہونے لگتے ہیں۔ اس محبت میں شوخیاں ہوتی ہیں، نادانی ہوتی ہے، بے چینی ہوتی ہے، بے قراری ہوتی ہے اور سب سے زیادہ ہر خوشی سے بھی کہیں زیادہ کسی کے ساتھ ہونے کا احساس ہوتا ہے۔
Published: 15 Feb 2018, 4:48 PM IST
لیکن نوجوانوں کے تصورات کے آسمان کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں نوجوان اپنے ناپختہ خوابوں اور خیالوں کو بغیر کسی کی پروا کیے اپنے مطابق نئی شکل اور نیا رنگ دینے لگ جاتے ہیں جس سے اکثر سماج اور فیملی اس کے خلاف کھڑی ہو جاتی ہے۔ پھر اس خوبصورت احساس کا سب سے خراب اور گہرا تجربہ ہوتا ہے۔ کسی ایک کے احساسات، خوابوں اور خیالوں میں رہنے کی وجہ سے اسے پورے گھر، فیملی اور سماج سے ٹکر لینا پڑتا ہے۔ اور یہ وہ وقت ہوتا ہے جب اس شخص کو اچانک سے کھلے آسمان کی پرواز سے ایک جھٹکے میں نیچے زمین پر لا کر پٹخ دیا جاتا ہے۔ اس کا نوجوان کے اوپر بہت ہی گہرا اور کئی بار منفی اثر بھی پڑتا ہے۔ ایسے میں یہ بہت ہی اہم لمحہ ہوتا ہے جہاں سے اس نوعمر لڑکا اور لڑکی کی دوبارہ سے ایک نئی زندگی کی شروعات ہوتی ہے۔ اس میں پچھلے تجربات کا کافی گہرا اثر تو ہوتا ہے لیکن وہ تجربہ بن کر اس شخص کو مزید پختہ کر دیتا ہے۔
Published: 15 Feb 2018, 4:48 PM IST
ایک تحقیق میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ 90 فیصد سے زیادہ ٹین ایج کی محبت کامیاب نہیں ہو پاتی ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ نوعمری میں کی گئی محبت بھلے ہی کامیاب نہ ہوں، لیکن وہ پوری زندگی اس شخص کے ساتھ خوش نما احساس کی شکل میں ساتھ رہتا ہے جسے اکثر یاد کرنے پر وہ شخص تنہائی میں اچانک مسکرا اٹھتا ہے، ٹھیک اسی طرح جیسے اس ویڈیو کا نوجوان پریا پرکاش کی اداؤں کو دیکھ کر مسکرا اٹھتا ہے۔
Published: 15 Feb 2018, 4:48 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Feb 2018, 4:48 PM IST