تعلیم اور کیریر

جامعہ صدی تقریبات کو سب سے زیادہ با معنی شعبہ اردو نے بنایا: پروفیسر نجمہ اختر

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ شعبہ اردو نہ صرف پوری ادبی دنیا میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ اس شعبے کا تحقیقی معیار ہمیشہ سے مثالی رہا ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اردو کی بیش بہا خدمات کی ستائش کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اخترنے کہا کہ اس کا شعبہ اردو نہ صرف پوری ادبی دنیا میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ اس شعبے کا تحقیقی معیار ہمیشہ سے مثالی رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے شعبہ اردو کے آٹھویں سالانہ مجلہ ’ارمغان‘ (2019) کی تقریب رونمائی کرتے ہوئے کہی۔

Published: undefined

انہوں نے جامعہ کی ادبی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہاں سے زبان و ادب کی عظیم شخصیات وابستہ رہی ہیں۔عصری منظر نامے پر اس شعبے کی تخلیقی،تنقیدی اور تحقیقی خدمات کو وقار و اعتبار حاصل ہے۔آج جب کہ جامعہ اپنی صدی کی دہلیز پہ کھڑی ہے،اس کی صدی تقریبات کو با معنی بنانے میں شعبہئ اردو کے تین قومی اور بین الاقوامی سیمینار اور سالانہ مجلہ ’ارمغان‘ کا کردار غیر معمولی ہے۔انہوں نے کہا کہ ارمغان کا یہ شمارہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے،کیوں کہ اس میں ایک صدی پر محیط جامعہ ملیہ اسلامیہ کی اردو خدمات کو نہایت جامعیت کے ساتھ سمیٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔

Published: undefined

پرو وائس چانسلر پروفیسر الیاس حسین نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر شعبہئ اردو کی سرگرمیوں اور اس کی فعالیت سے متاثر ہو ں۔یہاں کے اساتذہ ہی نہیں بلکہ ریسرچ اسکالرس اور طلبہ و طالبات بھی اعلی علمی اور ادبی ذوق رکھتے ہیں۔شعبہئ اردو کا تازہ ترین سال نامہ بلا مبالغہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی اردو خدمات کے حوالے سے ایک مستند دستاویز کا درجہ رکھتاہے۔

Published: undefined

جامعہ کے رجسٹرار آئی پی ایس اے پی صدیقی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ اردو نے اس مجلے کا یہ خصوصی شمارہ جاری کر کے دوسرے شعبوں کے لیے ایک ایسا نمونہ قائم کیا ہے کہ جس کی پیروی کر کے جامعہ کے دیگر شعبوں کی منظم تاریخ مرتب کی جا سکتی ہے۔صدر ِشعبہ پروفیسر شہزاد انجم نے شعبہئ اردو کی سر گرمیوں اور یہاں سے وابستہ اساتذہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے کی علمی و ادبی فتوحات کو اب پوری دنیا نے تسلیم کر لیا ہے۔شعبے کو یہ اعلی مقام جن خصوصیات کے سبب حاصل ہو سکا ہے ان میں باہمی جذبہئ تعاون، ایثار و قربانی، سچی طلب علم، خلوص و محبت اور جہد مسلسل کو خصوصی دخل رہا ہے۔

Published: undefined

سال نامہ ’ارمغان‘ کے مدیر پروفیسر کوثر مظہری نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر نجمہ اختر اور یونیورسٹی انتظامیہ نے اس یادگار اور تاریخ ساز شمارے کی اشاعت میں نا قابل فراموش تعاون کیاہے۔انہوں نے صدر شعبہ پروفیسر شہزاد انجم کی بے پناہ انتظامی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی تھکتے اور ہارتے نہیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس شمارے کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی سو سالہ اردو خدمات کا ایک حوالہ جاتی صحیفہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined