تعلیم اور کیریر

یو پی بورڈ امتحان: 16 طلباء نقل کرتے گرفتار، پونے دو لاکھ غیر حاضر

امتحانات کے پہلے دن ہائی اسکول میں 53100 طلبہ و طالبات غیر حاضر رہے جبکہ انٹرمیڈیٹ میں 127726 طلبہ و طالبات غیر حاضر رہے۔ گورکھپور میں سب سے زیادہ 11830 طلباء امتحان میں نہیں بیٹھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

لکھنؤ: یو پی بورڈ ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات 7 فروری سے شروع ہو گئے ہیں۔ پہلے دن ایس ٹی ایف نے الہ آباد کے نینی میں اجتماعی نقل کے الزام میں بال بھارتی انٹر کالج کے پرنسپل ایس پی سنگھ، روم انسپکٹر انیل تیواری اور معاون شیو شنکر مشرا کو گرفتار کیاگیا۔ ان پر بول کر نقل کروانے کا الزام ہے۔ بورڈ کے صدر دفتر سے دیر شام موصول ہوئی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 16 طلبہ کو قابل اعتراض مواد کا استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

امتحانات کے پہلے دن ہائی اسکول میں 53100 طلبہ و طالبات غیر حاضر رہے جبکہ انٹر میڈیٹ میں 127726 طلبہ و طالبات غیر حاضر رہے۔ گورکھپور میں سب سے زیادہ 11830 طلباء امتحان میں نہیں بیٹھے۔ اس کے بعد ہردوئی میں 11141 طلباء امتحان سے غیر حاضررہے۔

پرتاپ گڑھ کے ہائی اسکول و انٹر کے کل 46364 طلباء میں سے 7205 طلباء امتحان کے آغاز یعنی منگل سے غیر حاضر رہے ۔جبکہ ایک مرکز کو نا اہل قرار دیا گیا ہے۔

ضلع انسپکٹر آف اسکول برجیش مشر انے بتایا کہ ہائی اسکول کے 19365 طلباء میں سے 2762 و انٹر کے 26999 طلباء میں سے 4443 طلباء امتحان کے آغاز سے ہی غیر حاضر رہے ۔جبکہ ایک امتحان مرکز سے دو طلباء کے پاس موبائل برآمد ہونے کے سبب مرکز کو نا اہل قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

بلیا کے ضلع مجسٹریٹ سریندر وکرم نے نوین انٹر کالج اساری ، سلیم پور کامعائنہ کیا۔ وہاں 9 کمروں میں امتحان ہو رہے تھے لیکن 5 کمروں میں ہی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کئے گئے تھے۔ ضلع مجسٹریٹ نے مرکز کے کوآرڈینیٹر کے خلاف کارروائی کے احکامات صادر کر دئیے ہیں۔ کھاری میں ایک طالب علم کے مقام پر اس کے بھائی کو امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا۔

جون پور میں پہلے دن چار کالجوں میں طلباء کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ تین طلبہ اور ایک طالبہ کو ریسٹی کیٹ کر دیا گیا ہے۔ ہردوئی میں ہائی اسکول کا امتحان دینے والے ایک فرضی طالب علم کو گرفتار کیا گیا۔ جون پور زون کے دیگر اضلاع کے 9 طلباء کو قابل اعتراض مواد کا استعما ل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

کشی نگر میں انٹر میڈیٹ کے ہندی پرچہ کے لیک ہونے کی خبر سامنے آئی۔ امتحان دوپہر دو بجے تھا جبکہ اس سے قبل ہی واٹس ایپ پر ہندی کا پرچہ وائرل ہونے لگا۔ ذرائع کے مطابق کبیر استھان کے امتحان مرکز سے یہ پرچہ لیک ہوا ۔ حالانکہ ڈی آئی او ایس ادے بھان مشر نے اس سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پرچہ لیک ہوا ہے تو اس کی جانچ کرائی جائے گی۔

میرٹھ ضلع کے دورالا میں کسان ہتکاری انٹر کالج سکوتی میں تین نوجوان زبردستی اندر داخل ہو گئے ۔ الزام ہے کہ انہوں نے پرچہ لوٹنے کی کوشش کی۔ پرنسپل اور اسٹاف نے تینوں کو پکڑ کر پولس کے حوالہ کر دیا ۔ پولس تینوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined