نئی دہلی: مرکزی ثانوی تعلیم بورڈ (سی بی ایس ای) کی 12ویں کے امتحان میں دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں کامرس اسٹریم کی ٹاپر پوجا سنگھ مستقبل میں گونگے بہروں کے لئے ایسا انسٹی ٹیوٹ کھولنا چاہتی ہیں جس میں ان کی صلاحیت کو نکھار کر انہیں روزگار مہیا کرایا جاسکے۔
سروودے گرلس اسکول روپ نگر نمبر 1 کی طالبہ پوجا نے 500 میں 481 نمبر حاصل کر کے 96.2 فیصد نمبروں کے ساتھ ٹاپ کیا ہے۔ پوجا کے والدین دونوں ہی گونگے بہرے ہیں۔ وہ نہ تو بول سکتے ہیں اور نہ ہی سن سکتے ہیں۔ پوجا کے ماموں اور خالا بھی گونگے بہرے ہیں۔ پوجا کے والد پرشانت کمار سنگھ دہلی یونیورسٹی کے اسکول آف اوپن لرننگ میں آفس اٹنڈنٹ کے عہدے پر تعینات ہیں۔ اس کی ماں دھارا سنگھ ایک گھریلو خاتون ہیں۔
پوجا نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور نانا کے سر باندھتے ہوئے کہا، ’’میرے والدین میرے لئے سب سے بڑی امید ہیں جنہوں نے مجھے مسلسل سخت محنت اور بہتر کارکردگی کرنے کے لئے حوصلہ دیا۔‘‘ اس نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے اسکول اور ٹیوشن کے ٹیچروں کے بھی سر باندھا۔
پوجا نے یو این آئی سے بات چیت میں کہا، ’’اسکول کے ٹیچروں نے پڑھائی میں میری بہت مدد کی اور مسلسل میرا حوصلہ بڑھایا۔ کسی بھی طرح کے مسئلہ کے حل کے لئے ٹیچر ہمیشہ موجود رہے۔‘‘
پوجا نے گونگے بہرے لوگوں کو باصلاحیت بتاتے ہوئے کہا کہ ’’یہ لوگ بول اور سن نہیں سکتے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ لوگ قابل نہیں ہیں۔ ان لوگوں میں بھی صلاحیت اور ہنر ہوتے ہیں، لیکن دنیا ان کی ناقدری کرتی ہےاور انہیں جلدی کوئی ملازمت بھی نہیں دیتا۔‘‘ وہ کہتی ہیں کہ اپنی زندگی میں پیسے کما کر ان لوگوں کے لئے ایک ایسا انسٹی ٹیوٹ کھولنا چاہتی ہوں جس میں ان کی صلاحیت کو نکھار کر انہیں روزگار مہیا کرایا جاسکے۔
پوجا نے کہا کہ ان کے ناناجی نے انہیں اقتصادی مدد کرنے کے علاوہ ہمیشہ اس کا حوصلہ بڑھایا۔ وہ بینک کے علاوہ دیگر اہم کاموں میں بھی اپنے والدین کی مدد کرتی ہے۔ اس نے اپنے والدین سے ہی گونگے بہرے لوگوں کے اشاروں کی زبان سیکھی ہے۔ پوجا کے خاندان میں والدین کے علاوہ اس کا چھوٹا بھائی بھی ہے جو پانچویں کلاس میں پڑھتا ہے۔
مستقبل میں اپنے کریئر میں پوجا کیا کرنا چاہتی ہے، اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اس نے کہا، ’’میں دہلی یونیوروسٹی کے شری رام کالج آف کامرس میں اسٹیٹسٹکس آنرس میں ایڈمیشن لینا چاہتی ہوں اور ساتھ میں ایکچورئل سائنس کا کورس بھی کرنا چاہتی ہوں۔‘‘ پوجا کو ریاضی اور اقتصادیات میں خاص دلچسپی ہے۔ اس نے اقتصادیات میں 100، ریاضی میں 99، اکاؤنٹس میں 95، بزنس اسٹدیز میں 95 اور انگریزی میں 92 نمبر حاصل کیے ہیں۔ خالی وقت میں پوجا ناول پڑھنا اور بیڈمنٹن کھیلنا پسند کرتی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز