تعلیم اور کیریر

ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں

سول سروس میں کامیاب امیدواروں کو مبارک باد



ڈاکٹر ہپت اللہ  جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی کے  اجلاس میں
ڈاکٹر ہپت اللہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی کے اجلاس میں 

نئی دہلی‘ 9اگست (یو این آئی) جامعہ ملیہ اسلامیہ کی چانسلر اور منی پور کی گورنر ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ انہیں بلند سے بلندتر ین عزم کا حامل ہونا چاہئے اور اگر زندگی کو بامقصد بنالیا جائے تو آسمان کی بلندیوں کوچھونا بھی ناممکن نہیں ۔ ڈاکٹر ہپت اللہ آج یہاں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریزیڈینشیل کوچنگ اکیڈمی کے ذریعہ سول سروس میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے لئے منعقد تہنیتی اجلاس سے خطاب کررہی تھی۔انہوں نے ڈاکٹر اقبال کے متعدد اشعار کے ذریعہ طلبہ اور نوجوانوں کو خوداعتمادی‘ بلند پروازی اورخودی کا پیغام بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’آپ کو جگنو کی طرح ہونا چاہئے جو خود بھی روشن ہو اور دوسروں کے راستے کو بھی روشن کرے ۔‘ انہوں نے سول سروس میں کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ اپنے عمل کو اپنے ایمان کی ترازو پر تولتے رہیں اور اقبال کا یہ شعر بطور خاص پیش کیا: اے طائرلاہوتی اس رزق سے موت اچھی‘ جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی۔ جامعہ ملیہ کی چانسلر ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ نے اس نیشنل یونیورسٹی سے اپنے قلبی تعلق کا تفصیلی ذکرکیا اور بتایا کہ و ہ جب طالبہ تھیں تو جامعہ میں داخلہ لینا چاہتی تھیں لیکن بھوپال میں دوری کی وجہ سے ان کے والد نے داخلہ لینے کی اجازت نہیں دی ۔تاہم جامعہ سے تعلق کی بنا پر ہی انہوں نے اس کا چانسلر بننا اپنے لئے اعزاز سمجھا ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے پہلے کے مقابلے آج انقلابی تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والدنے انہیں امریکہ کے ناسا میں ملازمت کرنے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن آج ان کی دو بیٹیاں امریکہ میں رہتی ہیں۔انہوں نے تعلیمی میدان میں جامعہ ملیہ کی حصولیابیوں کے لئے اس کے ذمہ داروں کو مبارک باد دی.

Published: 09 Aug 2017, 5:34 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 Aug 2017, 5:34 PM IST