DW

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید اموات، پیرس میں مذاکرات جاری

نیتن یاہو نے جنگ کے بعد کے دور کے غزہ کے لیے ایک منصوبے کا اسی ہفتے ذکر کیا تھا، جس کے تحت غزہ میں حکومت حماس سے روابط نہ رکھنے والے مقامی فلسطینیوں کو سونپی جانا چاہیے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید اموات، پیرس میں مذاکرات جاری
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید اموات، پیرس میں مذاکرات جاری 

غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کئی مقامات پر 70 سے زائد حملے کیے گئے۔ اسرائیلی انٹیلیجنس سربراہ بھی امن مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے پیرس میں جاری بات چیت میں شریک ہیں۔غزہ پر جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب اسرائیلی حملوں میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حملے ایک ایسے وقت پر کیے گئے ہیں، جب اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے سربراہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پیرس میں ہونے والی بات چیت میں شریک ہیں۔

Published: undefined

یہ بات چیت اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے جنگ کے بعد غزہ میں حکمرانی کا ایک مجوزہ منصوبہ پیش کیے جانے کے بعد ہو رہی ہیں۔ اسرائیل کے اہم اتحادی ملک امریکہ نے نیتن یاہو کے اس منصوبے پر تنقید کی ہے جبکہ غزہ پر حکمران حماس اور مقبوضہ مغربی کنارے پر حکمران فلسطینی اتھارٹی نے بھی اسے مسترد کر دیا ہے۔

Published: undefined

غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے آج ہفتے کے روز کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیر البلاح، خان یونس اور رفح سمیت کئی مقامات پر گھروں پر 70 سے زیادہ حملے کیے۔ وزارت صحت کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 92 افراد ہلاک ہوئے۔ 2007ء سے غزہ پر حکومت کرنے والی فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے بھی کہا ہے کہ غزہ کے شمالی ضلع زیتون میں لڑائی جاری ہے۔

Published: undefined

غزہ میں قحط کا بڑھتا ہو اخطرہ

اے ایف پی ٹی وی کی فوٹیج میں غزہ کے باشندوں کو جمعہ کے روز جبالیہ میں اس محصور فلسطینی علاقے کے تباہ حال حصے میں کھانے کے لیے قطار میں کھڑے اور سنگین صورتحال پر احتجاج کرتے دکھایا گیا ہے۔ ان میں سے ایک فلسطینی وجدی صالحہ نے کہا۔''ہمارے پاس نہ پانی ہے، نہ آٹا ہے اور ہم بھوک کی وجہ سے بہت تھکے ہوئے ہیں۔ آگ اور دھوئیں کی وجہ سے ہماری آنکھیں درد کرتی ہیں۔‘‘

Published: undefined

غزہ میں وزارت صحت نے کہا ہے کہ محمود فتح نامی دو ماہ کے بچے کی موت 'غذائیت‘ کی کمی کی وجہ سے ہوئی۔ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے رابطہ دفتر او سی ایچ اے نے خبردار کیا ہے کہ خوراک اور پانی کی کمیابی کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کی سہولیات کی عدم موجودگی میں غزہ میں قحط کا خطرہ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Published: undefined

غزہ میں جاری جنگ حماس کے عسکریت پسندوں کی طرف سے سات اکتوبر کو اسرائیل پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ ان حملوں میں اسرائیل میں تقریباً 1,160 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ حماس کے عسکریت پسندوں نے دو سو سے زائد افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا، جن میں سے 130 غزہ میں موجود تھے، جن میں سے اسرائیل کے مطابق اب تک 30 کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

Published: undefined

غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد اب تیس ہزار کے قریب

غزہ میں وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک مجموعی طور پر غزہ میں کم از کم 29,606 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ جمعہ کے روز ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملےمیں معروف فلسطینی مزاح نگار محمود زوئیتر کے غزہ میں واقع گھر کو تباہ کر دیا گیا، جس میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

Published: undefined

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جنگ کے بعد کے دور کے غزہ کے لیے ایک منصوبے کا اسی ہفتے ذکر کیا تھا، جس کے تحت غزہ میں حکومت حماس سے روابط نہ رکھنے والے مقامی فلسطینیوں کو سونپی جانا چاہیے۔ اس مجوزہ منصوبے میں کہا گیا ہے کہ عسکری تنازع کے بعد بھی اسرائیلی فوج کو پوری غزہ پٹی میں کام کرنے کی ''غیر معینہ مدت کے لیے آزادی‘‘ ہو گی تاکہ وہاں دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے سے روکا جا سکے۔

Published: undefined

اس منصوبے میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ اسرائیل غزہ کی جانب سرحد کے ساتھ ایک سکیورٹی بفر زون قائم کرے گا۔ حماس کے ایک سینئر اہلکار نے اس منصوبے کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ اسامہ حمدان نے بیروت میں نامہ نگاروں کو بتایا، '' غزہ پٹی کے لیے نیتن یاہو ایسے خیالات پیش کر رہے ہیں جو وہ بخوبی جانتے ہیں کہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔‘‘ نیتن یاہو کے اس منصوبے کو امریکہ کی طرف سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

Published: undefined

امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ واشنگٹن اسرائیلی حکام پر مسلسل واضح کرتا آیا ہے کہ جنگ کے بعد غزہ میں کیا کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ''فلسطینی عوام کو احیا شدہ فلسطینی اتھارٹی کے ذریعے ایک آواز اور ووٹ کا حق ملنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ بھی ''غزہ کے حجم میں کمی پر یقین نہیں رکھتا۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined