ہفتے کے روز جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن کے چار اہلکار ایک گولہ پھٹنے سے زخمی ہوگئے۔ اسرائیل کی جانب سے حملے کی تردید کر دی گئی۔ حماس کے زیر انتظام غزہ میں قائم وزارت صحت نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں غزہ پٹی میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 32,705 ہو چکی ہے۔
Published: undefined
وزارت صحت نے آج ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 82 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سات اکتوبر سے جاری ان حملوں میں زخمیوں کی مجموعی تعداد اب 75,190 تک پہنچ چکی ہے۔ موجودہ جنگ کا آغاز حماس کے سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے ہوا تھا، ان حملوں میں اسرائیل میں تقریباً 1,160 ہلاکتیں ہوئیں، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
Published: undefined
عینی شاہدین کے مطابق تازہ جھڑپوں اور دھماکوں نے غزہ کو ہلا کر رکھ دیا۔ ہلال احمر کے مطابق قحط کی لپیٹ میں آئے ہوئے شمالی غزہ میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران افراتفری سے متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ حماس کے پریس آفس نے گزشتہ روز 50 سے زیادہ اسرائیلی فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے، جس میں ساحلی علاقے میں "شہریوں کے مکانات" کو نشانہ بنایا گیا، نیز غزہ سٹی اور جنوبی غزہ میں ٹینکوں سے شیلنگ کی گئی۔
Published: undefined
اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے وسطی اور شمالی غزہ میں عسکریت پسندوں کے کمپاؤنڈز سمیت درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ فلسطینی شہری دفاع کے ادارے کی جانب سے جمعے کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں غزہ شہر کی ایک سڑک پر حملے کے بعد ایک تباہ شدہ گاڑی کو دکھایا گیا۔ اس گاڑی میں سے دو لاشوں کو نکال کر ایمبولینس میں ڈال کر لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
Published: undefined
ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا کے ارد گرد 13ویں روز بھی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی امور سے متعلق رابطہ دفتر اوچا کے مطابق فلسطینی علاقوں کے زیادہ تر ہسپتال کام نہیں کر رہے ہیں اور اس کا صحت کا نظام 'بمشکل بچا ہوا ہے۔‘ اسرائیلی فوج حماس اور اسلامی جہاد کے عسکریت پسند گروپوں کے جنگجوؤں پر طبی سہولیات کے اندر چھپنے، مریضوں، عملے اور بے گھر افراد کو کور کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتی ہے۔
Published: undefined
اقوام متحدہ کے جنوبی لبنان میں تعینات امن مشن (یو این آئی ایف آئی ایل) کے تین مبصرین اور ان کا ایک مترجم ہفتے کے روز اس وقت زخمی ہو گئے، جب دوران گشت ایک گولہ ان کے قریب آ کر گرا۔
Published: undefined
یو این آئی ایف آئی ایل کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گیا امن مشن میں شامل اہلکاروں کو نشانہ بنانا ''ناقابل قبول‘‘ ہے۔ دو سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ اسرائیلی حملے میں امن مشن کے مبصرین زخمی ہوئے ہیں لیکن اسرائیلی فوج نے اس علاقے میں حملے کی تردید کی۔ لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے بھی اس حملے کی مزمت کی ہے۔
Published: undefined
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیل اور حماس کے عسکریت پسندوں کے مابین غزہ جنگ بندی پر مذاکرات کے ایک نئے دور کی منظوری دی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ اقدام گزشتہ پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کی گئی اس قرارداد کے بعد سامنے آیا ہے، جسں میں غزہ میں ''فوری جنگ بندی‘‘کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
Published: undefined
اس نوعیت کے اپنے ایک حکم نامے میں دنیا کی سب سے اعلیٰ عدالت نے بھی اسرائیل کو حکم دیا کہ وہ غزہ کے مایوس شہریوں تک امداد کی پہنچ کو یقینی بنائے۔ تاہم غزہ میں جاری لڑائی میں نرمی کے کوئی آثار دکھائی نہیں دیتے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined