امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک اپنے چھٹے دورے پر ایک بار پھر مشرق وسطیٰ پہنچ رہے ہیں۔ اسی دوران اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کے الشفا ہسپتال میں حماس کے نوے جنگجو ہلاک کر دیے گئے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آج بدھ 20 مارچ کے روز ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کے خطے میں پہنچ رہے ہیں، جو گزشتہ برس اکتوبر میں غزہ کی جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک ان کا اس خطے کا چھٹا دورہ ہے۔
Published: undefined
اس دورے کا مقصد بھی ان کوششوں کا جلد از جلد نتیجہ خیز بنانا ہے، جو غزہ کی جنگ میں اسرائیل اور حماس کے مابین فائر بندی اور حماس کے زیر قبضہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کی جا رہی ہیں۔ انٹونی بلنکن جدہ میں سعودی رہنماؤں اور قاہرہ میں مصری قیادت سے ملیں گے اور ان کی کوشش ہو گی کہ مصر اور قطر کی ثالثی کوششوں کے نتیجے میں تشکیل پانے والے ممکنہ سیزفائر معاہدے کو جنگی فریقین کی طرف سے منظور کروا کے غزہ میں لاکھوں متاثرہ فلسطینی شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد کی تیز رفتار ترسیل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
Published: undefined
غزہ پٹی کی جنگ میں فائر بندی کے لیے ایک طرف اگر قطر، مصر اور امریکہ سمیت کئی ممالک براہ راست یا پس منظر میں رہ کر اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، تو دوسری طرف اسرائیل سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق نیتن یاہو کابینہ میں شامل اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ آئندہ ہفتے اس لیے امریکہ کا دورہ کریں گے کہ واشنگٹن میں بائیڈن انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتوں میں رفح میں زمینی فوجی آپریشن کے بارے میں بات چیت کر سکیں۔
Published: undefined
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اسرائیلی فوج غزہ پٹی کے جنوب میں مصر کے ساتھ سرحد کے قریب رفح شہر میں بھرپور زمینی فوجی آپریشن کا منصوبہ بنائے ہوئے ہے، جس کے لیے ابھی وقت کا اعلان نہیں کیا گیا۔ لیکن اقوام متحدہ، اس کے کئی ذیلی ادارے، امریکہ، برطانیہ اور متعدد دیگر یورپی ممالک بھی اس مجوزہ زمینی آپریشن کے اس لیے شدید مخالف ہیں کہ رفح میں غزہ پٹی کے شمالی اور وسطی حصوں سے بے گھر ہو کر آنے والے لاکھوں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے اور وہاں اسرائیلی فوج کا حماس کے خلاف کوئی بھی زمینی آپریشن لاکھوں فلسطینی شہریوں کی زندگیوں کے لیے بھی بڑا خطرہ ہو گا۔
Published: undefined
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے بدھ کے روز کہا گیا کہ وزیر دفاع گیلنٹ کی قیادت میں ایک وفد امریکی صدر بائیڈن کی دعوت پر یہ دورہ کرے گا اور اس دوران وفد کے ارکان امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن سے بھی ملیں گے تاکہ امریکی اتحادیوں پر یہ واضح کیا جا سکے کہ اسرائیل رفح شہر میں کس طرح کا زمینی فوجی آپریشن کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ رفح شہر میں اس وقت غزہ کی 2.4 ملین کی مجموعی آبادی میں سے تقریباﹰ 1.4 ملین فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔
Published: undefined
غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت نے آج بتایا کہ اس تنگ ساحلی لیکن بہت گنجان آبادی فلسطینی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مزید 104 افراد ہلاک ہو گئے۔ وزارت صحت کے مطابق تازہ اسرائیلی کارروائیوں میں مزید 162 افراد زخمی بھی ہو گئے۔
Published: undefined
یوں گزشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل میں فلسطینی تنظیم حماس کے دہشت گردانہ حملے کے فوری بعد شروع ہونے والی غزہ کی جنگ میں فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 31,923 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد بھی 74,096 بنتی ہے۔ غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں عام شہری یا عسکریت پسند ہونے کے حوالے سے کوئی تفریق نہیں کی جاتی تاہم اقوام متحدہ کی طرف سے یہ اعداد و شمار زیادہ تر درست اور قابل اعتماد سمجھے جاتے ہیں۔
Published: undefined
اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ غزہ پٹی کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا میں پیر کو علی الصبح دوسری مرتبہ جو بڑی عسکری کارروائی کی گئی، اس میں الشفا کمپلیکس میں چھپے ہوئے 90 کے قریب ایسے جنگجو ہلاک کر دیے گئے، جن کا تعلق حماس کے عسکری بازو سے تھا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس نے الشفا ہسپتال میں آپریشن کے دوران وہاں سے تقریباﹰ 160 عسکریت پسندوں کو حراست میں بھی لے لیا۔
Published: undefined
اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ اس کی اسپیشل فورسز نے شمالی غزہ میں اب تک محض جزوی طور پر کام کرنے والی چند گنی چنی طبی تنصیبات میں سے ایک کے طور پر الشفا ہسپتال میں یہ کارروائی پیر کو طلوع آفتاب سے قبل کی اور اس دوران اسرائیلی انفنٹری کو ٹینکوں اور توپ خانے کی مدد بھی حاصل تھی۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ فوج کو ملنے والی ''خفیہ معلومات کے مطابق الشفا ہسپتال میں حماس کے جنگجو چھپے ہوئے تھے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined