کرکٹ

وراٹ کوہلی نے روہت کے ساتھ تلخی کی خبروں کو بتایا ’بکواس‘

روہت کے ساتھ اختلافات کی خبروں پر وراٹ نے کہا کہ اگر میں کسی شخص کو پسند نہیں کرتا ہوں تو یہ بات آپ میرے چہرے پر پڑھ سکتے ہیں یا اسے میرے رویے میں دیکھ سکتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ روہت کی تعریف کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ممبئی: ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے پیر کو واضح طور پر کہا کہ ان کے اور ون ڈے نائب کپتان روہت شرما کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وراٹ نے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے پیر کو پریس کانفرنس میں صاف طور پر کہہ دیا کہ ٹیم میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وراٹ کے ساتھ موجود کوچ روی شاستری نے ان خبروں کو لغو قرار دیا۔ عالمی کپ میں ٹیم انڈیا کے سیمی فائنل میں باہر ہونے کے بعد ایسی خبریں آنے لگی تھیں کہ ٹیم میں اندرونی اختلافات ہے اور وراٹ اور ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان روہت کے درمیان اختلافات ہیں۔ ان اختلافات میں وراٹ کی بیوی انوشکا شرما اور روہت کی بیوی رتیکا ساجده کو بھی شامل کر لیا گیا تھا۔ یہ خبریں برابر آ رہی تھیں کہ ان کھلاڑیوں کی بیویاں سوشل میڈیا پر کرکٹروں کو ان فالو کر رہی ہیں۔

Published: undefined

ہندستانی کپتان سے جب ٹیم میں اختلافات کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں میں نے بھی ایسا سنا ہے۔ یہ سب کچھ باہر سے سننے کو ملتا ہے۔ لیکن میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ٹیم کے اندر ماحول اچھا نہیں ہوتا تو گزشتہ دو تین برسوں میں ہم ہر شکل میں ویسی اچھی کارکردگی نہیں کر پاتے جیسا ہم مسلسل کر رہے ہیں۔ ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری کارکردگی میں تسلسل رہتا ہے۔

Published: undefined

روہت کے ساتھ اختلافات کی خبروں پر وراٹ نے کہا کہ اگر میں کسی شخص کو پسند نہیں کرتا ہوں تو یہ بات آپ میرے چہرے پر پڑھ سکتے ہیں یا اسے میرے رویے میں دیکھ سکتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ روہت کی تعریف کی ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک اچھے شخص ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ یہ عجیب سی بات ہے کہ ایسی خبریں کہاں سے آتی ہیں اور ایسی باتوں سے کس کو فائدہ ہوتا ہے۔

Published: undefined

کوچ شاستری نے کپتان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم تمام فارمیٹ میں اچھا مظاہرہ کر رہی ہے اور یہ تسلسل ایک اچھے ٹیم ماحول کی وجہ سے ہے۔ شاستری نے کچھ سخت الفاظ میں اس طرح کی خبروں کو لغو قرار دیا۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے کل ایک ریلیز جاری کر کے بتایا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر جانے سے قبل کپتان وراٹ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے لیکن جب پریس کانفرنس شروع ہوئی تو وراٹ کے ساتھ شاستری بھی موجود تھے۔ شاستری کا کوچ کے طور پر یہ آخری دورہ ہے اور اس دورے کے بعد ہندستانی ٹیم کا نیا کوچ منتخب کیا جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined