کرکٹ

وراٹ نے توڑا سچن کا ریکارڈ، یک روزہ کرکٹ میں بنائے سب سے تیز 10 ہزار رن

ہندوستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر سچن تندولکر نے 10 ہزار رن بنانے کے لیے 259 اننگز کھیلی تھیں جبکہ وراٹ کوہلی نے محض 205 اننگز میں ہی یہ ہدف پورا کرلیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا وراٹ کوہلی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ’کرکٹ کے بھگوان‘ تصور کیے جانے والے سچن تندولکر کا یک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے تیز 10 ہزار رن بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ وراٹ کوہلی نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میں حاصل کیا۔ بدھ کے روز جب انھوں نے اپنی اننگز کا 81 واں رن بنایا تو یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ وراٹ کوہلی نے 10 ہزار رن بنانے کے لیے 205 اننگز کا انتظار کیا جب کہ سچن تندولکر نے یہ کامیابی اپنی 259 ویں اننگز میں حاصل کی تھی۔

Published: 24 Oct 2018, 7:09 PM IST

وشاکھاپٹنم میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے یک روزہ کرکٹ میچ سے قبل وراٹ کوہلی نے 204 اننگز کھیلی تھیں جن میں 58 سے زیادہ کے اوسط سے 9919 رن بنائے تھے۔ وراٹ عمر کے لحاظ سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے نوجوان کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے ایسا 29 سال 353 دن میں کیا ہے جب کہ اس معاملے میں یہ ریکارڈ سورو بھ گانگولی کے نام ہے جنھوں نے 27 سال 341 دن کی عمر میں 10 ہزار رن مکمل کیے تھے۔

Published: 24 Oct 2018, 7:09 PM IST

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی جانب سے سچن تندولکر، سورو بھ گانگولی، راہل دراوڈاور مہندر سنگھ دھونی نے ہی یک روزہ کرکٹ میں 10 ہزار رن بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ گویا کہ یک روزہ کرکٹ میں رن بنانے کے معاملہ میں وراٹ کوہلی اب صرف انہی ہندوستانی کھلاڑیوں سے پیچھے ہیں۔سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی 328 میچ میں 10123 رن، راہل دراوڑ 344 میچ میں 10889 رن، سوربھ گانگولی 311 میچ میں 11363 رن اور سچن تندولکر 463 میچ میں 18426 رن بنا کر وراٹ سے آگے ہیں۔

10 ہزار رن بنانے والے دیگر بلے بازوں میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا (14234)، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ (13704)، سری لنکا کے سنت جے سوریہ (13430)، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے (12650)، پاکستان کے انضمام الحق (11739)، جنوبی افریقہ کے جیکس کیلس (11579)، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا (10405) اور سری لنکا کے تلک رتنے دلشان (10290) شامل ہیں۔

ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے وراٹ کوہلی کے اس کارنامہ پر ٹوئٹ کر انھیں مبارک باد پیش کی ہے۔ انھوں نے وراٹ کی بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے نہ صرف 10 ہزار رن پورا کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے بلکہ انھیں اسی طرح آگے بھی تیزی کے ساتھ رن بنانے کی دعا بھی دی ہے۔

Published: 24 Oct 2018, 7:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 24 Oct 2018, 7:09 PM IST